1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت نے تیسرے ہی روز آسٹریلیا کو شکست دے دی

11 فروری 2023

بھارتی اسپنرز ایشون اور جڈیجا نے آسٹریلیا کو دوسری اننگز میں قریب دو گھنٹوں میں آؤٹ کر کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے ہی روز آسٹریلیا کو اننگز اور 132 رنز سے شکست دے دی۔

انڈیا
فائل فوٹوتصویر: Tertius Pickard/AP Photo/picture alliance

آسٹریلیا اور بھارت کے مابین کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن میزبان بھارتی ٹیم نے ناگپور میں پہلی اننگز میں 223 رنز کی شاندار برتری حاصل کی اور پھر دوسرے سیشن میں آسٹریلیا کو 91 رنز پر ڈھیر کر کے چار میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

اسٹیو اسمتھ 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ ایشون نے ایک ہی سیشن میں پانچ اور میچ میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔

روی چندر ایشون نے اپنی آف اسپن سے مخالف ٹیم کو ہلا کر رکھ دیا اور عثمان خواجہ پانچ، ڈیوڈ وارنر دس، اور میٹ رینشا کو دو رنز پر ہی پویلین کی راہ دکھا دی۔

پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے جڈیجا نے بھی دوسری اننگز میں دو وکٹیں حاصل کیں جن میں آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں سب سے زیادہ 49 رنز بنانے والے مارنس لبوشین کی وکٹ بھی شامل تھی۔

تاہم دوسری اننگز میں ایشون نے آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن کو دھچکا پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، جو ایک ایسی پچ پر لڑکھڑا گئی جہاں بھارتی گیند بازوں اکشر پٹیل نے 84 اور محمد شامی نے 37 رنز بنا ڈالے تھے۔

اسپنرز کے بعد محمد شامی نے ناتھن لیون کو بولڈ اور اسکاٹ بولنڈ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے میچ کا خاتمہ کر دیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا کی طرف سے ڈیبیو کرنے والے اسپنر ٹوڈ مرفی نے ہفتے کی صبح مزید دو وکٹیں حاصل کر کے 124 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔

اپنے پہلے ٹیسٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے سب سے کم عمر آسٹریلوی اسپنر بننے والے مرفی نے صبح سویرے جڈیجا کو 70 رنز کے انفرادی سکور پر آؤٹ کیا، جنہوں نے اکشر کے ساتھ آٹھویں وکٹ پر 88 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

جڈیجا کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی اکشر نے آسٹریلیا پر مزید برتری حاصل کرنے کی کوششیں جاری رکھیں۔ انہوں نے شامی کے ساتھ 52 اور آخری وکٹ پر 20 رنز کا اضافہ کر کے بھارت کی برتری میں واضح اضافہ کر دیا۔

آسٹریلیا نے پہلی اننگر میں 177 رنز بنائے تھے اور بھارتی ٹیم 168 رنز پر پانچ وکٹیں گنوانے کے باوجود 223 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

جڈیجا مین آف دی میچ بھی لیکن ’مجرم‘ بھی

گھٹنے کی انجری کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آنے والے رویندر جڈیجا نے سات وکٹیں اور 70 رنز بنا کر بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور اسی پرفارمنس کے سبب مین آف دی میچ بھی قرار پائے۔

تاہم اسی میچ میں اپنی انگلی پر کریم لگا کر آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر جڈیجا پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا۔

آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا کہ ’لیول ون‘ خلاف ورزی پر جڈیجا پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے میچ ریفری اس بات سے مطمئن تھے کہ انگلی پر کریم صرف طبی مقصد کے لیے لگائی گئی تھی۔

اس بیان میں مزید کہا گیا کہ کریم کو گیند پر مصنوعی مادہ کے طور پر نہیں لگایا گیا تھا اور اس سے گیند کی حالت تبدیل نہیں ہوئی تھی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا، ’’رویندر جڈیجا نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.20 کی خلاف ورزی کی ہے جو کھیل کی روح کے منافی ہے۔ جڈیجا کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کیا گیا ہے۔ 24 ماہ کی مدت میں یہ ان کا پہلا جرم تھا۔‘‘

یہ واقعہ جمعرات کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے 46 ویں اوور کے دوران اس وقت پیش آیا جب جڈیجا نے محمد سراج کی ہتھیلی سے ایک مادہ لیا اور اسے اپنے بائیں ہاتھ کی انگلی پر رگڑتے ہوئے نظر آئے۔

آئی سی سی نے کہا کہ بھارتی ٹیم مینجمنٹ نے وضاحت کی تھی کہ جڈیجا اپنے بولنگ والے ہاتھ کی انگلی پر سوجن پر کریم لگا رہے تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کام امپائر سے اجازت لیے بغیر کیا گیا۔ جڈیجا نے اپنے جرم کا اعتراف کیا اور سزا قبول کی، اس لیے معاملے کی باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

ش ح/ م م (اے پی، روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں