1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
کھیلسعودی عرب

اسلامی یکجہتی گیمز:پاکستان کے ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا

جاوید اختر (میڈیا رپورٹس)
20 نومبر 2025

پاکستان کے اولمپیئن ارشد ندیم نے ریاض میں جاری اسلامی یکجہتی گیمز میں جیولین تھرو میں سونے کا تمغہ حاصل کیا، جبکہ ان کے ہم وطن یاسر سلطان چاندی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

ارشد ندیم
ارشد ندیم اس سے قبل اولمپکس، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز اور ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں بھی میڈلز اپنے نام کر چکے ہیںتصویر: Kai Pfaffenbach/REUTERS

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری چھٹی اسلامی یکجہتی گیمز کی مردوں کے نیزہ پھینکنے کے مقابلے میں بدھ کو پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ جہاں ارشد ندیم نے توقعات کے مطابق اپنا سونے کا تمغہ برقرار رکھا، وہیں محمد یاسر نے چاندی کا تمغہ جیتا۔

اس مقابلے میں ارشد پہلے ہی سب سے آگے تھے، ان کا 92.97 میٹر کا ذاتی بہترین ریکارڈ، جس نے انہیں پیرس 2024 اولمپکس میں گولڈ اور گیمز ریکارڈ دلوایا، دیگر تمام مقابل کھلاڑیوں سے کہیں بہتر تھا۔ تاہم انہوں نے اپنے دوسرے تھرو میں 83.05 میٹر کے نسبتاً معمولی فاصلے کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا، جو پچھلی گیمز میں ان کے 88.55 میٹر کے ریکارڈ توڑنے والے تھرو سے خاصا کم تھا۔ ارشد اپنی اس کارکردگی پر تھوڑے ناخوش دکھائی دیے۔

مقابلے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ یہ کامیابی قوم کی دعاوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا، ''میں بہت خوش ہوں کیونکہ میں نے یہ اعزاز چوٹ سے واپسی کے فوراً بعد جیتا ہے۔ اب میرا فوکس 2026 کے مقابلوں کی تیاری پر ہے، کیونکہ اس سے پہلے میری تمام توجہ چوٹ، سرجری اور بحالی پر تھی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ''میں خدا کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھے دوبارہ اس سطح کی فٹنس تک پہنچنے کی توفیق دی، اور میں اس جیت پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔‘‘

ارشد ندیم اس سے قبل اولمپکس، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز اور ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں بھی میڈلز اپنے نام کر چکے ہیں۔

یاسر کو چاندی کا تمغہ

پاکستان کے ہی یاسر سلطان نے چھٹے اور آخری تھرو میں رفتار پکڑتے ہوئے 76.04 میٹر کی تھرو کے ساتھ سلور میڈل جیت لیا۔ انہوں نے نائیجیریا کے سیموئل ایڈمز کیورے کو پیچھے چھوڑا، جنہوں نے 76.01 میٹر کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کے تمغوں کے ساتھ پاکستان کی گیمز میں مجموعی تعداد چار تک پہنچ گئی۔ باکسنگ میں فاطمہ زہرا اور قدرت اللہ نے اپنی اپنی کیٹیگریز میں برانز میڈل جیتے ہیں۔

ارشد ندیم اپنی کارکردگی پر تھوڑے ناخوش دکھائی دیےتصویر: Aleksandra Szmigiel/REUTERS

مبارک بادیوں کا سلسلہ

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ اور کرکٹ کنڑول بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا، ''ویلڈن قومی ہیرو ارشد ندیم، جیت پر کوچ اور فیملی کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘‘

محسن نقوی نے کہا کہ ارشد ندیم نے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کیا ہے، ارشد ندیم کی جیت پاکستان کی فتح ہے۔ ''ارشد ندیم نے سبز ہلالی پرچم بلند کر کے قوم کو خوشی دی ہے۔ ہر پاکستانی خوش ہے اور قوم اپنے اس باصلاحیت بیٹے پر نازاں ہے۔‘‘

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے بھی ارشد اور یاسر کی شاندار کامیابی کا جشن منایا۔

انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیجز پر لکھا، ''ارشد ندیم نے ریاض میں اسلامی یکجہتی گیمز کے مردوں کے جیویلین تھرو فائنل میں 83.05 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا، جبکہ محمد یاسر نے 76.04 میٹر کی مضبوط تھرو کے ساتھ سلور جیت کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا۔‘‘

ریاض میں جاری اسلامی یکجہتی گیمز میں 38 ممالک حصہ لے رہے ہیںتصویر: picture-alliance/Pacific Press/A. Karimov

اسلامی یکجہتی گیمز کیا ہیں؟

اسلامی یکجہتی گیمز ایک کثیر القومی کھیلوں کا ایونٹ ہے جو 2005 سے منعقد ہو رہا ہے۔ یہ کھیل اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور اسلامی یکجہتی کھیلوں کی ایسوسی ایشن کے مشترکہ انتظام میں منعقد کیے جاتے ہیں، جن میں او آئی سی کے رکن ممالک کے ممتاز کھلاڑی مختلف کھیلوں میں حصہ لیتے ہیں۔

امسال کل 38 ممالک ان گیمز میں حصہ لے رہے ہیں۔ آخری ایڈیشن 2022 میں ترکی کے شہر قونیہ میں منعقد ہوا تھا۔ سعودی عرب میں اس سے قبل یہ کھیل 2005 میں بھی منعقد ہو چکے ہیں۔

ریاض میں جاری مقابلوں میں ترکی 65 گولڈ اور مجموعی طور پر 130 میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے۔ ازبکستان 25 گولڈ اور مجموعی 79 میڈلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ایران 21 گولڈ اور 62 مجموعی میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

ادارت: صلاح الدین زین

جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں