1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان: سفارتی مشنوں کی طالبان سے لڑائی روکنے کی اپیل

20 جولائی 2021

ایک ایسے وقت جب طالبان کی پیش قدمی مزید زور پکڑتی جا رہی ہے، افغانستان میں موجود دنیا کے ایک درجن سے زائد سفارتی مشنوں نے طالبان سے لڑائی روک دینے کی اپیل کی ہے۔

Katar | Friedensgespräche in Doha
تصویر: Media office of Afghanistan High Council for National Reconciliation

افغانستان میں نیٹو کے نمائندوں کے علاوہ اب پندرہ سے کم ہی سفارتی مشن کام کر رہے ہیں جنہوں نے طالبان سے حملے بند کرنے اور لڑائی روکنے دینے کی پر زور اپیل کی ہے۔ دوحہ امن مذاکرات میں فریقین کے درمیان جنگ بندی کا کوئی معاہدہ نہیں ہو پا یا تھا جس کے بعد یہ مطالبہ سامنے آیا ہے۔

گزشتہ سنیچر اور اتوار کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جو امن مذاکرات ہوئے تھے اس میں افغان حکومت اور طالبان کے نمائندوں نے شرکت کی تھی تاہم تمام کوششوں کے باوجود جنگ بندی کا کوئی معاہدہ طے نہیں پا سکا تھا۔

سفارتی مشنوں کا کیا کہنا ہے؟

افغانستان میں تقریبا ًپندرہ سفارتی مشنوں کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ''طالبان کی جانب سے ہونے والی  کارروائیاں ان کے اس دعوے کی براہ راست نفی کرتے ہیں جس کے تحت وہ تنازعات کو مذاکرات کے ذریعہ حل کرنے اور دوحہ امن عمل کی حمایت کرنے کی بات کرتے ہیں۔''

اس بیان میں مزید کہا گیا، ''عید الاضحی کے موقع پر طالبان کو بہتری کے لیے اپنے ہتھیار ڈال دینے چاہیں اور دنیا کو یہ بتانا چاہیے کہ وہ واقعی امن عمل کے تئیں پر عزم ہیں۔'' اس بیان کی دنیا کی دیگر حکومتوں کے ساتھ ساتھ امریکا، آسٹریلیا، کینیڈا، جرمنی، اور فرانس نے بھی حمایت کی ہے۔

تصویر: Media office of Afghanistan High Council for National Reconciliation

طالبان کی پیش قدمی جاری

افغانستان میں جب سے بیرونی افواج کے انخلا کا اعلان ہوا تبھی سے طالبان نے بغیر کوئی وقت ضائع کیے حکومتی فورسز پر حملوں کا سلسلہ شروع کر دیا،جو اب بھی جاری ہے۔ اس دوران طالبان نے کئی اہم علاقے حکومت سے چھین لیے ہیں اور نصف سے زائد ملک کا علاقہ اس وقت ان کے کنٹرول میں آ چکا ہے۔

گزشتہ روز ہی طالبان جنگجوؤں نے کابل کے جنوب میں صوبہ ارزگان کے دہراوؤڈ ضلعے کو اپنے قبضے میں لینے کا دعوی کیا تھا۔ طالبان صوبہ ہرات کے 17 ضلعے پہلے ہی اپنے قبضے میں لے چکے ہیں جبکہ شہر ہرات کا محاصرہ جاری ہے۔

آگے کیا ہو سکتا ہے؟

افغان حکومت کے نمائندوں اور طالبان کی سیاسی قیادت نے کہا ہے کہ وہ دوحہ امن مذاکرات کے تحت پھر جلدی ہی بات چیت کے لیے ملیں گے۔ دونوں نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ سرکاری املاک کو کوئی نقصان نہیں پہنچائیں گے۔ امریکا نے افغانستان میں اپنی بیس سالہ جنگ کے خاتمے کا اعلان کر رکھا ہے اور 31 اگست تک وہ افغانستان کو چھوڑ کر چلا جائے گا۔ 

ص ز/ ج ا (ڈی پی اے، روئٹرز)

’مذاکرات میں شامل طالبان کا فیلڈ کمانڈرز پر کنٹرول نہیں‘

09:58

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں