اس سال سعودی حکام نے’سمارٹ حج‘ متعارف کروایا ہے۔ زائرین کی آسانی کے لیے موبائل ایپس بنائی گئی ہیں جن کے ذریعے وہ اپنے سفر کی بہتر منصوبہ بندی کر سکتے ہیں، طبی سہولیات حاصل کر سکتے ہیں اور ان افراد کو ترجمے کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے جو عربی یا انگریزی نہیں جانتے۔ اس کے علاوہ عازمین حج ان موبائل ایپس کے ذریعے ان مقدس مقامات تک بھی با آسانی پہنچ سکتے ہیں جنہیں ڈھونڈنا بعض ذائرین کے لیے مشکل ہوتا ہے۔
کچھ عازمین حج کے لیے سعودی عرب کی چالیس ڈگری سینٹی گریڈ کی گرمی بہت زیادہ ہے جبکہ کچھ افراد اپنے بزرگوں کو وہیل چیئر پرحج کرائیں گے۔ کچھ پہلی مرتبہ اپنے گھر سے اتنی دور آئے ہیں۔ ہر مسلمان پر زندگی میں کم از کم ایک مرتبہ حج ادا کرنا واجب ہے اگر وہ اس فریضے کو ادا کرنے کی مالی اور جسمانی استطاعت رکھتا ہے۔
بہت سے مسلمانوں کے لیے مکہ پہنچ کر کعبہ کو دیکھنا کسی خواب سے کم نہیں ہوتا۔ ایک پاکستانی زائر راجہ امجد حسین نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا،’’میں اپنے جذبات بیان نہیں کر سکتا، میرے پاس الفاظ نہیں ہے، خانہ کعبہ کو دیکھنا بچپن سے میری خواہش تھی۔‘‘
حج کے موقع پر احرام پہننا ہوتا ہے۔ تمام افراد مرد یا عورتیں سب سفید لباس پہنتے ہیں۔ جس کے بعد زائرین کعبہ اور مکہ کے مشرق میں عرفات پر اپنے فرائض ادا کرتے ہیں۔ حج کا اختتام عیدالاضحیٰ کے ساتھ ہوتا ہے۔ حج کو دنیا میں سب سے بڑا مذہبی اجتماع قرار دیا جاتا ہے۔
ب ج/ ع ا (اے ایف پی)
’کریسنٹ ریٹنگ‘ اور ماسٹر کارڈ کی تیار کردہ ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ’حلال سیاحت‘ تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور آئندہ دو سال میں ’مسلم ٹریول مارکیٹ‘ کا حجم 220 بلین امریکی ڈالر تک پہنچ جائے گا۔
تصویر: Reuters/O. Orsal
’گلوبل مسلم ٹریول انڈیکس 2018‘ کے مطابق ملائیشیا 80.6 کے اسکور کے ساتھ مسلمان سیاحوں کے لیے سب سے بہترین ملک ہے۔ ملائیشیا کو حلال خوراک، عبادت کی سہولت اور مسلم عقیدے کے لوگوں کے لیے سازگار رہائش کے حوالے سے بہتر درجہ بندی ملی۔ ملائیشیا بیرون ملک جانے والے مسلمان کی تعداد کے اعتبار سے بھی دوسرے نمبر پر رہا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/Jiji Press/Y. Morishita
اس انڈیکس میں مسلمانوں کے لیے سیاحت کے اعتبار سے دوسرا بہترین ملک انڈونیشیا قرار پایا جس کا مجموعی اسکور 72.8 رہا۔ سیاحت کی غرض سے بیرون ملک سفر کرنے والے انڈونیشی مسلمان اپنی تعداد کے لحاظ سے مسلم دنیا میں چھٹے نمبر پر ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Berry
اس عالمی درجہ بندی میں انڈونیشیا کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات ہے جس کا مجموعی اسکور بھی 72.8 ہے۔ انڈونیشیا اور ملائیشیا کی نسبت ویزے کے حصول اور حلال ریستورانوں کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کو کم پوائنٹس ملے۔ یو اے ای بیرون ملک سفر کرنے والے مسلمان سیاحوں کی تعداد کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر ہے۔
تصویر: picture-alliance/Kai-Uwe Wärner
اس برس کے گلوبل مسلم ٹریول انڈیکس میں ترکی چوتھے نمبر پر ہے اور اس کا مجموعی اسکور 69.1 رہا۔ تاہم سفری سہولیات کے اعتبار سے ترکی کو سب سے زیادہ پوائنٹس دیے گئے۔ ترکی اپنے ہاں سے بیرون ملک جانے والے سیاحوں کی تعداد کے اعتبار سے بھی چوتھے نمبر پر رہا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Becker
68.7 کے مجموعی اسکور کے ساتھ اس برس سعودی عرب پانچویں نمبر ہے۔ سیاحت کے لیے موزوں ماحول کے ضمن میں سعودی عرب چھٹے جب کہ حلال خوراک اور عبادت کی سہولیات کے حوالے سے تیسرے نمبر پر رہا۔ سیاحت کے لیے بیرون ملک جانے والے مسلمان شہریوں کی تعداد کے اعتبار سے سعودی عرب دنیا بھر میں سرفہرست ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/F. Nureldine
خلیجی ملک قطر چھٹے نمبر پر ہے جس کا مجموعی اسکور 66.2 ہے۔ قطر سیاحت کے لیے بیرون ملک جانے والے مسلمان شہریوں کی تعداد کے اعتبار سے 12ویں نمبر پر ہے۔
تصویر: picture-alliance/Bildagentur-online/AGF
سنگاپور بھی 66.2 کے مجموعی اسکور کے ساتھ قطر کے ہمراہ مشترکہ طور پر چھٹے نمبر پر رہا۔ تاہم یہ امر بھی اہم ہے کہ ’حلال سیاحت‘ کے لیے موزوں سمجھے جانے والے ممالک کی ٹاپ ٹین فہرست میں سنگاپور ایسا واحد ملک ہے جہاں کی اکثریتی آبادی مسلمان نہیں ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa
آٹھویں نمبر پر بحرین ہے جس کا ’مسلم دوست سیاحت‘ کے لیے دستیاب سہولیات کے حوالے سے مجموعی اسکور 65.9 رہا۔ ماحول کے مسلم سیاحت کے لیے موزوں ہونے کے اعتبار سے بحرین دسویں نمر پر ہے۔
تصویر: picture-alliance/robertharding
خلیجی ریاست عمان 65.9 کے مجموعی اسکور کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔ سیاحت کی غرض سے دیگر ممالک کا رخ کرنے والے مسلمان شہریوں کی تعداد کے حوالے سے خلیج کی یہ ریاست 16ویں نمبر پر رہی۔
تصویر: J. Sorges
دسویں نمبر پر مراکش ہے جسے مجموعی طور پر 61.7 پوائنٹس دیے گئے۔ گزشتہ برس کے انڈیکس میں مراکش ساتویں نمبر پر تھا۔
تصویر: picture-alliance/dpa
مسلمان سیاحوں کے لیے موزوں ہونے کے حوالے سے مرتب کردہ اس انڈیکس میں پاکستان 19ویں نمبر پر ہے اور اس کا مجموعی اسکور 55.1 رہا۔ گزشتہ برس اس انڈیکس میں پاکستان 23ویں نمبر پر تھا۔ سیاحت کے لیے دیگر ممالک کا رخ کرنے والے اپنے مسلم شہریوں کی تعداد کے حوالے سے البتہ پاکستان 13ویں نمبر پر ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi