افغان طالبان اور امریکا کے مابین امن مذاکرات آج سے قطر میں
19 فروری 2015خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اگرچہ افغان طالبان ذرائع کی طرف سے یہ بیان سامنے آ گیا ہے کہ ان کے مصالحت کاروں اور امریکی حکام کے درمیان آج جمعرات 19 فروری کو قطر میں امن بات چیت کا پہلا دور منعقد ہو گا تاہم ابھی تک امریکا یا قطر کی جانب سے ان اطلاعات پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔
افغانستان میں جاری جنگ کو مفاہمتی مذاکرات کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش قبل ازیں بھی ہو چکی ہیں مگر یہ کوششیں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ تاہم مذاکرات کا تازہ مرحلہ افغانستان کے نئے صدر اشرف غنی کے لیے امید کے نئے در کھول سکتا ہے اور کئی دہائیوں سے جنگی حالات سے دوچار ملک افغانستان کے لیے امن و استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔
افغان طالبان کے ایک سینیئر رکن نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو قطر سے ٹیلی فون پر بتایا، ’’مذاکرات کا پہلا مرحلہ آج قطر میں ہو گا، جس کے بعد جمعے کو دوسرا دور ہو سکتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہو گا کہ اس مرتبہ کیا نتائج نکلتے ہیں کیونکہ ماضی میں اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا تھا۔‘‘
روئٹرز کے مطابق پاکستان فوج کے ایک سینیئر اہلکار نے قبل ازیں آج جمعرات ہی کے روز کہا تھا کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے رواں ہفتے اپنے دورہ ِکابل میں صدر اشرف غنی کو بتایا تھا کہ طالبان مذاکرات شروع کرنے کے خواہش مند ہیں اور یہ عمل مارچ میں شروع ہو سکتا ہے۔
جنرل راحیل شریف سے قربت رکھنے والے اس اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا، ’’انہوں نے خواہش ظاہر کی ہے اور اس حوالے سے پیشرفت مارچ میں ہو گی، تاہم یہ چیزیں اتنی آسان اور فوری نہیں۔‘‘ اس اہلکار کا مزید کہنا تھا، ’’مگر اشارے بڑے واضح ہیں... اور ہم نے یہ چیز افغان حکام تک پہنچا دی ہے۔‘‘
افغان طالبان نے قطر میں اپنا دفتر جون 2013ء میں قائم کیا تھا، جسے ممکنہ امن معاہدے کی جانب پہلا قدم قرار دیا گیا تھا تاہم اس وقت کے افغان صدر حامد کرزئی کی جانب سے اعتراض کے بعد اس دفتر کو ایک ماہ بعد بند کر دیا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پاکستان میں موجود طالبان کے ایک سینیئر رہنما کے حوالے سے بتایا ہے، ’’افغان طالبان کی سپریم کونسل کے پانچ ارکان، طیب آغا کی سربراہی میں امریکی حکام کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔‘‘
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی مذاکرات کی اطلاعات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر میں موجود وفد مزید تفصیلات جاری کرے گا۔