1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہافغانستان

افغانستان میں زلزلے کے جھٹکے، کم از کم 26 ہلاکتیں

18 جنوری 2022

افغانستان کے مغربی صوبے بدغیس میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم چھبیس افراد ہلاک ہو گئے۔ اس زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان میں زلزلہ
File Photoتصویر: QuettaVoice.com/Social Media/REUTERS

افغان حکام  کے مطابق پیر کے روز مغربی صوبے بدغیس میں زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں ضلع قادیس میں متعدد مکانوں کی چھتیں گر گئیں۔ صوبے کے ترجمان باز محمد سروری نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ زلزلے  کے باعث کم از کم چھبیس انسانی جانیں ضائع ہو گئیں۔

خواتین اور بچے ہلاک

ارضیاتی مشاہدے کے امریکی ادارے کے مطابق زلزلے کی شدت پانچ عشاریہ تین تھی۔ سروری کے  مطابق ہلاک ہونے والے چھبیس افراد میں پانچ خواتین اور چار بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بدغیس صوبے  کے ضلع موقر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے تاہم ابھی تک ہلاکتوں کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

افغانستان میں انسانی بحران

افغانستان پہلے ہی انسانی بحران  کا شکار ہے۔ گزشتہ برس اگست سے جنگ سے دوچار اس ملک کا کنٹرول طالبان نے سنبھال ہوا ہے۔ اس کے بعد سے مغربی ممالک نے افغانستان کے لیے بیرون ملک موجود مالی اثاثوں تک رسائی اور بین الاقوامی امداد روک رکھی ہے۔

افغان صوبے بدغیس کا علاقہ قادیس خشک سالی سے متاثرہ ترین علاقوں میں سے ایک ہے۔ اس علاقے کو گزشتہ بیس سالوں میں فراہم کی گئی بین الاقوامی امداد سے بھی بہت کم فائدہ پہنچا ہے۔

ہندوکش پہاڑی سلسلے میں قدرتی آفات

افغانستان میں  ہندوکش کے پہاڑی سلسلے  میں واقع علاقے اکثر زلزلے جیسی قدرتی آفات کا شکار رہتے ہیں۔ سن 2015 میں آنے والے 7.5 شدت کے طاقتور زلزلے نے پورے جنوبی ایشیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا، جس میں تقریباﹰ 280 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور زیادہ تر اموات  پاکستان  میں ہوئی تھیں۔

ع آ / ع ا (اے ایف پی، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں