افغانستان میں ہلاک ہونے والے تیس امریکی کمانڈوز کی آخری رسومات
10 اگست 2011افغان صوبے وردک میں تباہ ہونے والے امریکی ہیلی کاپٹر شنوک پر سوار تیس امریکی فوجیوں کی باقیات امریکی فوجی ایئر بیس ڈیلاویئرپہنچائی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں دو سی سترہ (C-17) طیاروں کا استعمال کیا گیا۔ ہفتہ کے روز ہلاک ہونے والے ان امریکی کمانڈوز کا تعلق انتہائی تربیت یافتہ کمانڈو گروپ سیلز (Seals) سے تھا۔
امریکی ہوائی فوجی بیس پر ہلاک فوجیوں کے احترام میں جس خصوصی فوجی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا اس میں فوجی افسران کے علاوہ اعلیٰ سیاسی اور سویلین حکام نے بھی شرکت کی۔ اس تقریب میں امریکی صدر باراک اوباما خاص طور پر شریک ہوئے۔ اوباما بغیر کسی اعلان کے ڈیلاویئر پہنچے۔ اس خصوصی یادگاری تقریب میں امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا کے علاوہ ایڈمرل مائیک مولن اور امریکی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل گیری رف ہیڈ (Gary Roughhead) بھی شریک تھے۔
امریکی صدر نے ہلاک شدگان کے احترام میں منعقدہ تقریب میں شریک ہو کر انہیں خصوصی اعزاز سے نوازا۔ وہ عنقریب ان فوجیوں کے خاندانوں سے ملاقات بھی کریں گے۔ اس خصوصی فوجی تقریب سے میڈیا کو دور رکھا گیا تھا۔ دوسری جانب امریکی فوجی ہیڈ کوارٹرز کے اعلامیے کے مطابق فوجیوں کی باقیات سے حتمی شناخت کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
وردک صوبے کے ضلع سید آباد میں طالبان کے خلاف غیر ملکی اور افغان اسپیشل فورسز کے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر کی تباہی کا واقعہ رونما ہوا تھا۔ ضلح سید آباد میں کیے گئے آپریشن میں آٹھ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
طالبان کی جانب سے ’شنوک‘ ہیلی کاپٹر کو افغان دارالحکومت کابل سے جنوب مغرب کی جانب مشرقی صوبے وردک میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا جا چکا ہے۔ وردک صوبہ مجموعی طور پر ایک انتشار زدہ صوبہ ہے اور اس کا ضلع سید آباد خاص طور پر طالبان جنگوؤں کی سرگرمیوں کا مرکز خیال کیا جاتا ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: افسر اعوان