افغانستان، دو لاپتہ جرمن باشندوں کی ہلاکت کی تصدیق
7 ستمبر 2011منگل کی شام جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹرویلے نے برلن میں اپنے بیان میں کہا کہ افغان صوبے پروان میں چند روز قبل لاپتہ ہو جانے والے جرمن باشندے ہلاک کر دیے گئے ہیں۔ اس سے قبل افغان حکام نے افراد کی لاشیں برآمد کی تھیں اور کہا جا رہا تھا کہ ممکنہ طور پر یہ لاپتہ ہونے والے جرمن باشندوں کی نعشیں ہیں۔
جرمن وزیرخارجہ نے بھی یہ دو نعشیں ملنے کی تصدیق کی تھی، تاہم یہ تصدیق نہیں کی تھی کہ آیا یہ واقعی لاپتہ ہو جانے والے جرمن باشندوں کی نعشیں ہیں۔
افغانستان میں امدادی سرگرمیوں پر متعین یہ جرمن باشندے افغان صوبے پروان میں کوہ پیمائی کے لیے گئے تھے، تاہم انہیں غالبا اغواﹰ کر لیا گیا۔
منگل کی شام ویسٹرویلے نے کہا ،’یہ بات اب تقریباﹰ مصدقہ ہے کہ لاپتہ ہو جانے والے دونوں جرمن باشندے ہلاک کر دیے گئے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں حتمی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ ویسٹرویلے نے ہلاک شدگان کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔
واضح رہے کہ جرمنی کے دو امدادی کارکن اگست کی 19 تاریخ کو افغان صوبے پروان میں لاپتہ ہو گئے تھے، جبکہ پیر کے روز دو افراد کی لاشیں کابل کے شمال میں پہاڑی علاقے سے ملی تھیں۔
رپورٹ: عاطف توقیر
ادارت: امجد علی