1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

گلوبل صمود فلوٹیلا: اسرائیل کی جانب سے روکے جانے پر ردعمل

افسر اعوان روئٹرز، اے ایف پی
2 اکتوبر 2025

اسرائیلی افواج نے غزہ کے لیے امداد اور غیر ملکی کارکنان کو لے جانے والی کشتیوں کے قافلے میں سے کچھ کو روک لیا۔ یہ بات اس بیڑے کے منتظمین نے آج جمعرات دو اکتوبر کو بتائی۔

فلوٹیلا میں شامل ایک کشتی پر اسرائیلی فوجی
اسرائیلی افواج نے غزہ کے لیے امداد اور غیر ملکی کارکنان کو لے جانے والی کشتیوں کے قافلے میں سے کچھ کو روک لیا۔تصویر: Global Sumud Flottilla/dpa/picture alliance

اسرائیل کی طرف سے اس امدادی بحری قافلے کو روکے جانے پر عالمی سطح پر تنقید کی جا رہی ہے۔

فلوٹیلا منتظمین کا بیان

''متعدد بحری کشتیوں ... کو اسرائیلی قابض افواج نے بین الاقوامی پانیوں میں غیر قانونی طور پر روکا اور ان میں داخل ہو گئے۔‘‘

غزہ مارچ یونان، بیڑے کے ایک رکن

’’یہ بین الاقوامی قانون اور سمندری قانون کی مسلسل خلاف ورزیاں اور سمندری قزاقی کے اقدامات ہیں۔‘‘

’’یونانی حکومت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عملے کی حفاظت کی ضمانت دے اور جہاز پر موجود یونانی مردوں اور عورتوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے۔‘‘

اسرائیلی وزارت خارجہ کا ایکس پر جاری کردہ بیان

’’حماس - صمود کے مسافر اپنی کشتیوں پر بحفاظت اور پرامن طریقے سے اسرائیل کی طرف جا رہے ہیں، جہاں سے ان کی یورپ ملک بدری کا عمل شروع کیا جائے گا۔ مسافر محفوظ اور اچھی صحت میں ہیں۔‘‘

اسرائیل کی طرف سے اس امدادی بحری قافلے کو روکے جانے پر عالمی سطح پر تنقید کی جا رہی ہے۔تصویر: Global Sumud Flottilla/dpa/picture alliance

فلسطینی وزارت خارجہ کا بیان

فلسطینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بیڑے کو روکنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ غزہ کی پٹی کے ساحلوں سمیت فلسطینی ''علاقائی پانیوں‘‘ پر اسرائیل کو کوئی اختیار یا خود مختاری حاصل نہیں ہے۔

فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کا بیان

حماس نے ایک بیان میں اس بیڑے کے کارکنان کی حمایت کا اظہار کیا اور بیڑے کو روکنے کو اسرائیل کا ''مجرمانہ فعل ‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی، اور اسرائیل کی مذمت کے لیے عوامی احتجاج کا مطالبہ کیا۔

برطانوی دفتر خارجہ کا بیان

’’ہم اسرائیلی حکام سے رابطے میں رہے ہیں تاکہ یہ واضح کر سکیں کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ صورتحال کو بین الاقوامی قانون کے مطابق اور جہاز پر موجود تمام افراد کے حقوق کا مناسب احترام کرتے ہوئے محفوظ طریقے سے حل کیا جائے گا۔‘‘

بیان میں مزید کہا گیا، ''بیڑے کی جانب سے لائی گئی امداد کو زمینی سطح پر انسانی ہمدردی کی تنظیموں کے حوالے کیا جانا چاہیے تاکہ اسے غزہ میں محفوظ طریقے سے پہنچایا جا سکے۔ غزہ میں خوفناک انسانی بحران کو حل کرنا اسرائیلی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اقوام متحدہ اور این جی اوز (غیر سرکاری تنظیمیں) کو انتہائی ضرورت مند شہریوں تک خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء پہنچانے کے لیے امداد پر عائد پابندیوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر اٹھایا جائے۔‘‘

کولمبیا کے صدر گستاو پیٹرو

کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے ایکس پر لکھا، ''اگر یہ معلومات درست ہیں تو یہ (اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن) نیتن یاہو کا ایک اور بین الاقوامی جرم ہے۔‘‘

ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم

’’ایک انسانی ہمدردی کے مشن کو روک کر، اسرائیل نے نہ صرف فلسطینی عوام کے حقوق بلکہ دنیا کے ضمیر کے لیے بھی مکمل حقارت کا اظہار کیا ہے۔ یہ بیڑا یکجہتی، ہمدردی اور محاصرے میں رہنے والوں کے لیے راحت کی مجسم امید ہے۔‘‘

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف

’’پاکستان 40 کشتیوں پر مشتمل صمود غزہ بیڑے پر اسرائیلی افواج کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔‘‘ ان کے ایک بیان میں مزید کہا گیا، ''اس بربریت کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ امن کو ایک موقع دیا جانا چاہیے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کو ضرورت مندوں تک پہنچنا چاہیے۔‘‘

اس بربریت کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ امن کو ایک موقع دیا جانا چاہیے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کو ضرورت مندوں تک پہنچنا چاہیے، پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریفتصویر: Sergey Guneev/SNA/IMAGO

گلوبل صمود فلوٹیلا اور اس کا سفر

تقریباً 45 کشتیوں پر مشتمل گلوبل صمود فلوٹیلا نے گزشتہ ماہ غزہ کے لیے اپنا سفر شروع کیا تھا، جس پر سویڈن کی موسمیاتی مہم چلانے والی گریٹا تھنبرگ سمیت مختلف ملکوں کے سیاستدان اور نسانی حقوق کے کارکن سوار ہیں۔ اس قافلے کا مقصد فلسطینی علاقے غزہ پٹی کے اسرائیلی محاصرے کو توڑنا تھا، جہاں اقوام متحدہ کے مطابق قحط پڑ چکا ہے۔

اسرائیلی بحریہ نے بدھ کو کارکنوں کو ان پانیوں میں داخل نہ ہونے کی وارننگ دینے کے بعد جہازوں کو روکنا شروع کر دیا تھا، جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ وہ اس کی ناکہ بندی کے تحت آتے ہیں۔ روکے جانے والی کشتیوں میں گریٹا تھنبرگ کی کشتی بھی شامل تھی۔

جمعرات تک فلوٹیلا کے ٹریکنگ سسٹم کے مطابق تقریباً 45 بحری جہازوں میں سے 30 سے ​​زیادہ کو روکا جا چکا تھا یا فرض کیا گیا تھا کہ انہیں روک لیا گیا ہے۔

ادارت: مقبول ملک، کشور مصطفیٰ

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں