1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اطالوی وزیر خارجہ پاؤلو جینٹی لونی نئے وزیراعظم نامزد

شامل شمس
11 دسمبر 2016

اٹلی کے صدر سرجیو ماٹاریلا نے قائم مقام وزیراعظم ماتیو رینزی کے وزیر خارجہ پاؤلو جینٹی لونی کو ملک کا نیا وزیراعظم نامزد کر دیا ہے۔

Paolo Gentiloni Außenminister Italien
تصویر: Reuters/A. Bianchi

اطالوی صدر نے جینٹی لونی کو آج دوپہر ملاقات کے لیے بلایا تھا اور اِسی ملاقات میں اُن کو حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی۔ اٹلی میں ماتیو رینزی نے چار دسمبر کے روز ہونے والے دستوری ریفرنڈم میں شکست کے بعد منصبِ وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

نامزدگی کے بعد جینٹی لونی کو پہلے مرحلے میں کابینہ تشکیل دینی ہے۔ وہ اپنی کابینہ کی لسٹ کے ساتھ صدر سے دوبارہ ملاقات کرتے ہوئے نئے منصب کا حلف اٹھائیں گے۔ حلف اٹھانے کے بعد نئے وزیراعظم کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے اعتماد کا ووٹ بھی حاصل کرنا ہوتا ہے۔

اگلے چار ایام میں حلف اٹھانے کی صورت میں پاؤلو جینٹی لونی جمعرات سے برسلز میں یورپی یونین کی سمٹ میں بطور وزیراعظم شریک ہو سکیں گے۔

وزیر اعظم نامزد ہونے کے بعد جینٹی لونی کا صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ ’’ماتیو رینزی کے بنائے ہوئے فریم ورک میں رہتے ہوئے‘‘ کام کریں گے اور بہت جلد حکومت سازی کا کام شروع کر دیں گے۔

 ان کا مزید کہنا تھا، ’’میں جانتا ہوں کہ اٹلی کو جلد ایک با اختیار حکومت کی اشد ضرورت ہے۔‘‘

باسٹھ سالہ نامزد وزیر اعظم رینزی کی ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک اہم رکن ہیں۔

ماتیو رینزیتصویر: picture-alliance/dpa/A. di Meo

ریفرنڈم کے نتیجے میں ناکامی

رخصت ہونے والے وزیر اعظم رینزی کی انتظامیہ  کی جانب سے جو آئینی اصلاحات تجویز کی گئی تھیں ان کے مطابق اٹلی کی سینیٹ کے ممبران کی تعداد 315 سے کم کر کے 100 کی جانا تھی، جس سے سینیٹ کے اختیارات کم ہو جاتے۔ رینزی کو توقع تھی کہ اس اقدام سے ملک میں قانون سازی کی راہ میں حائل رکاوٹیں کم ہو جاتیں اور فیصلہ سازی کے عمل میں تیزی سے ملک ترقی کی راہ پر گام زن ہوتا۔ دوسری جانب رینزی کے مخالفین کا کہنا تھا کہ اگر مجوزہ آئینی اصلاحات منظور کر لی جاتیں تو وزیر اعظم کے اختیارات میں بہت اضافہ ہو جاتا۔

ماتیو رینزی کے استعفے کے اعلان کے بعد یورو زون کی مشترکہ کرنسی یورو کی قدر گزشتہ 20 ماہ کے دوران کی کم ترین سطح تک گِر  چکی ہے۔ ڈالر کے مقابلے میں یورو کی قدر 1.4 فیصد کمی کے بعد ایک یورو کی قیمت 1.0505 ڈالرز تک پہنچ گئی، تاہم فیصلے کے کچھ دیر بعد نسبتاً استحکام آنے کے بعد یہ قیمت 1.0555 ہو گئی۔ یورو کی قدر میں یہ کمی مارچ 2015ء کے بعد سے کم ترین سطح تھی جب ایک یورو کی قیمت 1.0457 ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں