1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں 6.3 کی شدت کا زلزلہ، کم از کم 320 افراد ہلاک

7 اکتوبر 2023

اقوام متحدہ کے مطابق مغربی افغانستان میں آج ہفتے کے روز آنے والے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 320 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی۔ سینکٹروں افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

Kaschmir Erdbeben
تصویر: SAJJAD HUSSAIN/AFP

اقوام متحدہ کا کہنا ہے مغربی افغانستان میں سات اکتوبر بروز ہفتہ آنے والے زلزلے میں کم ازکم 320افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ہرات شہر سے 40 کلومیٹر شمال مغرب میں 25 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ اس زلزلے کے بعد چار ضمنی جھٹکے بھی محسوس کیے گئے۔ اطلاعات کے مطابق مقامی وقت کے صبح 11 بجے آنے والے زلزلے کے بعد ہرات شہر کے لوگ رہائشی عمارتیں چھوڑ کر باہر نکل آئے۔ زلزلے کے جھٹکے قریب ایک گھنٹے تک وقفے وقفے سے محسوس کیے گئے۔

افغانستان: زلزے کے بعد ملبے تلے دبے افراد کی تلاش روک دی گئی

افغان طالبان کا زلزلہ متاثرین کے لیے امداد میں مداخلت نہ کرنے کا وعدہ

صوبہ ہرات کے پبلک ہیلتھ ڈائریکٹر محمد طالب شاہد نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا اس زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 78 دیگر زخمی ہوئے۔ ان کا مزید کہنا تھا، ''یہ وہ تعداد ہے جو مرکزی ہسپتال کی طرف سے سامنے آئی ہے مگر یہ حتمی تعداد نہیں ہے۔‘‘ ہیلتھ ڈائریکٹر کے مطابق، ''ہمارے پاس معلومات ہیں کہ لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔‘‘

گزشتہ برس جون میں صوبہ پکتیکا میں 5.9 کی شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ ہزارہا افراد بے گھر ہوئے تھے۔تصویر: Naveed Ali/AP Photo/picture alliance

ہرات شہر کے ایک رہائشی بشیر احمد نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ''ہم اپنے دفتر میں تھے کہ اچانک عمارت ہلنا شروع ہو گئی۔ دیواروں کا پلستر گرنے لگا اور دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ کچھ دیواریں اور عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہو گیا۔‘‘

بشیر احمد کا مزید کہنا تھا، ''میں اپنے خاندان سے رابطہ نہیں کر پا رہا، نیٹ ورک منقطع ہے، میں بہت پریشان اور خوفزدہ ہوں۔ یہ سب بہت خوفناک تھا۔‘‘

دوسری طرف افغانستان کی ہنگامی حالات سے نمٹنے والی وزارت کے ترجمان نے کہا ہے کہ 15 ہلاکتوں کی اطلاع صرف صوبہ ہرات کے ضلع زندہ جان سے ملی ہے۔

افغانستان  میں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں خصوصاﹰ ہندوکش کے پہاڑی سلسلے کے آس پاس۔ گزشتہ برس جون میں صوبہ پکتیکا میں 5.9 کی شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ ہزارہا افراد بے گھر ہوئے تھے۔

افغانستان زلزلے کے نتیجے میں 1000 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

01:10

This browser does not support the video element.

ا ب ا/ش ر (اے ایف پی، روٹئرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں