1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان سے افواج کا انخلا، امریکا کا روس اور چین سے اتفاق

27 اپریل 2019

امریکا افغانستان سے اپنی فوجیں نکالنا چاہتا ہے اور اب اس مقصد کے لیے اسے روس اور ایشیا کے طاقتور ملک چین کی حمایت بھی حاصل ہو گئی ہے۔ ان تینوں ممالک نے افغانستان میں امن عمل سے متعلق ایک فارمولے پر اتفاق کر لیا ہے۔

Afghanistan - US Soldaten der "Resolute Support Sustainment Brigade" beladen Helikopter
تصویر: Imago/ZUMA Press/U.S. Army

نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق چین اور روس بھی افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے عمل میں مدد فراہم کریں گے اور طالبان سے طے پانے والے ممکنہ امن معاہدے میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ افغان طالبان غیرملکی عسکریت پسندوں کو اس خطے میں خوش آمدید نہیں کہیں گے۔

طالبان کے ساتھ امن مذاکرات جاری رکھنے والے خصوصی امریکی مندوب زلمے خلیل زاد نے جمعے کے روز ماسکو میں روسی اور چینی عہدیداروں سے ملاقات کی۔ ان دو ممالک کے عہدیداروں سے اتفاق رائے کو انہوں نے ایک ’سنگ میل‘ قرار دیا ہے۔ زلمے خلیل زاد جلد ہی طالبان کے ساتھ مذاکرات کا اگلا دور شروع کرنے والے ہیں۔

ان تینوں ممالک نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ’افغان قیادت میں‘ امن عمل کی حمایت کی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے، ’’مجموعی امن عمل کے ایک حصے کے طور پر تینوں ممالک نے افغانستان سے غیر ملکی فوجیوں کی منظم اور ذمے دارانہ واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔‘‘

ان تینوں ممالک نے یہ بھی کہا ہے کہ طالبان کی طرف سے انتہا پسند گروہ داعش کا مقابلہ کرنے اور القاعدہ سے روابط توڑنے کا ’عزم‘ ظاہر کیا گيا ہے۔ جاری ہونے والے بیان کے مطابق، ’’طالبان نے یہ وعدہ کیا ہے کہ ان کے زیر کنٹرول علاقوں کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔‘‘

زلمے خلیل زاد نے اس اعلامیے کے ساتھ ساتھ ایک ہفتہ قبل لندن میں یورپی نمائندوں سے ہونے والی ایک ملاقات کا حوالہ بھی دیا، ’’افغان جنگ ختم کرنے کے لیے بین الاقوامی برادری میں اتفاق رائے بڑھتا جا رہا ہے اور اس یقین دہانی کے بارے میں بھی کہ دوبارہ افغانستان سے دہشت گردی سر نہیں اٹھائے گی۔‘‘

ان کا ٹویٹ کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے لیکن یہ اہم سنگ میل ہے۔‘‘ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کی اس طویل ترین جنگ کو جلد از جلد ختم کرنا چاہتے ہیں۔ چین اور روس کے بھی افغانستان میں اہم مفادات ہیں۔ جب سوویت یونین نے افغانستان پر حملہ کیا تھا تو سن 1979 سے 1989  تک اس کے تقریباً 14 ہزار فوجی مارے گئے تھے۔ دوسری جانب چین نے بھی افغانستان اپنی فوجی اور معاشی سرگرمیاں بڑھا رکھی ہیں۔ چین نہیں چاہتا کہ اس کے علاقے سینکیانگ کے مسلمانوں کو افغانستان سے مدد حاصل ہو۔ خلیل زاد پاکستانی اور بھارتی عہدیداروں سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کرنے والے ہیں۔

تاہم ابھی تک خطے کا صرف ایک ملک ایسا ہے، جس نے اس امن عمل کے حوالے سے امریکا پر کھل کر تنقید کی ہے اور وہ ایران ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا چند روز پہلے تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ واشنگٹن نے افغانوں کو اس امن عمل سے الگ کر دیا ہے اور وہ طالبان کو ’کنگ میکر‘ بنا رہا ہے۔

ا ا / ع س ( اے ایف پی، ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں