افغانستان کی ’بے بی فیکٹری‘
20 ستمبر 2018افغان صوبہ خوست میں اِس میٹرنٹی ہسپتال میں روزانہ کی بنیاد پر ساٹھ یا اس سے زائد بچے پیدا ہوتے ہیں۔ غیر سرکاری طبی تنظیم ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) کے مشاق اور ماہر ڈاکٹرز اور عملہ اپنی پوری مہارت سے ماں بننے والی خواتین کا خیال رکھتے ہیں۔ اس ہسپتال کا ریکارڈ ہے کہ ایک مرتبہ پانچ منٹ میں بچے کی ولادت کا عمل بھی مکمل کیا گیا۔
پاکستانی قبائلی علاقے کے قُرب میں قائم اس ہسپتال کو دنیا کا انتہائی متحرک و فعال ہسپتال قرار دیا جاتا ہے۔ فرانس کی غیر سرکاری طبی تنظیم کے عملے کے افراد اس ہسپتال کو ’بے بی فیکٹری‘ کے نام سے بھی پکارتے ہیں۔ اس ہسپتال میں صبح کے اوقات میں انتہائی بھیڑ رہتی ہے۔
یہ ہسپتال جس علاقے میں واقع ہے، اس میں طالبان عسکریت پسند بھی دندناتے پھرتے ہیں۔ ہسپتال میں قریب کے علاقے سے کوئی حاملہ خاتون بچے کی ولادت کے لیے آتی ہے تو اُسے کم از کم چھ گھنٹے تک ہسپتال میں رکھا جاتا ہے۔ دور دراز سے آنے والی خواتین کو بچے کی پیدائش کے بعد کم وقت کے لیے ہسپتال میں رکھا جاتا ہے اور اس تلقین کے ساتھ رخصت کیا جاتا ہے کہ وہ سورج غروب ہونے سے قبل اپنے علاقے یا گھر پہنچ جائے۔
افغانستان کے جنگی حالات کی وجہ سے ماں بننے والی خواتین کو بسا اوقات کئی ایام تک اس ہسپتال کی جانب سفر کرنا پڑتا ہے۔ زچگی کے شدید درد کے ساتھ سفر کرتی خواتین کی ہمت کی داد دینی پڑتی ہے کہ وہ اپنے بچے کی جان بچانے کے لیے سفر کی صعوبتیں برداشت کرتی ہیں۔
ہسپتال پہنچنے والی خواتین کو ایم ایس ایف کا سرخ پائجامہ پہننا لازمی ہوتا ہے اور اُس کے بعد اُن کا علاج فوری طور پر شروع کر دیا جاتا ہے۔ اس ہسپتال کا قیام سن 2013 میں لایا گیا تھا اور پہلے سال تقریباً بارہ ہزار بچوں کی ولادت ہوئی جب کہ چار برس بعد یعنی سن 2017 میں یہ تعداد دوگنا ہو کر چوبیس ہزار کے قریب پہنچ گئی۔ دنیا میں سب سے مصروف میٹرنٹی ہسپتال امریکا کا نارتھ سائیڈ ہسپتال ہے جو اٹلانٹا میں واقع ہے۔ اس ہسپتال میں ایک سال کے دوران ستائیس ہزار بچوں کی ولادت ریکارڈ کی گئی ہے۔
خوست کے ہسپتال کی اسسٹنٹ منیجر صفیہ خان کا کہنا ہے ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز کی اس سہولت میں نوزائیدہ انسانی زندگیاں بغیر کسی معاوضے کے بچائی جاتی ہیں۔ اقوام متحدہ اور عالمی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق افغانستان میں ایک لاکھ پیدا ہونے والے نوزائیدہ بچوں میں سے تقریباً چار سو کی اموات ہو جاتی ہیں۔ اس تعداد پر یقین کرنا مشکل ہے کیونکہ سن 2002 میں ایک لاکھ نوزائیدہ بچوں میں سے سولہ سو بچ نہیں سکے تھے۔ امریکی امدادی ادارے USAID کے مطابق افغانستان میں نوزائیدہ بچوں کی اموات تیرہ سو کے لگ بھگ ہیں۔