1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل: مذہبی تقریب میں بھگدڑ، درجنوں ہلاک

30 اپریل 2021

شمالی اسرائیل کے میرون شہر میں یہودیوں کے بومر تہوار میں ہزاروں افراد موجود تھے جہاں بھگدڑ کی وجہ سے درجنوں افراد ہلاک اور بہت سے زخمی ہو گئے۔

Israel Berg Meron Lag BaOmer Fest Tribüne
تصویر: Jalaa Marey/AFP/Getty Images

اسرائیل کے شمالی شہر میرون میں 29 اپریل جمعرات کی رات کو ایک بڑی مذہبی تقریب میں بھگدڑ مچ جانے سے درجنوں افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ اس شہر میں یہودیوں کے ایک مقبول مذہبی میلے 'لاگ بومر' میں شرکت کے لیے ہزاروں افراد جمع ہوئے تھے۔ امدادی کارکنان کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کم سے کم 38 افراد ہلا ک ہوئے ہیں جبکہ دیگر درجنوں لوگ زخمی ہو گئے۔

اسرائیلی ایمرجنسی سروس کے ایک ترجمان زاکی ہیلر کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں، ''زخمی ہونے والے بیس افراد کی حالت نازک ہے۔ ان کے علاوہ دیگر درجنوں افراد کا علاج کیا جا رہا ہے۔''   

اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اس واقعے کو بڑی تباہی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا، ''ہم سب متاثرہ افراد کی بھلائی کے لیے دعا گو ہیں۔'' صدر ریوین ریولن نے بھی اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ اس واقعے پر ان کی نظر ہے اور وہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کر رہے ہیں۔

تصویر: David Cohen/REUTERS

فوری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں ہو پائی کی آخر اتنے بڑے اجتماع کے دوران بھگدڑ کا یہ واقعہ کس وجہ سے پیش آیا۔ تاہم مقامی میڈیا کی ابتدائی رپورٹوں کے مطابق جہاں پروگرام ہو رہا تھا اس اسٹیڈیم میں نشست کا ایک حصہ اچانک ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے افراتفری مچ گئی۔

 بعد میں حکام نے بتایا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بھگدڑ مچنے پر زیادہ تر لوگ دم گھٹنے یا پھر بھگدڑ میں روند جانے کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔

کووڈ کے خطرات کے باوجود اجتماع

لاگ بومر کی یہ سالانہ تقریب میرون میں دوسری صدی کے معروف ربی شمعون بار یوچیائی کے مقبرے کے قریب منعقد کی جاتی ہے جس میں عموماً لوگ بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔ گزشتہ برس کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اسے منسوخ کر دیا گیا تھا۔

تصویر: Jalaa Marey/AFP/Getty Images

اس برس بھی محکمہ صحت کے حکام نے خبردار کیا تھا کہ اس طرح کے بڑے اجتماع سے وبا کے پھیلنے کا خدشہ ہے تاہم اس تنبیہ کے باوجود اس کے اہتمام کی اجازت دی گئی۔

 حکام نے مقبرے کے آس پاس صرف دس ہزار افراد کے جمع ہونے کی اجازت دی تھی تاہم اس کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں سے ساڑھے چھ سو سے زیادہ خصوصی بسوں میں سوار ہو کر تیس ہزار سے بھی زیادہ لوگ میرون پہنچے تھے۔ 

ان کی حفاظت کے لیے تقریباً پانچ ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ تقریب کے دوران جگہ جگہ آگ روشن کرنے کا اہتمام کیا جاتا ہے اور پولیس حکام اس سے بھی باز رہنے کے احکامات دے رہے تھے۔

ص ز/  ج ا  (ڈی پی اے، روئٹرز، اے ایف پی)

’ایران سے خطرہ‘، اسرائیل نے میزائل دفاعی نظام فعال کر دیا

01:06

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں