1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلام مخالف فلم کی مذمت کرتے ہیں، پاکستانی اقلیتی رہنما

17 ستمبر 2012

پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کے رہنماؤں نے امریکا میں بننے والی اسلام مخالف فلم کی مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی امن کے لیے ایک خطرہ قرار دیا ہے۔

Proteste Anti Islam Video Film Mohammed
تصویر: Reuters

ان کا کہنا ہے کہ مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والی ایسی کوششوں کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ کے تحت عالمی سطح پرضروری اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

کیتھولک ڈایوسس سے تعلق رکھنے والے بشپ آف لاہورسبیسٹیئن شاہ نے ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام مخالف فلم کی بنانا ایک قابل مذمت فعل ہے۔ ان کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب دنیا میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں میں پیار، محبت اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کا شعور بڑھ رہا ہے،اس فلم کی تیاری سے دنیا میں نفرت پیدا کرنے کی ایک سازش کی گئی ہے۔

انہوں نے اس متنازعہ فلم بنانے والے شخص کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے اور اقوام متحدہ سے بھی کہا ہے کہ وہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے عالمی سطح پر اقدامات کرے۔ ان کے بقول ہر مذہب کا احترام کیا جانا چاہیے۔

آل پاکستان منارٹیز الائنس نے بھی اسلام مخالف فلم کی مذمت کرتے ہوئے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی کوششوں کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس تنظیم کے ترجمان شمعون الفریڈ گِل کا کہنا ہے کہ الائنس کے چیئرمین ڈاکٹر پال بھٹی آئندہ ہفتے جنیوا میں ایک کانفرنس میں بھی شریک ہو رہے ہیں، جہاں وہ یہ معاملہ اٹھائیں گے۔

ہندو سدھار پاکستان نامی ہندوؤں کی ایک تنظیم کے سیکرٹری جنرل امر ناتھ رندھاوا نے کہا کہ اس فلم کی تیاری سے دنیا بھر میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو قریب لانے کی کوششوں کو بھی دھچکا لگا ہے۔ان کے بقول اس طرح کی اشتعال انگیز سرگرمیوں سے مسلم دنیا میں بسنے والی اقلیتی آبادی کے لیے بھی مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں کیونکہ ایسی فضا میں امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر بھی فعال ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اس فلم کی مذمت کرتے ہوئے ایسے واقعات کی روک تھام کی ضرورت پر زور دیا۔

گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سابق سربراہ اور بابا گورو نانک ویلفیئر سوسائٹی پاکستان کے صدر سردار بشن سنگھ نے بتایا کہ ہر شخص کو اپنا مذہب پیارا ہوتا ہے اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ کسی دوسرے کے مذہبی جذبات مجروح کرے۔ ان کے بقول تمام مذاہب اپنے ماننے والوں کو انسانی ہمدردی اور انسانی فلاح کی تعلیم دیتے ہیں۔

اسلام مخالف فلم کے ردِ عمل پر متعدد ملکوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہےتصویر: Reuters

سردار بشن سنگھ نے مزید کہا کہ امریکا کو ضرور یہ سوچنا چاہیے کہ اس کے معاشرے میں سے قوت برداشت کیوں ختم ہوتی جا رہی ہے، ابھی اس فلم کے ذریعے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری کی گئی ہے۔ اس سے چند ہفتے پہلے ایک گوردوارے پر حملہ کرکے متعدد سکھوں کو ہلاک وزخمی کر دیا گیا تھا۔ ان کے بقول دنیا میں نفرتیں پھیلانے کے اس خطرناک رجحان کی روک تھام کے لیے مؤثر کارروائی کی جانی چاہیے۔

پاکستان ہندو ویلفیئر کونسل کے صدر ڈاکٹر منور چاند نے اسلام مخالف فلم کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مذہب کے ماننے والوں کی دل آزاری نہیں ہونی چاہیے۔ان کے بقول سب کو ’’اپنا مذہب چھوڑو نہیں اور کسی کو چھیڑو نہیں‘‘ کے اصول پر عمل کرنا چاہیے۔

پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے اقلیتی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار میلانی نے کہا کہ اس فلم کی تیاری ایک غلط فعل ہے اور اقوام متحدہ کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک پادری مجید ایبل نے بتایا کہ مسیحی برادری اس فلم کی تیاری کی مذمت کرتی ہے۔ ان کے بقول آزادی رائے کی آڑ میں مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے رجحان کی روک تھام ہونی چاہیے۔ان کی رائے میں شر پسند عناصر کی اس سازش کو ناکام بنانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ معاشرے میں رواداری کو فروغ دینے کے لیے زیادہ سے زیادہ فورم بنائے جائیں تاکہ دنیا کو لڑانے کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔

رپورٹ: تنویر شہزاد، لاہور

رپورٹ: ندیم گِل

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں