1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلحے کی بے مہار عالمگیر تجارت

29 جون 2012

اقوام متحدہ کے رکن ملکوں کے مابین اسلحے کی عالمی تجارت کو کنٹرول کرنے کے کسی معاہدے سے متعلق مذاکرات 2 جولائی سے نیویارک میں شروع ہوں گے۔ جرمنی چھوٹے ہتھیاروں اور گولہ بارود کو بھی کسی نظام کے تحت لانے پر زور دے رہا ہے۔

تصویر: DW/AP

اسلحے کی تجارت بحرانی حالات میں خاص طور پر چمکتی ہے۔ اسلحہ ساز کمپنیاں ہر سال ٹینکوں، پستولوں، گولیوں اور جنگی طیاروں کی فروخت سے چھ ارب ڈالر سے زیادہ کماتی ہیں۔ اسلحے کی عالمی منڈی آمروں اور تنازعات کی فریق پارٹیوں کو ہر وہ چیز فراہم کرتی ہے، جس کی اُنہیں اپنے عوام کو دبانے یا جنگیں لڑنے کے لیے ضرورت پڑتی ہے۔ تازہ ترین مثال شام کی ہے۔ اسد حکومت کی طاقت کا انحصار خاص طور پر روس سے اسلحے کی درآمدات پر ہے۔

اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے درمیان دو جولائی سے نیویارک میں اسلحے کی تجارت کو کنٹرول کرنے کے ایک عالمگیر معاہدے پر تبادلہء خیال شروع ہو رہا ہے۔ اس معاہدے کے مرکزی اہداف یہ ہوں گے کہ بحرانوں اور تنازعات کے شکار علاقوں کو کوئی ہتھیار فراہم نہ کیے جائیں، اگر کہیں انسانی حقوق کی پامالی کے خدشات ہوں تو وہاں اسلحہ برآمد کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ ایک ہدف یہ بھی ہے کہ غربت کے خاتمے کی کوششوں یا اقتصادی ترقی کے لیے ممکنہ خطرات کی صورت میں بھی اسلحہ فراہم نہ کیا جائے۔

امریکا اور روس کے بعد جرمنی اسلحہ برآمد کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہے اور عالمی منڈی میں اِس کا حصہ گیارہ فیصد بنتا ہے۔ ڈوئچے ویلے سے باتیں کرتے ہوئے وزارتِ خارجہ کی خاتون اسٹیٹ سیکرٹری کورنیلیا پیپر نے کہا کہ ’جرمنی نیویارک میں ہونے والی اس کانفرنس میں ایک ایسے مؤثر اور مستحکم آرمز ٹریڈ ٹریٹی کے لیے کوشاں ہو گا، جسے نافذ العمل بھی کیا جا سکتا ہو‘۔

جرمنی چھوٹے ہتھیاروں اور گولہ بارود کو بھی کسی نظام کے تحت لانے پر زور دے رہا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

جرمنی چھوٹے ہتھیاروں کی تجارت کو بھی کسی نظام کے تحت لانے کی وکالت کر رہا ہے اور یہ کام آسان ہرگز نہیں ہے۔ دنیا بھر میں چھوٹے ہتھیاروں کی تعداد کا اندازہ تقریباً 900 ملین لگایا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے ان چھوٹے ہتھیاروں کو حقیقی معنوں میں ’بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار‘ قرار دیا تھا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق دنیا میں پستول یا رائفل کی گولی ہر منٹ میں ایک انسان کی جان لے رہی ہے۔

’دنیا میں پستول یا رائفل کی گولی ہر منٹ میں ایک انسان کی جان لے رہی ہے‘تصویر: DPA

نیویارک میں چار ہفتے تک جاری رہنے والی اس کانفرنس میں بنیادی سوال یہ ہو گا کہ ہتھیاروں کی فروخت کی نگرانی کا انتظام کیسے کیا جائے۔ ایک امکان یہ ہے کہ اس کے لیے اقوام متحدہ کا ایک ادارہ قائم کر دیا جائے۔

عالمی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان امریکا، روس، چین، فرانس اور برطانیہ ان مذاکرات کو مشکل بنا سکتے ہیں کیونکہ یہ ملک اسلحے کے سب سے بڑے برآمد کنندگان بھی ہیں۔ مبصرین کے مطابق یہ ممالک اس بات پر اصرار کریں گے کہ اسلحہ برآمد کرنا کسی ملک کا اپنا بنیادی حق ہے اور اس کا تعلق اُس کی حاکمیت اعلیٰ سے ہے۔ ایسے میں خدشہ یہ ہے کہ کوئی معاہدہ طے پا بھی گیا تو اُس کی حیثیت کاغذ کے ایک عام پرزے سے زیادہ نہیں ہو گی۔

M. Gehrke / aa / mm

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں