1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسٹاک ہوم ٹرک حملہ آور کو عمر قید کی سزا

7 جون 2018

آج جمعرات سات جون کو سویڈن کی ایک عدالت کی جانب سے اسٹاک ہوم میں چرائے گئے ایک ٹرک کو عام افراد پر چڑھانے کے جرم میں ایک ازبک شہری کو عمر قید سنا دی گئی ہے۔ اس واقعے میں پانچ افراد ہلاک جب کہ دیگر 14 زخمی ہو گئے تھے۔

Schweden Trauer in Stockholm
تصویر: picture alliance/AP Photo/M. Schreiber

سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں گزشتہ برس سات اپریل کو ازبک شہری رحمت عقیلوف نے چرانے کے بعد ایک ٹرک کو عام شہریوں پر چڑھا دیا تھا۔ رواں برس جنوری میں عقیلوف پر دہشت گردی اور اقدام قتل کا الزامات عائد کیے گئے تھے۔ عقیلوف نے عدالت میں اعتراف کیا تھا کہ اس نے یہ حملہ عراق اور شام میں متحرک ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف امریکی قیادت میں بین الاقوامی اتحاد کا حصہ بننے پر سویڈن کو سزا دینے کے لیے کیا تھا۔ اس واقعے میں ایک برطانوی مرد، ایک بیلجیئن خاتون اور تین سویڈش شہری مارے گئے تھے، جن میں ایک گیارہ سالہ بچی بھی شامل تھی۔

سویڈن میں ٹرک کے ذریعے ’دہشت گردانہ‘ حملہ، سیکرٹ سروس

سویڈن، ’داعش کا مشتبہ جہادی‘ ملک بدر کر دیا جائے گا

برلن میں انسدادِ دہشتگردی کا نیا مرکز

40 سالہ مجرم عقیلوف کی بابت جج راگنر پالمکوست نے کہا کہ اس حملے میں ملوث یہ واحد ملزم تھا۔ وکیل استغاثہ ہانس اہرمان مقدمے کی سماعت کے دوران اسٹاک ہوم کی ضلعی عدالت میں کہا تھا کہ ملزم ’معاشرے کے لیے خطرہ‘ ہے۔ انہوں نے ملزم کو سنائی گئی سزا پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، جب کہ دوسری جانب وکیل صفائی ژوہان ایرکسن کے مطابق ان کے موکل کو اس فیصلے پر ’افسوس‘ ہے۔

وکیل صفائی نے کہا کہ وہ اس عدالتی حکم نامے پر اپیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ اس 145 صفحاتی حکم کو پڑھنے کے بعد کریں گے۔ واضح رہے کہ اس مقدمے میں وکیل استغاثہ نے ملزم کے لیے عمر قید کی سزا کا مطالبہ کیا تھا، جب کہ وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ ملزم نے تفتیش میں تعاون کیا ہے، اس لیے اسے سزا دیتے ہوئے نرمی برتی جائے۔

عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے اسی حوالے سے کہا کہ عقیلوف کی جانب سے تفتیش میں تعاون اور اقبال جرم اس کے لیے عمر قید کی سزا پر اثرانداز نہیں ہو سکتے۔ یہ بات اہم ہے کہ سویڈن میں عمر قید سب سے بڑی سزا ہے، جو عمومی حالات میں قریب 18 برس قید کے برابر ہوتی ہے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سزا کی مدت پوری ہونے پر عقیلوف کو ملک بدر کر دیا جائے اور اس کبھی دوبارہ سویڈن نہ آنے دیا جائے۔

ع ت / الف ب الف

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں