1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمقبوضہ فلسطینی علاقے

اسرائیلی ٹینک اور فوجی غزہ پٹی کے اندر تک پہنچ گئے، اسرائیل

2 نومبر 2023

اسرائیل کے مطابق اس کے فوجی دستے اور ٹینک اب غزہ پٹی کے اندر تک پہنچ گئے ہیں۔ دریں اثناء غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک نو ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیل کے مطابق اس کے فوجی دستے اور ٹینک اب غزہ پٹی کے اندر تک پہنچ گئے ہیں
اسرائیلی ٹینک اور فوجی غزہ پٹی کے اندر تک پہنچ گئے، اسرائیلتصویر: Evelyn Hockstein/REUTERS

اسرائیلی دستے غزہ پٹی کے علاقے میں بڑے پیمانے پر شروع کیے گئے زمینی فوجی آپریشن میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسز کی 162ویں ڈویژن کے کمانڈر اٹسک کوہن کے مطابق یہ فوجی اب غزہ کے اندر تک پہنچ گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان ڈینیئل ہاگیری نے صحافیوں کو بتایا، ''آئی ڈی ایف کے فوجی غزہ سٹی کے علاقے کی طرف پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں اور حماس کے دہشت گردوں کے ساتھ دو بدو لڑائی کر رہے ہیں۔‘‘

اسرائیلی فوج کے مطابق حماس کی بہت سی صلاحیتوں کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی اسٹریٹیجک تنصیبات پر بھی حملے کیے گئے ہیں۔ فوج کے مطابق غزہ پٹی میں منگل سے جاری لڑائی میں اس کے 16 فوجی مارے جا چکے ہیں۔

 غزہ سٹی اس فلسطینی علاقے کا سب سے بڑا اور گنجان آباد شہر ہے۔ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے اندازوں کے مطابق غزہ کے شمالی علاقوں سے تقریباً آٹھ لاکھ باشندے نقل مکانی کر چکے ہیں۔

اسرائیلی ٹینک اور فوجی غزہ پٹی کے اندر تک پہنچ گئے، اسرائیلتصویر: Maya Alleruzzo/AP Photo/picture alliance

غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ

دریں اثناء غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 9000 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس وزارت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ 9061 افراد مارے جا چکے ہیں، جن میں 3760 بچے بھی شامل ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 32 ہزار افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں۔

اسرائیل نے سات اکتوبر کو حماس کے دہشت گردانہ حملے کے بعد سے فضائی اور زمینی کارروائی کا آغاز کر رکھا ہے۔ اس حملے میں تقریباﹰ 14 سو اسرائیلی مارے گئے تھے۔

غزہ سے سینکڑوں غیر ملکیوں کا انخلا

آج جمعرات دو نومبر کو مزید سینکڑوں غیر ملکی باشندوں کو رفح بارڈر کراسنگ کے راستے محاصرہ شدہ غزہ پٹی سے نکالا جا رہا ہے۔ کل بدھ کے روز کم از کم 320 غیر ملکی شہریوں اور درجنوں شدید زخمی فلسطینیوں کو اسی راستے سے مصر میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی۔ ایسا اسرائیل، مصر اور عسکریت پسند گروپ حماس کے درمیان ایک معاہدے کے تحت ممکن ہوا تھا۔

غزہ سے سینکڑوں غیر ملکیوں کا انخلاتصویر: Mohammed Abed/AFP/Getty Images

مصر کے مطابق وہ 60 ممالک کے ایسے تقریبا آٹھ ہزار شہریوں کو غزہ سے نکالنے میں مدد دے گا، جن کے پاس دوہری شہریت ہے۔ گزشتہ روز غیرملکیوں کے جس گروپ کا انخلا عمل میں آیا، اس میں امریکہ، برطانیہ، جاپان، فرانس، آسٹریلیا، بلغاریہ اور جرمنی کے شہری شامل تھے۔

جبالیہ مہاجر کیمپ میں 195 ہلاکتیں

غزہ میں عسکریت پسند گروہ حماس کی حکومت کے مطابق اس ہفتے جبالیہ مہاجر کیمپ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 195 افراد مارے گئے۔ ایک بیان کے مطابق 120 افراد لاپتہ ہیں اور ممکنہ طور پر تباہ شدہ عمارات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ زخمیوں کی تعداد 777 بتائی جا رہی ہے۔ تاہم ان اعداد و شمار کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں ہے۔

غزہ پر حملے: بولیویا نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کر دیے

جبالیہ شہر کے مضافات میں واقع اسی نام کا مہاجر کیمپ فلسطینی پناہ گزینوں کا سب سے بڑا کیمپ ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے جبالیہ کیمپ پر حملہ کرتے ہوئے حماس کے دو کمانڈروں کو نشانہ بنایا، جو جان بوجھ کر غزہ کے شہریوں کو خطرے میں ڈال رہے تھے۔

غزہ میں 16 ہسپتال مریضوں کا علاج کرنے کے قابل نہیں رہے

غزہ پٹی میں وزارت صحت کے مطابق ایندھن کی کمی کی وجہ سے اس خطے کے 35 میں سے 16 ہسپتال اب مریضوں کا علاج کرنے کے قابل نہیں رہے۔ وزارت صحت کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق باقی ہسپتال بھی صرف محدود حد تک ہی مریضوں کی طبی دیکھ بھال کر سکتے ہیں۔

اسرائیل نے غزہ پٹی کی مکمل ناکہ بندی کر رکھی ہے اور وہاں ایندھن، بجلی اور پانی کی فراہمی چند ہفتوں سے منقطع ہے۔ ہسپتالوں کے جنریٹرز کو بیک اپ بجلی پیدا کرنے کے لیے ایندھن کی ضرورت پڑتی ہے۔

دریں اثنا اقوام متحدہ کے ہنگامی بنیادوں پر امداد کے لیے رابطہ دفتر 'او سی ایچ اے‘ نے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ زندگیاں بچانے والے آلات کو چلانے کے لیے ایندھن کی اشد ضرورت ہے۔ دوسری جانب اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ غزہ کو ایندھن کی ترسیل کی اجازت نہیں دے رہا کیونکہ اسے خدشہ ہے کہ عسکریت پسند  تنظیم حماس اس ایندھن کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرے گی۔

ا ا / ش ر، م م (روئٹرز، ڈی پی اے، اے پی، اے ایف پی)

اسرائیلی یرغمالی خاتون بحفاظت اپنے گھر پہنچ گئی

02:20

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں