اسپین: دہشت گردانہ حملے کے متاثرین میں درجنوں ممالک کے شہری
19 اگست 2017ہسپانوی حکام نے بتایا ہے کہ سترہ اگست کو بارسلونا اور کامبرِلز میں کیے گئے دہشت گردانہ حملوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں ہسپانوی شہریوں کے علاوہ درجنوں دوسرے ملکوں کے شہری بھی ہیں۔ پانچ ہلاک ہونے والوں کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔
کُل 126 افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں سے اکاون کو ہلکی نوعیت کی چوٹیں آئی تھیں۔ بقیہ 75 ابھی تک ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ ان میں کئی کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
بارسلونا حملے کی ذمہ داری ’ داعش‘ نے قبول کر لی
میڈرڈ سے مانچسٹر تا بارسلونا: دہشت گردانہ واقعات کا سلسلہ
بارسلونا میں وین کے ذریعے دہشت گردانہ حملہ، 13 افراد ہلاک
جن ملکوں کے سیاح ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، ان کا تعلق امریکا، کینیڈا، اٹلی، فرانس، وینزویلا، آسٹریلیا، آئرلینڈ، پیرو، الجزائر اور چین کے علاوہ کئی دیگر ممالک سے بتایا گیا ہے۔ اُدھر اسپین کے بادشاہ فیلپ اور ملک لیٹیسیا بھی متاثرہ شہروں کا دورہ کرنے کے دوران متاثرین سے ملاقات کریں گے۔
اس حملے کے حوالے سے مختلف ملکوں کی جانب سے جاری ہونے والے بیانات کی تفصیل کچھ یوں ہے:۔
اسپین
کاتالونیا کی مقامی حکومت کے مطابق حملے میں تین ہسپانوی شہری مارے گئے ہیں۔
امریکا
امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے تصدیق کی ہے کہ ہسپانوی حملوں میں ایک امریکی شہری کی ہلاکت ہوئی ہے۔
کینیڈا
وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے مطابق سترہ اگست کے حملوں میں اُن کے ملک کا ایک شہری ہلاک اور چار زخمی ہوئے ہیں۔
ارجنٹائن
بیونس آئرس حکومت نے تصدیق کی ہے کہ دوہری شہریت کی حامل ایک چالیس سالہ خاتون ان حملوں میں ماری گئی۔ وہ ارجنٹائن سے بارسلونا منتقل ہو چکی تھی۔
اٹلی
روم سے جاری ہونے والے حکومتی اعلان کے مطابق ہسپانوی حملوں میں اُس کے دو شہری مارے گئے ہیں۔ ایک اطالوی شہری کی ہلاکت اُس وقت ہوئی جب وہ اپنے پانچ سالہ بیٹے کا ہاتھ پکڑے ہوئے فٹ پاتھ پر جا رہا تھا۔
بیلجیئم
بیلجیئم کے مشرقی علاقے ٹونگریس کی ایک خاتون کے بارسلونا میں ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
پرتگال
پرتگالی حکومت نے اپنے ایک چوہتر سالہ شہری کے مارے جانے کا بتایا ہے۔
جرمنی
برلن سے وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ بارسلونا میں تیرہ جرمن زخمی ہوئے ہیں اور اُن میں سے چند کی حالت انتہائی ناز ک ہے۔ یہ زخمی ہسپتالوں میں موت و حیات کی کشمکش میں ہیں۔
فرانس
فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں ایو لیدریاں کے مطابق ہسپانوی حملوں میں 28 فرانسیسی زخمی ہیں۔ کسی بھی ملک کے سب سے زیادہ زخمی ہونے والوں کا تعلق فرانس سے ہے۔ لیدریاں کے مطابق آٹھ فرانسیسی زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
اسی طرح برطانیہ، آئرلینڈ، ہالینڈ، رومانیہ، آسٹریلیا، یونان، مراکش، کیوبا اور تائیوان نے بھی اپنے شہریوں کے زخمی ہونے کا بتایا ہے۔