افغان کپتان کا پاکستان کے خلاف پہلی فتح پر مسرت کا اظہار
25 مارچ 2023افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان نے پاکستان کے خلاف اپنی ٹیم کی پہلی ٹی ٹوئنٹی جیت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے چوٹی کے بلے بازوں کو اس سال کے آخر میں ورلڈ کپ سے قبل اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
راشد اور ان کی ٹیم کے ساتھیوں نے جمعہ کو شارجہ میں افتتاحی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی ایک نسبتاﹰ نئے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔
راشد الیون نے اپنی حریف شاداب الیون کو نو وکٹوں کے بدلے 92 کے مجموعی اسکور تک محدود رکھا اور اس ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد بنی نے میچ ختم ہونے سے تیرہ گیندیں قبل اپنی 38 رنز کی ناقابل شکست اننگز کے ساتھ افغان ٹیم کو فتح دلا دی۔ انہوں نے دو وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔
فتح کے بعد راشد نے کہا، "یہ جیت خوشی کی بات ہے کیونکہ ہم ہمیشہ ان کے(پاکستان) خلاف ہارے ہیں، کبھی کبھی بہت کم مارجن سے، میں اس جیت کے لیے خوش ہوں، اور ہم جیت کا تسلسل جاری رکھنے کی امید کرتے ہیں۔"
پاکستانی ٹیم کے کم مجموعے کے باوجود یہ کوئی آسان پیچھا نہیں تھا۔ افغانستان کی 27 رنز پر تین وکٹیں گر چکی تھیں لیکن پھر محمد نبی نے اپنی ٹیم کو بچایا۔
راشد نے کہا کہ ان کے ٹاپ آرڈر کو جاری تین میچوں کی سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانے اور اکتوبر-نومبر میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں اس فارم کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا، "ہمیں صرف اس سیریز کے لیے نہیں بلکہ ورلڈ کپ تک پہنچنے کے لیے بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔"
افغان کپتان کا مزید کہنا تھا، ''اب سے، ہمیں ہر گزرتے دن اور کھیل کے ساتھ کوشش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ سال کے آخر تک، جب ہم ورلڈ کپ کے لیے جائیں گے، ہمارے پاس مکمل طور پر تیار اسکواڈ ہو گا۔"
ش ر⁄ ش ح (روئٹرز)