اسلام مخالف فلم کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ دراز ہوتا ہوا
17 ستمبر 2012
پاکستان میں بھی امریکا میں بننے والی اس متنازعہ فلم کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق ملک کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں آج یونیورسٹی طلبہ اور اساتذہ کی طرف سے اس فلم کے خلاف مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق اس دوران پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مظاہرے میں شریک ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔ ادھر اپر دیر کے علاقے میں مظاہرین نے ایک پولیس اسٹیشن کے علاوہ ایک مجسٹریٹ کے گھر اور مقامی پریس کلب کو بھی آگ لگا دی ہے۔
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں بھی امریکی سفارت خانے کے باہر سینکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا ہے۔ ان مظاہرین نے امریکی پرچم نذر آتش کرنے کے علاوہ سفارت خانے پر پتھراؤ بھی کیا۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پولیس نے ان مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال بھی کیا۔ اے ایف پی کے مطابق 700 کے قریب ان افراد نے پولیس کے ساتھ جھڑپ میں پٹرول بم استعمال کیے ہیں۔
امریکا میں کم بجٹ سے تیار ہونے والی متنازعہ فلم ’انوسینس آف مسلمز‘ میں مسلمانوں کے نبی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس فلم کے عربی میں ڈب شدہ بعض حصے یو ٹیوب پر ریلیز کیے جانے کے بعد سے مسلم ممالک میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
عرب ملک یمن کے دارالحکومت صنعاء میں آج بھی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق سینکڑوں طلبہ نے ان مظاہروں کے دوران یمن میں تعینات امریکی سفیر کی ملک سے بے دخلی کا بھی مطالبہ کیا۔ جمعرات 13 ستمبر کو یمنی دارالحکومت میں واقع امریکی ایمبیسی پر مظاہرین کے حملے کے دوران پولیس سے جھڑپوں میں چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اے ایف پی نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ یمن میں امریکی سفارت خانے کی حفاظت کے لیے 50 مزید میرینز وہاں تعینات کر دیے گئے ہیں۔
افغانستان میں آج پیر کے روز ہونے والے مظاہروں کا آغاز کابل کے مشرقی علاقے میں موجود جلال آباد روڈ سے ہوا، جہاں نیٹو اور امریکی فوجی اڈے موجود ہیں۔ کابل پولیس کے سربراہ محمد ایوب سالنگی کے بقول مظاہرین کی طرف سے جلائی جانے والی گاڑیوں میں پولیس کی دو کاریں بھی شامل ہیں۔
سالنگی نے خبر رساں اداے اے ایف پی کو بتایا کہ ایک ہزار کے قریب مظاہرین کے اس گروپ میں سے بعض مسلح افراد نے پولیس پر فائرنگ بھی کی، تاہم پولیس کو ہدایت کی گئی کہ وہ جوابی کارروائی نہ کریں، تاکہ حالات مزید خراب نہ ہوں۔
سالنگی کے بقول مظاہرین کے پتھراؤ کے باعث 40 تا 50 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خود وہ بھی پتھراؤ سے زخمی ہوئے ہیں۔ ایک مقامی ضلعی اہلکار کے مطابق مظاہرین نے کیمپ فینکس Camp Phoenix نامی امریکی فوجی اڈے پر پتھراؤ کیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے مظاہرین کی تعداد تین سے چار ہزار کے درمیان بتائی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق کابل میں موجود غیرملکی سفارت خانوں کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
بین الاقوامی امدادی افواج ISAF کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ہیگن میسر Hagen Masser کے مطابق کیمپ فینکس پر حملہ نہیں ہوا۔ اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا، ’’ہمیں اطلاع ملی تھی کہ مظاہرہ زیادہ پر تشدد ہو سکتا ہے، تاہم یہ مظاہرے محض کیمپ کے اطراف میں ہوئے، لہٰذا اسے حملہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔‘‘ میسر کے مطابق وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں تاہم بنیادی طور پر یہ ذمہ داری افغان پولیس کی ہے۔
aba/aa (AFP, Reuters)