افغان طالبان کا پڑوسی ملک ایران میں امن مذاکرات کا آغاز
31 دسمبر 2018
افغان طالبان اور ایرانی حکام کے مابین تازہ امن مذاکرات ہوئے ہیں۔ تہران میں ہونے والی یہ میٹنگ ایسے وقت میں ہوئی ہے جب رپورٹوں کے مطابق واشنٹگن حکام افغانستان سے سات ہزار امریکی فوجی واپس بلانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
اشتہار
ایران کی وزارت خارجہ نے آج پیر کے روز بتایا ہے کہ طالبان کے وفد اور ایرانی نائب وزیر خارجہ کے درمیان تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ یہ ملاقات اتوار کے روز تہران میں ہوئی۔ ملکی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ان مذاکرات کا مقصد افغان گروہوں اور ایرانی حکومت کے درمیان بات چیت کو آسان بنانے میں سہولت دینا تھا۔
ایرانی حکام کی افغان طالبان کے ساتھ ملاقات کا اعلان اُن رپورٹوں کے منظر عام آنے کے دو ہفتے سے بھی کم عرصے میں ہوا جن میں بتایا گیا تھا کہ امریکا افغانستان میں موجود اپنی عسکری طاقت کا تقریباﹰ نصف یعنی سات ہزار فوجی واپس بلا رہا ہے۔
افغانستان میں تعینات ایک امریکی کمانڈر نے اتوار کے روز کہا تھا کہ سات ہزار امریکی فوجیوں کی واپسی امن معاہدے میں طالبان کی دلچسپی کو کم کر دے گی۔ تاہم طالبان کا موقف ہے کہ جنگ کے سترہ برس بعد بھی بین الاقوامی افواج کی افغانستان میں موجودگی قیام امن کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔
تیس دسمبر کو تہران میں افغان طالبان اور ایرانی حکام کے درمیان ملاقات مذاکرات کا دوسرا دور تھا۔ تہران میں سکیورٹی ذرائع نے گزشتہ ہفتے اس امر کی تصدیق کی تھی کہ اس سے قبل بھی فریقین کے درمیان ایسے مزاکرات ہو چکے ہیں اور آئندہ بھی جاری رہیں گے۔
ص ح / ع ا / نیوز ایجنسی
ایران پر امریکی پابندیوں کا نفاذ، کیا کچھ ممکن ہے!
ٹرمپ انتظامیہ نے ایران پر پابندیوں کے پہلے حصے کا نفاذ کر دیا ہے۔ بظاہر ان پابندیوں سے واشنگٹن اور تہران بقیہ دنیا سے علیحدہ ہو سکتے ہیں۔پابندیوں کے دوسرے حصے کا نفاذ نومبر میں کیا جائے۔
تصویر: Reuters/TIMA/N. T. Yazdi
ٹرمپ نے پابندیوں کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے
پابندیوں کے صدارتی حکم نامے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پانچ اگست کو دستخط کیے۔ ٹرمپ کے مطابق ایران پر اقتصادی دباؤ انجام کار اُس کی دھمکیوں کے خاتمے اور میزائل سازی کے علاوہ خطے میں تخریبی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے ایک جامع حل کی راہ ہموار کرے گا۔ ٹرمپ کے مطابق جو ملک ایران کے ساتھ اقتصادی رابطوں کو ختم نہیں کرے گا، اُسے شدید نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
تصویر: Shealah Craighead
رقوم کہاں جائیں گی؟
پانچ اگست کو جاری کردہ پابندیوں کے حکم نامے پر عمل درآمد سات اگست سے شروع ہو گیا ہے۔ اس پابندی کے تحت ایران کی امریکی کرنسی ڈالر تک رسائی کو محدود کرنا ہے تاکہ تہران حکومت اپنی بین الاقوامی ادائیگیوں سے محروم ہو کر رہ جائے اور اُس کی معاشی مشکلات بڑھ جائیں۔ اسی طرح ایران قیمتی دھاتوں یعنی سونا، چاندی وغیرہ کی خریداری بھی نہیں کر سکے گا اور اس سے بھی اُس کی عالمی منڈیوں میں رسائی مشکل ہو جائے گی۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Kenare
ہوائی جہاز، کاریں اور قالین
سات اگست سے نافذ ہونے والی پابندیوں کے بعد ایران ہوائی جہازوں کے علاوہ کاریں بھی خریدنے سے محروم ہو گیا ہے۔ ایران کی امپورٹس، جن میں گریفائٹ، ایلومینیم، فولاد، کوئلہ، سونا اور بعض سوفٹ ویئر شامل ہیں، کی فراہمی بھی شدید متاثر ہو گی۔ جرمن کار ساز ادارے ڈائملر نے ایران میں مرسیڈیز بینز ٹرکوں کی پروڈکشن غیر معینہ مدت کے لیے معطّل کر دی ہے۔
تصویر: picture alliance/AP Photo
جلتی آگ پر تیل ڈالنا
ایران پر پابندیوں کے دوسرے حصے کا نفاذ رواں برس پانچ نومبر کو ہو جائے گا۔ اس پابندی سے ایران کی تیل کی فروخت کو کُلی طور پر روک دیا جائے گا۔ تیل کی فروخت پر پابندی سے یقینی طور پر ایرانی معیشت کو شدید ترین دھچکا پہنچے گا۔ دوسری جانب کئی ممالک بشمول چین، بھارت اور ترکی نے عندیہ دے رکھا ہے کہ وہ توانائی کی اپنی ضروریات کے مدِنظر اس پابندی پر پوری طرح عمل نہیں کر سکیں گے۔
تصویر: Reuters/R. Homavandi
نفسیاتی جنگ
ایران کے صدر حسن روحانی نے امریکی پابندیوں کے حوالے سے کہا ہے کہ واشنگٹن نے اُن کے ملک کے خلاف نفسیاتی جنگ شروع کر دی ہے تا کہ اُس کی عوام میں تقسیم کی فضا پیدا ہو سکے۔ روحانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اپنے اتحادیوں چین اور روس پر تکیہ کرتے ہوئے اپنے تیل کی فروخت اور بینکاری کے شعبے کو متحرک رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے ایران میں امریکی مداخلت سے پہنچنے والے نقصان کا تاوان بھی طلب کیا ہے۔
یورپی یونین کی خارجہ امور کی چیف فیڈیریکا موگیرینی کا کہنا ہے کہ اُن کا بلاک ایران کے ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ تہران سن 2015 کی جوہری ڈیل کے تحت دی گئی کمٹمنٹ کو پورا نہ کرنے پر بھی شاکی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ یورپی یونین یورپی تاجروں کے تحفظ کا خصوصی قانون متعارف کرا رکھا رکھا ہے۔