اسرائیل کے لبنان پر حملے، تین بچوں سمیت تیئس افراد ہلاک
10 نومبر 2024لبنان کی وزارت صحت نے کہا کہ اتوار کو دارالحکومت بیروت کے شمال میں واقع گاؤں المت میں اسرائیلی حملے میں تین بچوں سمیت کم از کم بیس افراد ہلاک ہو گئے۔ شیعہ مسلمانوں کی اکثریت والا گاؤں المت لبنان کے مسیحی علاقے میں آباد ہے۔
یہ جنوبی بیروت اور مشرقی لبنان میں حزب اللہ کے روایتی اثر و رسوخ والے ان علاقوں سے باہر ہے، جہاں اسرائیل نے ستمبر کے آخر سے ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ تحریک کے خلاف جنگ میں شدید بمباری کی ہے۔ وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا، ''جبیل ضلع میں المت پر اسرائیلی حملے میں تین بچوں سمیت بیس افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے۔‘‘
وزارت کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیلی حملوں میں جنوب میں حزب اللہ سے وابستہ تین امدادی کارکن مارے گئے۔ قبل ازیں، لبنان کے سرکاری میڈیا نے مرکزی مشرقی شہر بعلبیک میں ایک گھر پر اسرائیلی حملے کی اطلاع دی تھی، جس سے قبل اسرائیلی فوج کی جانب سے انخلاء کی وارننگ نہیں دی گئی تھی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی این این اے نے بتایا ، ''اسرائیلی طیاروں نے شہر کے اللاقیس محلے میں ایک مکان پر حملہ کیا۔‘‘ بیروت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ہفتے کی رات اور اتوار کی صبح اسرائیل نے جنوبی اور مشرقی دیہاتوں اور دیگر مقامات پر فضائی حملے کیے ہیں۔
وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ہفتے کے روز اسرائیلی حملوں میں مشرقی لبنان میں 20 اور جنوب میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسرائیل نے 23 ستمبر سے لبنان میں حزب اللہ کو نشانہ بنانے کے لیے اپنی فضائی مہم تیز کر رکھی ہے۔
حزب اللہ اور اسرائیل کے مابین کشیدگی کا آغاز سات اکتوبر 2023 کو فلسطینی عسکریت پسند گروہ حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد غزہ کی جنگ شروع ہونے کے ساتھ ہی ہو گیا تھا۔ حزب اللہ اور حماس اتحادی اور دونوں ہی ایرانی حمایت یافتہ مسلح گروپ ہیں۔
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کے ساتھ لڑائی کے آغاز سے لے کر اب تک لبنان میں 3,130 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر 23 ستمبر کے بعد سے جاری اسرائیلی فوجی کارروئی میں مارے گئے ہیں۔
ش ر⁄ ع س، ع ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)