اسکاٹ لینڈ: حیض کے لیے استعمال ہونے والی اشیا کی مفت فراہمی
26 فروری 2020
اسکاٹ لینڈ کی پارلیمنٹ نے اس مسودہٴ قانون کی منظوری دے دی ہے، جس کے نفاذ کے بعد خواتین کو حیض کے دوران استعمال ہونے والی اشیا کی فراہمی مفت ہو گی۔
اشتہار
اسکاٹ لینڈ خواتین کو حیض کے دوران استعمال میں لائی جانے والی اشیا مفت فراہم کرنے والا پہلا خطہ بن گیا ہے۔ خواتین کے لیے مقررہ مقامات پر ٹیمپُون اور سینیٹری پیڈز یا ٹاول رکھے جائیں گے۔ ایام حیض کی حامل خواتین یہ سامان بغیر کسی دوکان یا مارکیٹ میں گئے حاصل کر لیا کر لیں گے۔
اس مسودہٴ قانون کا نام 'پیریڈ پراڈکٹس اسکاٹ لینڈ بل‘ رکھا گیا ہے۔ پارلیمنٹ میں یہ بل اتفاق رائے سے منظور کیا گیا اور مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں ڈالا گیا۔ اس بل کے تحت ماہواری کے دوران استعمال ہونے والی اشیا کمیونٹی سینٹرز، یوتھ کلبس اور دواخانوں پر بھی رکھی جائیں گی۔
اسکاٹ لینڈ کے خزانے پر ان مصنوعات کی مفت فراہمی کی وجہ سے 31 ملین امریکی ڈالر سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔ اسکاٹش سول سوسائٹی کے نمائندوں نے اس حکومتی فیصلے کو ایک اہم فلاحی قدم قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق خواتین کو اب کسی ذہنی یا معاشی کوفت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
اسکاٹ لینڈ کی پارلیمنٹ میں یہ مسودہٴ قانون ایک خاتون رکن مونیکا لینون نے پیش کیا۔ انہوں نے بل پیش کرتے ہوئے اسے اسکاٹش سماجی تاریخ کا ایک سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارلیمنٹ میں بحث نے یہ ثابت کیا کہ صنفی مساوات کے حصول میں پارلیمنٹ نے عملی کوششوں میں شریک رہا ہے۔
یہ امر اہم ہے کہ اسکاٹ لینڈ سن 2018ء میں وہ پہلا ملک بنا تھا جس نے اسکولوں اور دوسرے تعلیمی اداروں بشمول یونیورسٹیوں میں سینیٹری مصنوعات مفت فراہم کرنے والا ملک بنا تھا۔ اسی تناظر میں ایک رکن پارلیمنٹ ایلیسن جوہانسن نے کہا تھا کہ ٹائلٹ پیپر مفت دیے جاتے ہیں تو حیض کی مصنوعات کی دو سال بعد فراہمی مناسب دکھائی نہیں دیتی۔
ع ح ⁄ ا ب ا (روئٹرز)
ماہواری سے جڑی فرسودہ روایات
ایک بھارتی مندر میں تین خواتین کے داخل ہو جانے پر بڑا فساد ہوا۔ ان خواتین نے کئی صدیوں پرانی پابندی جو توڑ دی تھی۔ حیض کی عمر تک پہنچ جانے والی خواتین کو دنیا کے دیگر کئی ممالک اور خطوں میں بھی امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔
تصویر: Fotolia/Alliance
عبادت نہ کرو
براعظم ایشیا کے کئی حصوں میں دوران حیض خواتین کو عبادت اور دیگر مذہبی رسومات میں شرکت سے استثنا حاصل ہے۔ ہندوستان کے علاوہ چین اور جاپان کی بودھ کمیونٹی کے افراد بھی یہی تصور کرتے ہیں۔ دنیا بھر میں مسلمان خواتین بھی پیریڈز کے دوران نہ تو مسجد جا سکتی ہیں اور نہ ہی دیگر مذہبی سرگرمیاں سر انجام دے سکتی ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP
کھانا نہیں پکانا
دنیا کے کئی حصوں میں خیال کیا جاتا ہے کہ خاتون کو اس حالت میں کھانا نہیں پکانا چاہیے۔ بھارت کے کئی علاقوں میں یہ تاثر ہے کہ اگر کوئی خاتون دوران حیض اچار کو چھو لے گی تو وہ خراب ہو جائے گا۔ کچھ معاشروں میں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ ماہواری کے دوران خواتین مکھن، کریم یا مایونیز جما سکتی ہیں۔ کچھ یہ بھی سمجھتے ہیں کہ اگر کسی خاتون نے حالت حیض میں آٹے کو چھو لیا تو وہ ٹھیک طریقے سے پکے کا نہیں۔
تصویر: Reuters
گھر بدر
انڈونیشیا کے کچھ حصوں کے ساتھ ساتھ بھارت، نیپال اور نائجیریا کے کچھ قبائل بھی حیض کو ’ناپاک‘ تصور کرتے ہیں۔ یہ خواتین کو ایام مخصوصہ کے دوران گھر سے نکال دیتے ہیں اور عمومی طور پر ان بچیوں اور خواتین کو ماہواری کے دن جانوروں کے لیے بنائی گئی جگہوں پر گزارنا ہوتے ہیں۔ حالیہ عرصے میں نیپال میں کئی خواتین موسم سرما کے دوران گھر بدر کیے جانے کے باعث ہلاک بھی ہوئیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/P. Mathema
نہانا نہیں ہے
بھارت سے لے کر اسرائیل اور کئی یورپی اور جنوبی امریکی ممالک میں کہا جاتا ہے کہ خواتین کو دوران حیض نہانا نہیں چاہیے اور بال بھی نہیں دھونا چاہییں۔ یہ سمجھتے ہیں کہ یوں خواتین بانجھ ہو جائیں گی یا بیمار۔ ان خطوں میں پیریڈز کے دوران خواتین کسی سوئمنگ پول یا ساحل سمندر پر غوطہ بھی نہیں لگا سکتیں۔
تصویر: AFP/Getty Images/C. Khanna
بنو سنورو مت
’خواتین پیریڈز کے دوران بالوں کو نہ تو کاٹیں اور نہ ہی رنگیں یا سنواریں‘۔ کچھ کا یہ خیال بھی ہے کہ اگر خواتین حالت حیض میں جسم کے بال صاف کریں گی تو وہ دوبارہ زیادہ تیزی سے بڑے ہو جائیں گے۔ کچھ خواتین کو تو ناخن تراشنے یا رنگنے کی بھی ممانعت ہوتی ہے۔ وینزویلا میں مبینہ طور پر یہ کہا جاتا ہے کہ اگر کوئی خاتون دوران حیض ’بیکنی لائن‘ سے بالوں کو صاف کریں گی تو ان کی جلد کالی اور خراب ہو جائے گی۔
تصویر: Fotolia/davidevison
پودوں سے دور رہو
کچھ معاشروں میں کہا جاتا ہے کہ دوران حیض خواتین کو پودوں اور پھولوں کے قریب نہیں جانا چاہیے اور کھیتوں سے دور رہنا چاہیے۔ ان فرسودہ روایات کے مطابق اگر یہ خواتین حالت حیض میں نباتات کو چھو لیں گی تو وہ سوکھ یا مر جائیں گی۔ بھارت میں ایسی خواتین کو کہا جاتا ہے کہ وہ مقدس پھولوں کو نہ تو چھوئیں اور ہی پانی دیں۔
تصویر: DW/S. Tanha
مردوں سے دوری
دنیا کے متعدد قدامت پسند خطوں میں پیریڈز کے دوران مردوں کے ساتھ رابطوں کو ممنوع قرار دیا جاتا ہے۔ آتھوڈکس یہودی مذہب میں خواتین کا حالت حیض میں مردوں سے جنسی رابطہ ممنوع ہے۔ پیریڈز ختم ہونے کے بعد یہ خواتین روایتی طور پر نہاتی ہیں اور اس کے بعد ہی یہ سیکس کر سکتی ہیں۔ پولینڈ اور روانڈا کے کچھ حصوں میں یہ کہا جاتا ہے کہ دوران حیض کسی خاتون سے جماع مرد کی ہلاکت کا باعث ہو سکتا ہے۔
کچھ فرسودہ عقائد کے مطابق پیریڈز کے دوران ورزش یا کھیل خاتون کے جسم کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ سن دو ہزار سولہ میں چینی خاتون اسٹار پیراک فو یوناہی نے آشکار کیا تھا کہ انہوں نے حالت حیض میں ریو اولمپک مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔ اس بات نے چین میں ایک اہم شجر ممنوعہ توڑ دیا تھا اور یہ پیشرفت ایک نئی بحث کا باعث بن گئی تھی۔
تصویر: Fotolia/Brocreative
ٹیمپون استعمال نہ کرو
دنیا کے قدامت پسند ممالک اور خطوں میں پیریڈز کے دوران ٹیمپون کے استعمال کا درست خیال نہیں کیا جاتا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس کے استعمال سے خاتون کا پردہ بکارت پھٹ سکتا ہے، جو ان ممالک یا خطوں میں انتہائی شرمندگی کا باعث سمجھا جاتا ہے۔ پاکستان اور بھارت سمیت کئی قدامت پسند ممالک میں پیریڈز کے دوران ٹیمپون کے ساتھ ساتھ سینیٹری پیڈز کا استعمال بھی متنازعہ خیال کیا جاتا ہے۔