اسپین کا پچاسی سالہ خطرناک ترین مافیا لیڈر پکڑا گیا
9 اگست 2018
ہسپانوی پولیس نے انتہائی خطرناک پچاسی سالہ مافیا لیڈر مانوئل چارلین کو گرفتار کر لیا ہے۔ چارلین کو اسپین کا منشیات کا سب سے بدنام تاجر اور اس کی جرائم پیشہ تنظیم کو گالیسیا کے علاقے کی سب سے پرتشدد مافیا سمجھا جاتا تھا۔
اشتہار
ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ سے جمعرات نو اگست کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق مانوئل چارلین کو شمال مغربی اسپین کے ایک علاقے سے 18 دیگر مجرموں کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایک بڑی کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا۔ اس دوران پولیس نے کوکین کی بہت بڑی مقدار بھی اپنے قبضے میں لے لی۔
پولیس کے مطابق چارلین کو، جسے کئی عشروں سے اسپین کا ’خطرناک ترین‘ مافیا لیڈر سمجھا جاتا تھا، کل بدھ آٹھ اگست کے روز گرفتار کیا گیا۔ شمال مغربی اسپین کے علاقے گالیسیا میں اس کارروائی کے دوران پولیس نے جن ڈیڑھ درجن سے زائد افراد کو گرفتار کیا، ان میں مانوئل چارلین کا بیٹا مَیلچور چارلین بھی شامل ہے۔
ان سرکردہ مافیا شخصیات کی گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب وہ پرتگال کے نیم خود مختار مجموعہ جزائر آزوریس سے گالیسیا میں داخل ہو رہے تھے۔ ہسپانوی پولیس کے مطابق مانوئل چارلین بین الاقوامی سطح پر جرائم پیشہ حلقوں میں اس وجہ سے بہت معروف تھا کہ وہ اپنے گینگ پر اپنی گرفت مضبوط رکھنے کے لیے خاص طور پر انتہائی مہلک، پرتشدد اور تکلیف دہ حربے استعمال کرتا تھا۔ چارلین کی قیادت میں کام کرنے والا جرائم پیشہ گروہ نہ صرف اسپین کا انتہائی خطرناک مافیا گروپ تھا بلکہ اس کا شمار براعظم یورپ کے منشیات کی تجارت کرنے والے سب سے بڑے گروپوں میں بھی ہوتا تھا۔
مانوئل چارلین کی بدھ کے روز گرفتاری سے قبل ابھی چند ماہ پہلے ہی ہسپانوی پولیس نے ملک کے ایک اور بڑے مافیا لیڈر، 62 سالہ سیٹو مینانکو کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔
میڈرڈ میں ملکی پولیس کے تفتیشی ماہرین کے مطابق اسپین میں گالیسیا 1970ء کی دہائی سے بیرون ملک سے منشیات کی آمد کا سب سے بڑا راستہ رہا ہے اور اس میں مانوئل چارلین کا گروہ ہی زیادہ تر مرکزی کردار ادا کرتا تھا۔
2017ء میں تیار کی گئی یورپی یونین کی انسداد منشیات سے متعلق ایک رپورٹ کے مطابق گالیسیا اسپین میں جغرافیائی طور پر ایک ایسے خطے میں واقع ہے، جسے منشیات کے اسمگلر اور تاجر نہ صرف اسپین بلکہ یورپ بھر کی غیر قانونی منڈیوں کو منشیات کی ترسیل کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
ماہرین کا اندازہ ہے کہ مانوئل چارلین منشیات کا کاروبار کرنے والے ان سب سے بڑے یورپی اسمگلروں میں شمار ہوتا ہے، جنہوں نے اس کاروبار سے اپنے لیے اربوں یورو کی رقوم جمع کیں۔
م م / ع ا / اے ایف پی
جرمنی: نت نئی منشیات کی ’تجربہ گاہ‘
آج کل دنیا بھر کی خفیہ لیبارٹریوں میں جو منشیات تیار کی جا رہی ہیں، اُن میں سے بیشتر کے پیچھے جرمن سائنسدانوں، فوج اور کاروباری اداروں کی اختراعی اور تخلیقی قوتیں اور جوش و جذبہ کارفرما رہا ہے۔
منشیات کے ذریعے حملہ
1939ء میں پولینڈ پر اور 1940ء میں فرانس پر کیے جانے والے حملوں میں ہٹلر نے ایسے فوجی سرگرمِ عمل کیے، جن کی استعدادِ کار کو کیمیاوی مادوں کی مدد سے بڑھایا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ صرف فرانس پر حملے کے دوران لڑنے والے دستے کو ہی پیرویٹین کی ’ٹینک چاکلیٹ‘ کہلانے والی پینتیس ملین گولیاں کھلائی گئی تھیں۔ دوسری طرف اتحادی افواج بھی کچھ ایسا ہی کر رہی تھیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa-Bildarchiv
بیدار، نڈر اور بھوک سے بے نیاز
نازی جرمن فوج کی اس حیران کُن گولی کو سب سے پہلے ایک جاپانی نے مائع شکل میں تیار کیا تھا۔ برلن کی ٹیملر ورکس کمپنی کے کیمیا دانوں نے اس پر تحقیق کو آگے بڑھایا اور 1937ء میں ایک پیٹنٹ کا اندراج کروایا۔ ایک ہی سال بعد یہ باقاعدہ ایک دوا کے طور پر بازار میں آ گئی۔ اس دوا سے تھکاوٹ، بھوک، پیاس اور ڈر جاتا رہتا تھا۔ آج یہی ’پیرویٹین‘ غیر قانونی طور پر ایک اور نام ’کرسٹل مَیتھ‘ کے تحت فروخت کی جاتی ہے۔
خود ہی سب سے بڑا گاہک؟
مؤرخین کے مابین اس بات پر اختلاف پایا جاتا ہے کہ آیا اڈولف ہٹلر خود بھی پیرویٹین کا نشہ کرتا تھا۔ ان کے ذاتی معالج تھیو موریل کی فائلوں میں اکثر نمایاں طور پر حرف ’ایکس‘ لکھا دکھائی دیتا ہے۔ یہ بات واضح نہیں ہو سکی ہے کہ یہ کس دوا کی جگہ لکھا جاتا ہو گا۔ اتنی بات یقینی تصور کی جاتی ہے کہ ہٹلر کو بہت ہی سخت قسم کی ادویات دی جاتی تھیں، جن میں سے زیادہ تر آج کل کے ضوابط کی رُو سے ممنوع قرار پائیں گی۔
نت نئی منشیات بنانے والوں کی سرگرمیاں نازی دور سے بھی بہت پہلے شروع ہو چکی تھیں۔ جرمنی کی بائر کمپنی آج ایک عالمی ادارہ ہے۔ اس کمپنی نے اُنیس ویں صدی کے اواخر میں اپنی ایک بہت زیادہ بکنے والی دوا کا اشتہار کچھ ان الفاظ کے ساتھ دیا تھا: ’’ہیروئن کی بدولت کھانسی ختم۔‘‘ اس کے فوراً بعد مرگی، دمے، شیزوفرینیا اور دل کے عوارض کے لیے بچوں تک کو ہیروئن دی جانے لگی۔ اس دوا کا ضمنی اثر قبض بتایا گیا تھا۔
تخلیقی ذہن کے حامل کیمیا دان
فیلکس ہوفمان کو خاص طور پر اُن کی ایجاد کردہ اسپرین کی وجہ سے سراہا جاتا ہے۔ ان کا دوسرا کارنامہ یونہی سرِ راہے وجود میں آیا، جب وہ سرکے کے تیزاب کے ساتھ تجربات کر رہے تھے۔اسپرین کے برعکس اس بار اس کیمیا دان نے اس تیزاب کو مارفین یعنی پوست کے خشک ہو چکے جوس کے ساتھ ملا کر دیکھا۔ اُن کی بنائی ہوئی ’ہیروئن‘ جرمنی میں 1971ء میں پابندی لگنے سے پہلے تک قانونی طور پر فروخت ہوتی رہی۔
آنکھوں کے ڈاکٹروں کے لیے کوکین
جرمن شہر ڈارم اشٹٹ کے ادارے مَیرک نے 1862ء ہی میں کوکین کی پیداوار شروع کر دی تھی، تب آنکھوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر اسے اپنے مریض کو بے ہوش کرنے کے لیے استعمال کرتے تھے۔ اس کی تیاری کے لیے البرٹ نیمان نامی جرمن محقق ایک عرصے تک جنوبی امریکا سے آئے ہوئے کوکا کے پتوں کے ساتھ تجربات کرتا رہا تھا۔ نیمان کوکین تیار کرنے کے کچھ ہی عرصے بعد انتقال کر گیا تھا لیکن کوکین سے نہیں بلکہ نمونیے سے۔
تصویر: Merck Corporate History
’جوش اور کام کرنے کی صلاحیت‘
بابائے نفسیات سگمنڈ فرائیڈ نے اپنی تحریروں میں کوکین کو بے ضرر قرار دیا اور کہا کہ اسے استعمال کرنے سے انسان کے اندر جوش بھر جاتا ہے، وہ زندگی کی حرارت محسوس کرتا ہے اور اُس میں کام کرنے کی قوت آ جاتی ہے۔ بعد میں ایک دوست کے منشیات کے استعمال کے نتیجے میں انتقال کے بعد فرائیڈ کے کوکین کے بارے میں جوش و خروش میں بھی کمی آئی۔ تب ڈاکٹر سر درد اور پیٹ درد کے لیے بھی کوکین کے استعمال کی ہدایت کرتے تھے۔
تصویر: Hans Casparius/Hulton Archive/Getty Images
ایکسٹیسی کا فراموش کردہ پیٹنٹ
امریکی کیمسٹ الیگزینڈر شَلگن کو آج کے دور میں بہت زیادہ استعمال ہونے والی نشہ آور دوا ایکسٹیسی کا موجد سمجھا جاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اس رنگا رنگ ٹیبلٹ کی تیاری کا ابتدائی نسخہ جرمن دوا ساز ادارے مَیرک نے تیار کیا تھا۔ 1912ء میں اس ادارے نے ایک بے رنگ تیل کو ایم ڈی ایم اے کے نام سے پیٹنٹ کروایا تھا۔ اُس دور میں کیمیا دانوں نے اس مادے کو کاروباری مقاصد کے لیے بے فائدہ قرار دیا تھا۔
تصویر: picture-alliance/epa/Barbara Walton
جرمن کیمیا دانوں کے کارناموں کی باز گشت آج بھی
اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق سن 2013ء میں دنیا بھر میں تقریباً ایک لاکھ نوّے ہزار انسان غیر قانونی منشیات کے استعمال کے نتیجے میں موت کے منہ میں چلے گئے۔ قانونی نشے الکوحل کے حوالے سے دیکھا جائے تو اعداد و شمار اور بھی زیادہ تشویشناک ہیں: عالمی ادارہٴ صحت ڈبلیو ایچ او کے 2012ء کے لیے اندازوں کے مطابق 5.9 فیصد یعنی تقریباً 3.3 ملین اموات الکوحل کے استعمال کا نتیجہ تھیں۔