1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سفر و سیاحتکینیا

افریقی جھیلوں کی سطح بڑھنے سے لم ڈھینگ متاثر

13 اپریل 2024

تحقیق کے مطابق افریقہ میں جھیلوں کی سطح میں اضافے سے فلیمنگوز یا لم ڈھینگ کو خوراک کی قلت کا سامنا ہے، جس کا نتیجہ جھیلوں کی رونق سمجھے جانے والے اس پرندے کی بقا کو خطرات کی صورت میں برآمد ہو گا۔

Kenia | Drone Photo Awards 2023 | Gewinner
تصویر: Thomas Vijayan

دنیا بھر میں فلیمنگوز کی کل آبادی کا تین چوتھائی مشرقی افریقہ میں رہتا ہے اور ایک ملین سے زائد لم ڈھینگ وہاں موجود مختلف جھیلوں پر خوراک کے لیے جمع ہو سکتے ہیں۔ تاہم سائنسدوں کے مطابق افریقی جھیلوں کی سطح میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے وہ خصوصی الجی جو اس پرندے کی خوراک ہے، کم پید ہو رہی ہے۔ اسی وجہ سے اس پرندے کی تعداد میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔

اسپین میں حنوط شدہ نایاب جانوروں کی بڑی تعداد برآمد

شارک اور ریز مچھلی کی چار سو سے زائد اقسام معدوم ہو سکتی ہیں

اس سلسلے میں ایک تازہ مطالعاتی رپورٹ میں اس گلابی پرندے کی تعداد، جھیلوں سے تعلق اور مستقبل پر تفصیلی گفتگو کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مرکزی مصنف آیدان بیرنے کے مطابق یہ صورت حال اس گلابی رنگ کے انوکھے پرندے کو اپنے روایتی مسکن سے نکل کر غیرمحفوظ علاقوں میں خوراک کے لیے ہجرت پر مجبور کر رہی ہے۔

افریقی جھیلوں پر ان پرندوں کی بہتات ہےتصویر: Jessica Lichetzki/picture alliance/dpa

کنگز کالج لندن کے پی ایچ ڈی طالب علم بیرنے کا کہنا ہے، ''یہ پرندے کہیں اور ہجرت پر مجبور ہو سکتے ہے، مگر اس سے یہ اپنے آبائی خطے کھو دیں گے۔ ان پرندوں کے لیے یہ جھیلیں خوراک کا بنیادی منبع ہیں۔‘‘

لم ڈھینگ اپنی خصوصی چونچ کے ذریعے نمکین اور ترش پانیوں والی جھیلوں میں پیدا ہونے والی ایک مخصوص قسم کی کائی کو بہ طور خوراک استعمال کرتے ہیں۔ افریقہ میں انہیں 'سوڈا جھیلیں‘ کہا جاتا ہے۔ یہ جھیلیں زیادہ تر کینیا، تنزانیہ اور ایتھوپیا میں ہیں۔

سخت موسمی حالات کے باوجود اس خطے میں کائی اور فلیمنگوز دونوں نے اپنے آپ کو ماحول کے مطابق ڈھالا ہے۔ تاہم جھیلوں کی سطح میں غیرمعمولی اضافہ اس کائی کی پیدائش کو کم کر رہا ہے۔

ماحولیاتی آلودگی کا جنگلی حیات کے لیے ایک تحفہ

05:25

This browser does not support the video element.

محققین کے مطابق جھیلوں کی سطح میں اضافے کا براہ راست تعلق موسمیاتی تبدیلیوں سے ہے اور یہ تبدیلیاں چوں کہ غیرعمومی تیزی سے رونما ہو رہی ہیں، اس لیے جانداروں کے پاس اپنے آپ کو ان تبدیلیوں کے مطابق ڈھالنے کا موقع بھی دستیاب نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق جھیلوں کی سطح بڑھنے سے پانی میں نمک اور اساسیت کم ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے یہ مخصوص کائی متاثر ہو رہی ہے۔

ع ت، م ا (اے ایف پی)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں