1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسپین نے لاکھوں لوگوں کو کام پر واپس لوٹنے کی اجازت دے دی

13 اپریل 2020

دنیا بھر میں نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 18 لاکھ 60 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ کووڈ انیس کے سبب اموات کی تعداد بھی بڑھ کر ایک لاکھ 15 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

Indien Mumbai |  Coronavirus: Leere Betten
تصویر: Reuters/F. Mascarenhas

- کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 1,860,011

- کووڈ انیس کے سبب عالمی سطح پر مجموعی اموات 114,983

- کووڈ انیس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 428,333

 

کورونا وائرس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار تک پہنچ گئی

دنیا بھر میں نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 18 لاکھ  60 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ کووڈ انیس کے سبب اموات کی تعداد بھی بڑھ کر ایک لاکھ 15 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ عالمی سطح پر اس بیماری کے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد چار لاکھ 34 ہزار کے قریب ہے۔
جرمنی میں کورونا انفیکشن سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار کے قریب ہے جبکہ یہاں اس بیماری کے سبب ہونے والی اموات تین ہزار 22 ہیں۔ جرمنی میں اس کووڈ انیس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 65 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ امریکا، اسپین، اٹلی، فرانس اور جرمنی پانچ ایسے ممالک ہیں جہاں انفرادی طور پر متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے۔

اسپین میں لاکھوں افراد کو کام پر لوٹنے کی اجازت

اسپین نے لاکھوں افراد کو اپنے کام پر لوٹنے کی اجازت دے دی ہے۔ کورونا وائرس پھیلنے کے بعد اسپین میں لاک ڈاؤن شروع ہونے کے بعد پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو کام پر لوٹنے کی اجازت دے گئی ہے۔ 
ہسپانوی میڈیا کے اندازوں کے مطابق تین لاکھ کے قریب افراد صرف دارالحکومت میڈرڈ میں کام پر واپس لوٹے ہیں۔ اس سے قبل محض ایسے لوگوں کو کام پر جانے کی اجازت تھی جو ضروری نوعیت کے کاموں سے ہی منسلک تھے مگر اب فیکٹری اور تعمیراتی مزدوروں کو بھی کام پر لوٹنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

امریکا میں کوورونا وائرس کے سبب اموات میں مزید اضافہ

نئے کورونا وائرس کے سبب امریکا میں اموات کی تعداد بڑھ کر اب 22,109 ہو گئی ہے۔ اس وائرس سے دنیا میں سب سے زیادہ متاثرہ اس ملک میں مریضوں کی تعداد 557,590 ہے۔
امریکا میں سب سے زیادہ اموات ریاست نیویارک میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہے۔کورونا وائرس کے بارے میں اعداد وشمار مرتب کرنے والی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکا میں اب تک 28 لاکھ سے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

اٹلی میں یومیہ ہلاکتوں کی تعداد میں کمی

اٹلی میں کورونا وائرس کے سبب ہونے والی روزانہ ہلاکتوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اطالوی طبی حکام نے اتوار کے روز بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اموات کی تعداد 431 رہی۔ یہ گزشتہ کئی ہفتوں کے دوران کسی ایک دن میں اموات کی کم ترین تعداد تھی۔ ہفتے کے دن اسی سبب اموات کی تعداد 619 تھی۔

اس جنوبی یورپی ملک میں اب تک کووِڈ انیس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 20 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔ جبکہ وہاں کورونا انفیکشن کا شکار ہونے والوں کی تعداد 156,363 ہے۔

جنوبی کوریا امریکا کو چھ لاکھ کورونا ٹیسٹنگ کٹس فراہم کرے گا

جنوبی کوریا امریکا کو چھ لاکھ کورونا ٹيسٹنگ کٹس بھیجے گا۔ سیول حکام کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی درخواست کے بعد پہلی کھیپ امریکا روانہ کی جائے گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے 25 مارچ کو اپنے جنوبی کوریائی ہم منصب مون جے اِن کے ساتھ ایک ٹیلی فون کال کے دوران یہ درخواست کی تھی۔

امریکا کی وفاقی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کا ایک خصوصی کارگو ہوائی جہاز یہ ساز و سامان لے کر کل منگل کے روز سیول سے امریکا روانہ ہو گا۔ جنوبی کوریائی حکام کے مطابق مزید ڈیڑھ لاکھ کورونا وائرس کی موجودگی ٹیسٹ کرنے والی کٹس مستقبل قریب میں امریکا کو فراہم کی جائیں گی۔

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں