1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں تشدد کم کرنے کی کوشش میں ہیں، خلیل زاد

16 مئی 2020

افغانستان میں حالیہ تشدد کے واقعات نے امن کوششوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ امریکی مندوب برائے افغانستان زلمے خلیل زاد جلد ہی کابل کے ایک اور دورے پر پہنچنے والے ہیں۔

Kabul Afghanistan politische Debatte TV
تصویر: Getty Images/W. Kohsar

جنگی حالات سے دوچار ملک افغانستان میں مفاہمت کے راستے کی ایک بڑی رکاوٹ کابل حکومت اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات (انٹرا افغان ڈائیلاگ) کا شروع نہ ہونا بھی خیال کیا جا رہا ہے۔ اس مکالمت میں رکاوٹ کابل حکومت کی جانب سے پانچ ہزار طالبان قیدیوںاور کابل حکومت کے ایک ہزار اہلکاروں کی طالبان کی قید سے رہائی ہے۔ صدر اشرف غنی نے پہلے طالبان قیدیوں کی رہائی سے انکار کیا اور پھر انہوں نے ایک ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی کا پروانہ جاری کر دیا تھا۔ امریکا کے ساتھ مذاکرات میں شریک طالبان اپنے تمام قیدیوں کی رہائی کو مزید پیش رفت کے لیے ضروری قرار دیتے ہیں۔

افغانستان، حملوں میں نوزائیدہ بچوں اور ماؤں سمیت چالیس ہلاک

کورونا بحران سے بین الاقوامی تنازعات میں شدت کا خطرہ، سِپری

خصوصی امریکی مندوب برائےافغانستان زلمے خلیل زاد نے افغان صورت حال کے تناظر میں عندیہ دیا ہے کہ وہ جلد ہی انٹرا افغان ڈائیلاگ کو آگے بڑھانے کے لیے کابل کا دورہ کرنے والے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ رواں برس انتیس فروری کو طے پانے والی امریکا طالبان ڈیل کی روشنی میں انٹرا افغان مذاکرات دس مارچ کو شروع ہونے تھے لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ خلیل زاد اپنے اگلے دورے میں اسی مذاکراتی سلسلے کو بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔

افغانستان کا اگلا دورہ شروع کرنے سے قبل امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے انٹرا افغان مکالمت کے ساتھ ساتھ پرتشدد حالات میں کمی لانا بھی وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنے دورے کے دوران مذاکراتی عمل میں حائل رکاوٹوں کو ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ امریکی مندوب کے مطابق اب تک کچھ پیش رفت ضرور ہوئی ہے لیکن مزید کی بھی ضرورت ہے۔ قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلنے کے بعد اب قیدیوں کو رہا کرنا اہم ہے کیونکہ یہ وائرس جیلوں میں پھیل رہا ہے۔ خلیل زاد نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس کے خطرے نے قیدیوں کی رہائی کے معاملے کو جلد طے پانے کو سارے سیاسی منظر پر زیادہ شدت سے اجاگر کر دیا ہے۔

افغانستان میں طالبان کی قیادت میں زندگی کیسی ؟

03:50

This browser does not support the video element.

اس وقت بھی افغانستان میں ہزاروں امریکی فوجی موجود ہیں۔ یہ بھی ایک اہم بات ہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان طے پانے والی ڈیل میں کابل حکومت شامل نہیں تھی۔ امریکا اس ڈیل پر عمل درآمد کے لیے کابل حکومت پر زور ڈال رہا ہے۔ دوسری جانب حالیہ ایام کے دوران افغانستان میں پرتشدد واقعات نے خوف و ہراس کی ایک نئی لہر پیدا کر دی ہے۔ ان واقعات کے حوالے سے زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ ایسے پرتشدد حالات سے افغانستان کی داخلی صورت حال زیادہ پیچیدہ ہو جائے گی اور یہ امن ڈیل کے لیے ایک دہچکا بھی ہو گی۔

ع ح، ع ت (اے ایف پی، ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں