1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں سلسلہ وار بم دھماکے، ستائیس افراد ہلاک

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: امجد علی4 مئی 2009

افغانستان میں مختلف پرتشدّد واقعات اور پے در پے بم دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم ستائیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں، جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔

افغانستان میں حالیہ ہفتوں کے دوران کشیدگی میں ا ضافہ ہوگیا ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

پیر کے روز ہونے والے ان بم دھماکوں میں مشرقی لغمان صوبے کے میئر بھی ہلاک کر دیے گئے ہیں۔

سڑک کے کنارے نصب ایک بم کے پھٹنے سے چار عورتوں اور دو بچّوں سمیت بارہ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ افراد زابل صوبے کے شاملوزئی ضلعے میں ایک ٹریکٹر پر سوار تھے جب وہ اس بم کا نشانہ بنے۔ شاملوزئی کے ضلعی ناظم محمّد وزیر کے مطابق یہ بم طالبان نے نصب کیا تھا۔

افغان صدر حامد کرزئی نے صدارتی انتخابات کے لیے باضابطہ طور پر اپنی رجسٹریشن کرادی ہےتصویر: AP

ایک اور واقعے میں طالبان عسکریت پسندوں نے گھات لگا کر ایک سیکیورٹی فرم کے قافلے پر حملہ کیا، جس میں فرم کے چھ افغان سیکیورٹی گارڈز اور قریب موجود دو شہری ہلاک ہوئے۔

قبل ازیں پیر ہی کے روز لغمان کی میونسپلٹی کی عمارت کے گیٹ پر ایک نوجوان خودکش حملہ آور نے خود کو بم سے اڑا لیا، جس میں میئر سمیت سات افراد کو جان سے ہاتھ دھونا پڑے۔

افغان صدر کرزئی اور پاکستانی صدر زرداری ترک صدر عبداللہ گل کے ساتھتصویر: AP


واضح رہے کہ یہ اطلاعات زیادہ تر افغان حکّام کی جانب سے سامنے آئی ہیں اور طالبان نے ان کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

دوسری جانب پیر کو ہی افغان صدر حامد کرزئی نے صدارتی انتخابات کے لیے باضابطہ طور پر اپنی رجسٹریشن کرادی ہے۔ افغان انتخابی کمیشن نے یہ انتخابات بیس اگست کو کرانے کا اعلان کیا ہے۔

دریں اثناء حامد کرزئی امریکی صدر باراک اوباما کی جانب سے بدھ کے روز بلائے گئے پاک افغان اجلاس میں شرکت کے لیے واشنگٹن روانہ ہوگئے ہیں۔ اس اجلاس میں پاکستانی صدر آصف علی زرداری بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں امریکی صدر کی نئی افغان پالیسی زیرِ غور آئے گی۔ اس پالیسی میں افغانستان کے مسئلے کے حوالے سے پاکستان کو ایک کلیدی حیثیت حاصل ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں