1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل پر فلسطینیوں کو ویکسین سے محروم رکھنے کا الزام

11 جنوری 2021

اسرائیل تیزی سے اپنے شہریوں کو کووڈ ویکسین لگانے والا ملک بن چکا ہے۔ تاہم فلسطینیوں کا الزام ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں انہیں ویکسین سے محروم رکھا جارہا ہے۔

Israel Benjamin Netanjahu wird gegen COVID-19 geimpft
تصویر: Amir Cohen/REUTERS

فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیل پر اپنی ذمہ داریوں سے گریز کرنے کا الزام لگایا ہے۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ دوا ساز کمپنی آ سٹرا زینکا سے معاہدے کے تحت انہیں کووڈ انیس ویکسین کی پہلی خوراک مارچ تک ملنے کی توقع ہے۔

فلسطینی صحت عامہ کے ڈائریکٹر جنرل یاسر بوزیاہ نے خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ آسٹرازینکا کے ساتھ ویکسین کے لیے اصولی طور پر ایک معاہدہ ہوگیا ہے۔ لیکن فلسطینی حکام موڈرینا، جانسن اینڈ جانسن اور روس کے تیار کردہ اسپوتنک ویکسین کے حصول کی بھی کوشش کررہے ہیں۔

اس کے علاوہ غریب اور متوسط آمدنی والے ملکوں کے لیے عالمی ادارہ صحت کے ویکسین پروگرام کے تحت بھی فلسطینیوں کو ویکسین ملنے کی توقع ہے۔

روئٹرز نے جب ویکسین کے حوالے سے آسٹرازینکا کو ای میل کیا تو دوا ساز کمپنی کی جانب سے فوری طورپر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

فلسطینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ''اسرائیل ایک قابض طاقت کے طورپر اپنی ذمہ داریوں سے منہ موڑ کر نسلی امتیازکا ارتکاب کرتے ہوئے فلسطینی عوام کو ان کی صحت کی دیکھ بھال کے حق سے محروم کررہا ہے۔"

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ''فلسطینی قیادت کی جانب سے مختلف ذرائع سے ویکسین حاصل کرنے کی کوششوں کے باوجود اسرائیل فلسطینی عوام کو ویکسین فراہم کرنے کی اپنی ذمہ داریوں سے بچ نہیں سکتا ہے۔"

مزيد فلسطينی علاقہ ضم کرنے کے اسرائيلی منصوبے پر احتجاج

01:30

This browser does not support the video element.

اسرائیل کے ساتھ عبوری امن معاہدہ کے تحت فلسطینی اتھارٹی کو مغربی کنار ے میں محدود اختیارات حاصل ہیں جبکہ غزہ میں حماس کا کنٹرول  ہے۔

اسرائیل کے ویکسینیشن پروگرام میں ملک کے عرب شہری اور مشرقی یروشلم کے فلسطینی رہائشی شامل ہیں۔اسرائیل غرب اردن میں رہنے والے اسرائیلی آبادکاروں کو بھی ویکسین مہیا کرچکا ہے لیکن فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت رہنے والے کسی بھی فلسطینی رہائشی کو ویکسین نہیں دی گئی ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت دیگر حقوق انسانی کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں فلسطینیوں کو ویکسین فراہم کرنا اسرائیل کی قانونی ذمہ داری ہے۔ دوسری طرف اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل اپنی ضرورت پوری ہوجانے کے بعد ہی فلسطینیوں کو ویکسین مہیا کرنے پر غور کرے گا۔

عالمی ادارہ صحت کے ایک عہدیدار نے اتوار کے روز کہا کہ ڈبلیو ایچ او نے اسرائیلی حکام کے ساتھ 'غیر رسمی‘ بات چیت کی ہے تاکہ فلسطینی  ہیلتھ ورکروں کو ویکسین لگائی جاسکے۔ فلسطینی علاقے میں ڈبلیو ایچ او کے دفتر کے سربراہ گیرالڈ راکن شوآب کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے اس تجویز پر غور کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

ج ا / ش ج  (روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں