1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل: نئی حکومت کا قیام

18 مارچ 2013

اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے چھ ہفتوں کی مشاورت کے بعد نئی حکومت کے قیام کو حتمی شکل دے دی ہے۔ صدر کو بھی حکومت کی تشکیل بارے مطلع کر دیا گیا ہے۔ ان کی کابینہ آج حلف اٹھا سکتی ہے۔

تصویر: picture-alliance/dpa

اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے تین مختلف پارٹیوں سے مشاورت کا عمل مکمل کرتے ہوئے اپنی نئی حکومت کو حتمی شکل دے دی ہے۔ نیتن یاہو نے اتوار کے روز صدر شمعون پیریز سے ملاقات کر کے انہیں بھی حکومت سازی کا عمل مکمل کرنے کے بارے میں تفصیلات دیں۔ اسرائیل کی نئی حکومت کے وزراء کے نام آج پیر کے روز پارلیمنٹ میں پیش کیے جائیں گے اور ایوان کی منظوری کے بعد وزراء حلف اٹھائیں گے۔

اسرائیل کے نئے وزیر دفاع موشے یالونتصویر: picture-alliance/dpa

بینجمن نیتن یاہو کی نئی حکومت میں چار سیاسی پارٹیاں شریک ہیں۔ ان کی اپنی لیکود پارٹی کی پرانی اتحادی بیت نو اسرائیل پارٹی کے علاوہ یش عتید، جیوش ہوم پارٹی اور ہاتونہ (Hatunah) شامل ہیں۔ نئی حکومت میں ان دونوں کو ایک پارٹی کے طور پر لیا گیا ہے۔ نیتن یاہو نے اپنی نئی حکومت میں سکیورٹی کابینہ کے اراکین میں بھی کمی کر دی ہے۔ اب یہ پندرہ ارکان کے بجائے سات وزراء پر مشتمل ہو گی۔

نیتن یاہو نے وزارت خارجہ کا قلمدان سرِ دست اپنے پاس ہی رکھا ہے۔ اگر انکوائری کے زمرے میں آئے ہوئے سابق وزیر خارجہ ایویگڈور لیبرمان پر لگے الزامات صاف ہو گئے تو وہ دوبارہ اس منصب کو سنبھال لیں گے۔ وزیر دفاع کے لیے اسرائیلی ڈیفنس فورس کے سابق سربراہ موشے یالون کو نامزد کیا گیا ہے۔ موشے یالون فلسطینی علاقوں میں نئی یہودی بستیوں کی تعمیر کے کھلے حامی ہیں۔ نئے وزیر دفاع فلسطینی امن مذاکرات پر بھی سخت مؤقف رکھتے ہیں۔ موشے یالون نیتن یاہو کی سابقہ حکومت میں اسٹریٹیجیک امور کے وزیر تھے۔ وزارت دفاع کا منصب نیتن یاہو کی ختم ہونے والی حکومت میں ایہود باراک کے پاس تھا۔ یالون ایران پر حملے کی جگہ سفارت کاری کو اہمیت دیتے ہیں۔

یش عتید کے سربراہ یائیر لاپید اور جیوش ہوم پارٹی کے سربراہ نفتالی بینیٹتصویر: GALI TIBBON/AFP/Getty Images

بینجمن نیتن یاہو کی نئی کابینہ میں گزشتہ حکومت کے سات وزرا کو مختلف وزارتوں کی پیشکش کی گئی ہے۔ نیتن یاہو اپنی جماعت کے کچھ اور اراکان پارلیمان کو ڈپٹی وزیر یا پارلیمانی کمیٹیوں کی سربراہی دینے پر بھی غور کر رہے ہیں۔ نئی کابینہ میں اسرائیل بیت نو پارٹی کو ابھی وزارتیں نہیں دی گئی ہیں۔ اس پارٹی نے رواں برس بائیس جنوری کے پارلیمانی انتخابات میں لیکود پارٹی کے ساتھ ایک بلاک کا حصہ بنتے ہوئے شرکت کی تھی۔ اس بلاک کو کل 31 سیٹیں حاصل ہوئیں تھیں۔

پارلیمنٹ میں 19 نشستیں حاصل کرنے والی یش عتید کے سربراہ یائیر لاپید (Yair Lapid) کو وزارت خزانہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔ جیوش ہوم پارٹی نے بارہ سیٹیں حاصل کی تھیں اور اس کے سربراہ نفتالی بینیٹ (Naftali Bennett) کو وزارت اقتصادیات و تجارت کا منصب دیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ میں چھ نشستیں رکھنے والی ہاتونہ پارٹی کی سربراہ اور اسرائیل کی سابق وزیرخارجہ سیپی لیونی کو وزارت انصاف تفویض کی گئی ہے۔

(ah/at(dpa

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں