1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل: سائبر حملوں سے متعدد سرکاری ویب سائیٹس غیر فعال

15 مارچ 2022

اسرائیلی میڈیا کے ذریعے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل میں بظاہر سائبر حملے کے سبب متعدد سرکاری ویب سائیٹس بند ہو گئیں۔ اس سے محکمہ صحت، داخلہ اور انصاف جیسی وزارتیں بری طرح متاثر ہوئیں۔

Symbolbild Laptop Cyberattacke
تصویر: Dominic Lipinski/PA Wire/picture alliance

اسرائیل کے میڈیا نے 14 مارچ پیر کے روز اطلاع دی کہ بڑے پیمانے پر ہونے والے ایک سائبر حملے نے حکومت کی متعدد ویب سائیٹس کو پوری طرح سے ناکارہ بنا کر رکھ دیا۔ وزارت دفاع نے سرکاری نشریاتی ادارے 'کے اے این ٹی وی' کو بتایا کہ ممکنہ طور پر اسرائیلی حکومت کے خلاف سائبر حملے کی وجہ سے اس کی بیشتر ویب سائیٹس کریش ہو کر رہ گئیں۔

معروف اخبار یروشلم پوسٹ نے اطلاع دی ہے کہ مبینہ طور پر ایران سے وابستہ ایک ہیکر گروپ نے اس بظاہر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔  پیر کے روز ہونے والے اس سائبر حملے کے سبب وزارت صحت، داخلہ اور انصاف کی وزارتوں کے ساتھ ساتھ کچھ وقت کے لیے وزیر اعظم کا دفتر بھی بند ہو کر رہ گيا۔

اسرائیل کی حکومت نے بعد میں کہا کہ کچھ ویب سائیٹس تک اب رسائی بحال کر دی گئی ہے۔ سائبر سکیورٹی سے متعلق ادارے نے اپنے بیان میں کہا،’’حملے کے نتیجے میں متعدد ویب سائیٹس خاص طور پر سرکاری ویب سائیٹس، تک رسائی کچھ وقت کے لیے رک گئی تھی، تاہم اب ان تمام ویب سائیٹس کی سرگرمیاں معمول پر آرہی ہیں۔‘‘

تصویر: Valentyn Ogirenko/REUTERS

 اخبار یروشلم پوسٹ کی اطلاعات کے مطابق حملے کے سبب کچھ  حکومتی ویب سائیٹس کے ہوم پیجز نیچے چلے گئے تھے تاہم اس کے باوجود سب ڈومین کام کرتے رہے۔

ادھر ایران کے سرکاری ٹی وی نے ایک بیان میں کہا کہ ایران نے اپنے فردو کے جوہری پلانٹ پر ہونے والے حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔ ایران ماضی میں ملک کی جوہری تنصیبات پر ہونے والے حملوں کا الزام اسرائیل پر عائد کرتا رہا ہے۔

گزشتہ برس ایران کے نطنز جوہری پلانٹ میں ایک دھماکہ ہوا تھا جس کے بارے میں اسرائیلی میڈیا میں کہا گيا تھا کہ یہ خفیہ کارروائی سائیبر حملے کا نتیجہ تھی۔ تاہم ایران کے سرکاری میڈیا نے اس کی یہ کہہ کر تردید کی تھی کہ یہ کوئی سائیبر حملہ نہیں تھا بلکہ اس میں محدود پیمانے کا دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔

ص ز/ ک م (ڈی پی اے)

یوکرائن پر روسی حملہ: سائبر جنگ کا منظر نامہ

03:52

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں