1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان سرحد کے پاس پاکستانی پوسٹوں پر حملے، چھ حملہ آور ہلاک

3 جون 2018

افغان سرحد کے قریب پاکستان کی دو سرحدی چوکیوں پر عسکریت پسندوں کے حملے میں چھ عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔ یہ بات پاکستانی فوج کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتائی گئی ہے۔

Pakistan Afghanistan Grenzschutzbeamter
تصویر: Picture alliance/AP Photo/M. Achakzai

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستانی فوج کی طرف سے آج اتوار تین جون کوجاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان میں سے ایک حملہ پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان اور دوسرا شمال مغربی قبائلی علاقے باجوڑ میں افغان سرحد کے قریب کیا گیا۔

فوجی بیان کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز نے ان حملوں کا مؤثر جواب دیا اور اس دوران چھ حملہ آور ہلاک ہوئے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان حملوں میں پیرا ملٹری فورس فرنٹیئر کور کے چار اہلکار جبکہ پاکستان ایئر فورس کا ایک اہلکار زخمی ہوئے۔

یہ حملے ان فوجی اہلکاروں پر کیے گئے جو پاکستان اور افغانستان سرحد پر باڑ لگانے میں مصروف تھے۔ پاکستانی فوج ان دنوں افغانستان کے ساتھ لگنے والی 2400 کلومیٹر طویل سرحد پر باڑ لگانے میں مصروف ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پناہ لیے ہوئے عسکریت پسند سرحد پار کر کے پاکستانی علاقے میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرتے ہیں۔

پاکستانی فوج افغانستان کے ساتھ لگنے والی 2400 کلومیٹر طویل سرحد پر باڑ لگانے میں مصروف ہے۔تصویر: Reuters/C. Firouz

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسلام آباد حکومت افغانستان پر الزام عائد کرتی ہے کہ وہ پاکستانی سرحد کے قریب افغان علاقوں میں پناہ لیے ہوئے عسکریت پسندوں کو پاکستانی علاقے میں داخل ہو کر فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔

ا ب ا / ع ق (اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں