ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی۔ امریکا نے ان کے بیان کو سامیت مخالف بتا تے ہوئے اس پر نکتہ چینی کی ہے۔
اشتہار
امریکا نے 18 مئی منگل کے روز غزہ پر اسرائیلی حملوں سے متعلق ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن کے بیان کو سامیت مخالف قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا تھا، ''امریکا یہودیوں کے حوالے سے صدر طیب ایردوآن کے حالیہ سامیت مخالف بیانات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اسے قابل افسوس قرار دیتا ہے۔''
ان کا کہنا تھا، ''ہم صدر ایردوآن اور ترکی کے دیگر رہنماؤں پر زور دیتے ہیں کہ وہ ایسے نا زیبا بیانات سے گریز کریں جس سے تشدد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہو۔''
ایردوآن نے کیا کہا تھا؟
ترکی کے صدر نے اسرائیل پر فلسطینی عوام کے خلاف دہشت گردانہ کارروائی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ، ''یہ ان کی فطرت میں ہے۔'' ایردوآن نے اسرائیلی بمباری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا، ''وہ قاتل ہیں، یہاں تک کہ وہ پانچ،چھ برس کی عمر کے بچوں کو بھی مار دیتے ہیں۔ انہیں صرف ان کے خون چوسنے سے ہی سکون حاصل ہوتا ہے۔''
ترک صدر طیب ایردوآن کھل کر بڑے فعال انداز میں فلسطینیوں کی حمایت اور ان کے دفاع میں آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ چونکہ امریکا اسرائیل کی حمایت کرتا ہے اس لیے امریکی صدر جو بائیڈن کے ہاتھ بھی فلسطینیوں کے لہو سے آلودہ ہیں۔
کیا اس سے امریکا اور ترکی کے رشتے متاثر ہوں گے؟
واشنگٹن اور انقرہ کے درمیان تعلقات پہلے سے ہی کشیدہ ہیں اور اس طرح کی بیان بازی سے دونوں میں رشتے مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
جنہيں قسمت نے ہمسايہ بنا ديا: ايک مسلمان، ايک يہودی
02:33
گزشتہ برس جنوری میں جو بائیڈن نے نیو یارک ٹائمز کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران ایردوآن کو طاقت ور آمر سے تعبیر کیا تھا۔عہدہ صدرات سنبھالنے کے بعد انہوں نے اپنے ترک ہم منصب کے خلاف سخت موقف اپنانے کی بھی بات کہی تھی۔
گزشتہ ماہ ہی بائیڈن انتظامیہ نے سن 1915 سے 1917کے درمیان خلافت عثمانیہ کے دور میں آرمینیائی قتل عام کو نسل کشی قرار دیا تھا۔ آئندہ ماہ برسلز میں نیٹو کی ایک میٹنگ ہونے والی، جس میں پہلی مرتبہ دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات کی توقع ہے۔
ص ز/ ج ا (اے ایف پی، روئٹرز)
اسرائیل فلسطین تنازعہ، دو سو سے زائد فلسطینی ہلاک
اسرائیل اور فلسطین حالیہ تاریخ کے بدترین تنازعہ میں گھرے ہوئے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ پٹی پر فضائی بمباری اور حماس کے جنگجوؤں کی جانب سے اسرائیل میں راکٹ داغنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک نظر اس تنازعہ پر
تصویر: Fatima Shbair/Getty Images
اسرائیل پر راکٹ داغے گئے
دس مئی کو حماس کی جانب سے مشرقی یروشلم میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر اسرائیل پر راکٹ داغے گئے۔ اسرائیل کی جانب سے جوابی کارروائی میں غزہ پر بھاری بمباری کی گئی۔ تشدد کا یہ سلسلہ مشرقی یروشلم میں فلسطینیوں اور اسرائیلی سکیورٹی فروسزکے درمیان تصادم کے بعد شروع ہوا۔
تصویر: Fatima Shbair/Getty Images
تل ابیب میں راکٹ داغے گئے
گیارہ مئی کو اسرائیل کی جانب سے غزہ کے مرکز میں بمباری کی گئی جوابی کارروائی کرتے ہوئے حماس کی جانب سے تل ابیب میں راکٹ داغے گئے۔
تصویر: Cohen-Magen/AFP
فرقہ وارانہ تشدد
اگلے روز اسرائیل میں فلسطینی اور یہودی آبادیوں میں تناؤ اور کشیدگی کی رپورٹیں آنا شروع ہوئی۔ اور فرقہ وارانہ تشدد کے باعث ایک اسرائیلی شہری ہلاک ہوگیا۔ پولیس کی جانب سے تل ابیب کے ایک قریبی علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ پولیس نے چار سو سے زائد عرب اور یہودی افراد کو حراست میں لے لیا۔
تصویر: Cohen-Magen/AFP
ہنگامی اجلاس
بارہ مئی کو روس کی جانب سے یورپی یونین، امریکا اور اقوم متحدہ کے اراکین کے ساتھ اس بگڑتی صورتحال پر ایک ہنگامی اجلاس بلایا گیا۔
تصویر: Ahmad gharabli/AFP
جنگی گاڑیاں اور فوجی تعینات
تیرہ مئی کو اسرائیل کی جانب سے غزہ کی سرحد کے پاس جنگی گاڑیاں اور فوجی تعینات کر دیے گئے۔ اگلے روز اسرائیل کے زیر انتظام مغربی کنارے میں فلسطینیوں اور اسرائیلی پولیس کے درمیان جھڑپوں میں گیارہ افراد ہلاک ہو گئے۔
تصویر: Mussa Qawasma/REUTERS
مہاجرین کے کیمپ پر اسرائیلی بمباری
پندرہ مئی کو غزہ میں قائم مہاجرین کے کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے ایک ہی خاندان کے دس افراد ہلاک ہو گئے۔ کچھ ہی گھنٹوں پر اسرائیلی نے بمباری کرتے ہوہے ایک ایسی عمارت کو مسمار کر دیا گیا جس میں صحافتی ادارے الجزیرہ اور اے پی کے دفاتر تھے۔ اس عمارت میں کئی خاندان بھی رہائش پذیر تھے۔ بمباری سے ایک گھنٹہ قبل اسرائیل نے عمارت میں موجود افراد کو خبردار کر دیا تھا۔
تصویر: Mohammed Salem/REUTERS
حماس کے رہنماؤں کے گھروں پر بمباری
اگلے روز اسرائیل کی جانب سے حماس کے مختلف رہنماؤں کے گھروں پر بمباری کی گئی۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق ان حملوں میں بیالیس فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ اقوام متحدہ کے سکریڑی جنرل کی جانب سے اس تنازعہ کو فوری طور پر ختم کیے جانے کی اپیل کی گئی۔
تصویر: Mahmud Hams/AFP
'اسلامک اسٹیٹ' کا ایک کمانڈر ہلاک
سترہ مئی کو دہشت گرد تنظیم 'اسلامک اسٹیٹ' کی جانب سے کہا گیا کہ اسرائیلی بمباری میں ان کا ایک کمانڈر ہلاک ہو گیا ہے۔ دوسری جانب اقرام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں امریکا کی جانب سے تیسری مرتبہ اسرائیلی فلسطینی تنازعہ پر اس مشترکہ بیان کو روک دیا گیا جس میں تشدد کے خاتمے اور شہریوں کو تحفظ پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
تصویر: Said Khatib/AFP
دو سو سے زائد فلسطینی ہلاک
اس حالیہ تنازعہ میں اب تک دو سو سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں سے قریب ساٹھ بچے ہیں۔ تیرہ سو سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تصویر: Ahmad Gharabli/AFP/Getty Images
تین ہزار سے زائد راکٹ فائر کئے گئے
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حماس کی جانب سے تین ہزار سے زائد راکٹ فائر کئے گئے ہیں جن کے باعث ایک بچے سمیت دس اسرائیلی شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔
ب ج، ا ا (اے ایف پی)