1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان ٹيم پاکستانی چيلنج کے ليے تيار

9 فروری 2012

شارجہ ميں دس فروری کو پاکستان اور افغانستان کی ٹيموں کے درميان کھيلے جانے والے ايک روزہ کرکٹ ميچ کے ليے افغانی ٹيم کی انتظاميہ اور کھلاڑيوں کے حوصلے بلند دکھائی ديتے ہيں۔

تصویر: dapd

ٹيسٹ کرکٹ ميں عالمی نمبر ايک انگلينڈ کو ہرانے کےبعد پاکستانی ٹيم ان دنوں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ منگل 10 فروری کو پاکستانی ٹيم افغانستان کے خلاف اپنا پہلا بين لااقوامی ايک روزہ ميچ کھيل رہی ہے۔ شارجہ ميں کھيلے جانے والے اس ميچ ميں افغان کھلاڑی پاکستان کے خلاف اپنے جوہر دکھانے کے ليے بےتاب ہيں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ بہترين کرکٹ کھيلنے کی کوشش کريں گے۔ آئی سی سی کی جانب سے سال 2009 ميں بين لااقوامی کرکٹ کھيلنے کی اجازت ملنے کے بعد سے لے کر اب تک افغانی ٹيم اٹھارہ بين لااقوامی ايک روزہ ميچ کھيل چکی ہے۔ ليکن يہ تمام ميچ کينيڈا، اسکاٹ لينڈ، کينيا، ہالینڈ اور آئرلينڈ کے خلاف تھے۔ اب تک کھيلے جانے والے اٹھارہ ميچوں ميں سے افغان ٹيم گيارہ مرتبہ فاتح رہی ہے۔ پاکستان کے خلاف افغانستان کی ٹيم کا يہ پہلا امتحان ہو گا۔

افغان کھلاڑی اپنے جوہر دکھانے کے ليے بےتاب ہيںتصویر: Afghan Cricket Board

افغان ٹيم کے مينيجر شفيق اللہ اسٹانکزئی نے بين لااقوامی خبر رساں ادارے اے ايف پی سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’پاکستانی ٹيم کے خلاف کھيلنا ہمارے ليے ايک چيلنج کی مانند ہے ليکن ہم آخری دم تک بہترين کھيل پيش کرنے کی کوشش کريں گے۔‘‘ اسٹانکزئی کے مطابق افغانستان کی ٹيم شائقين کرکٹ کو لطف اندوز کرنے کی بھرپور کوشش کرےگی۔ انہوں نے بتايا کہ اس ميچ کے ذريعے ٹيم کا حوصلہ بلند ہو گا اور اس طرح افغان ٹيم اگلے ماہ بين لااقوامی ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے کوائيليفائنگ مقابلوں ميں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہے ۔

دوسری جانب اس ميچ کے حوالے سے پاکستانی ٹيم کے کوچ محسن خان نے کہا، ’’ افغان ٹيم کے کھیل میں بہت تیزی سے بہتری آ رہی ہے اور ہم انہيں بالکل بھی کمزور نہیں سمجھتے۔‘‘ انہوں نے مزيد کہا کہ افغانستان کے خلاف اس ميچ سے کھلاڑيوں کو انگلينڈ کے خلاف اس ماہ کی تيرہ تاريخ سے شروع ہونے والی ايک روزہ ميچوں کی سيريز کے ليے پريکٹس فراہم ہوگی۔ پاکستان نے ايک روزہ ميچوں کے ليے شاہد آفريدی اور حماد آزم کو ٹيم ميں شامل کرنے کا فيصلہ کيا ہے۔

محسن خان کا ماننا ہے کہ افغان ٹيم کے کھیل میں بہتری آ رہی ہےتصویر: DW

شارجہ ميں منتظمین اميد کر رہے ہيں کے وہاں رہائش پذیر پاکستاني اور افغان باشندوں کی ايک بڑی تعداد ميچ ديکھنے آئے گی۔

رپورٹ : عاصم سليم

ادارت: عدنان اسحاق

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں