اسلام کو دہشت گردی سے نہ جوڑا جائے، سربراہ جامعہ الازہر
21 نومبر 2015قاہرہ میں مصر کی معتبر ترین جامعہ الازہر کے سربراہ شیخ احمد الطیب نے ہفتے کے روز اپنی ایک اپیل میں کہا کہ دنیا بھر میں مسلمان خود دہشت گردی کا شکار ہیں اور شدت پسندوں کا سب سے زیادہ نشانہ مسلمان ہی بن رہے ہیں۔ الطیب نے عالمی برادری خصوصاﹰ مغربی ممالک کے باشندوں سے اپیل کی کہ اسلام کو دہشت گردی سے نہ جوڑا جائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا، ’’پیرس میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے بعد مغرب میں قرآن کو نذر آتش کرنے اور مساجد پر حملوں کے واقعات بھی پیش آئے ہیں، جو ہر اعتبار سے دہشت گردی ہیں۔‘‘ شیخ الطیب نے کہا کہ دہشت گردی کا جواب دہشت گردی سے نہ دیا جائے۔
’’مغربی ممالک میں جنہوں نے ایسے حملے کیے، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ان کے ایسے اقدامات بھی ہر حوالے سے دہشت گردی کے زمرے میں آتے ہیں۔‘‘
دوسری طرف یہ بات بھی اہم ہے کہ پیرس حملوں کے بعد کئی مغربی ملکوں میں مسلمانوں کے خلاف جذبات میں اضافے کی رپورٹیں تو ہیں تاہم ابھی تک ایسی کوئی مصدقہ رپورٹیں سامنے نہیں آئیں کہ ان ملکوں میں قرآنی نسخوں کو احتجاجاﹰ یا نفرت کی بنا پر جلایا گیا ہو۔
جامعہ الازہر کو دنیا بھر میں مسلمان نہایت معتبر سمجھتے ہیں اور یہ جامعہ بار بار اپنے فتووں میں دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ اور دیگر شدت پسند گروپوں کے اقدامات کی مذمت کر چکی ہے۔ جامعہ الازہر نے بیروت، پیرس اور مالی میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
شیخ الطیب نے کہا، ’’خدا ہی جانتا ہے کہ انسانیت مستقبل قریب میں کس جانب بڑھے گی، کیوں کہ موت کے سوداگروں اور شیطان کے پیروکاروں کا ہر جانب راج ہی راج ہے۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا، ’’ہم ہر کسی سے توقع کرتے ہیں، خصوصاﹰ دانشوروں اور مذہب سے وابستہ افراد سے، کہ وہ جذبات میں نہ بہہ جائیں۔ وہ ہر حال میں اسلام کو دہشت گردانہ واقعات سے الگ رکھیں کیوں کہ دہشت گرد مسلمانوں کی مجموعی تعداد میں ایک معمولی کسر کے برابر بھی نہیں ہیں۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ مسلمان اس سے قبل بھی اور اب بھی ان دہشت گرد اور شدت پسند گروہوں کے حملوں سے متاثر ہو رہے ہیں اور مسلمانوں کے خلاف ہونے والے حملوں کی تعداد دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف ہونے والے حملوں سے کئی گنا زیادہ ہے۔