1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل کا دورہ کرنے کی کوشش کا الزام، صحافی گرفتار

شامل شمس9 جنوری 2014

بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے ہفت روزہ اخبار ’بلٹز‘ کے ایڈیٹر صلاح الدین شعیب چوہدری کو دس برس قبل اسلامی انتہا پسندی پر بات کرنے کے لیے اسرائیل کا دورہ کرنے کی کوشش پر سات سال کی سزا سنا دی ہے۔

MUNIR UZ ZAMAN/AFP/Getty Images
تصویر: Munir Uz Zaman/AFP/Getty Images

اڑتالیس سالہ صلاح الدین شعیب چوہدری کو ایک بنگلہ دیشی عدالت نے ملکی مفادات کو اپنے مضامین کے ذریعے نقصان پہنچانے اور اسرائیل کے ممنوعہ دورے کی کوشش کرنے کے الزام میں قصوروار پایا ہے۔

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت آیا ہے جب بنگلہ دیشی حکومت پر پہلے ہی سے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں کہ وہ مخالفین کی آواز کو دبا رہی ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش میں ہونے والے حالیہ پارلیمانی انتخابات میں کشیدگی اور حزب اختلاف جماعتوں کے انتخابات کے بائیکاٹ کی وجہ سے بھی بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت شدید تنقید کی زد میں ہے۔

ایک روز قبل بنگلہ دیش کی ایک دوسری عدالت نے پولیس کی جانب سے تشدد کی ’’غلط اطلاعات‘‘ شائع کرنے پر ایک انسانی حقوق کے کارکن پر فرد جرم عائد کی تھی۔ ملکی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے اس فیصلے پر نکتہ چینی اور احتجاج کیا گیا ہے۔

چوہدری کو نومبر دو ہزار تین میں ڈھاکے کے ایئر پورٹ پر اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ مبینہ طور پر بنگلہ دیش میں اسلامی انتہا پسندی کی اٹھان کے موضوع پر مضمون پیش کرنے کے لیے تل ابیب جانے کی کوشش کر رہے تھے۔

خیال رہے کہ مسلم ملک بنگلہ دیش کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں اور بنگلہ دیشیوں کے اسرائیل کا دورہ کرنے پر پابندی ہے۔

وکیل استغاثہ کے مطابق ’’یو ایس اے ٹو ڈے‘‘ اخبار میں چھپنے والے چوہدری کے بعض مضامین بنگلہ دیش کے ساتھ غداری کے زمرے میں آتے ہیں، اور یہ کہ ان سے بنگلہ دیش کا تشخص خراب ہوتا ہے۔

پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ چوہدری فیصلے کے وقت عدالت میں تھے، جس کے بعد ان کو جیل بھیج دیا گیا۔

وکیل دفاع پرکاش رانجن بسواس کے مطابق عدالت کا فیصلہ انتہائی غیر منصفانہ ہے،’’استغاثہ ثابت نہیں کر سکے کہ چوہدری اسرائیل جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کا ’یو ایس اے ٹو ڈے‘ کے لیے متنازعہ مضمون پیش نہیں کیا جا سکا۔‘‘

واضح رہے کہ چوہدری سن دو ہزار گیارہ سے دو ہزار چھ کے دوران خالدہ ضیا کی حکومت میں پروان چڑھنے والی اسلامی انتہا پسندی کے شدید خلاف تھے۔ اس دور میں اسلامی عسکری تنظیموں نے ملک میں متعدد بم حملے بھی کیے تھے۔ وزیر اعظم شیخ حسینہ کی سکیولر حکومت نے بہت سے صحافیوں کو دہشت گردی کی ترویج کے الزامات میں گرفتار کیا ہے۔ چوہدری کا اخبار شیخ حسینہ کی حکومت کا ناقد سمجھا جاتا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں