اقتدار نہیں چھوڑوں گا، معمر قذافی
23 فروری 2011معمر قذافی کی جانب سے یہ بیان لیبیا میں گزشتہ ہفتے سے جاری سیاسی بحران کے بعد منگل کو ان کی پہلی اہم تقریر میں سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کی نظریں لیبیا پر لگی ہیں اور مظاہروں سے ’شیطان کو فائدہ‘ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے اپنے حامیوں پر زور دیا کہ وہ باہر نکلیں اور ان کے مخالفین کا مقابلہ کریں۔
قذافی نے کہا کہ انہوں نے لیبیا کو شان و شوکت کی منزلوں تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ کوئی باقاعدہ عہدہ نہیں سنبھالے ہوئے، جسے وہ چھوڑ دیں اور انقلاب کے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے ملک میں جاری بحران کی ذمہ داری ’بزدلوں اور غداروں‘ پر ڈالی اور کہا کہ وہ لیبیا کے عوام کو ’ذلیل‘ کرنا چاہتے ہیں اور ملک کو بدامنی کی جگہ ثابت کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔
اُدھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے لیبیا میں مظاہرین کے خلاف فوجی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے طرابلس حکام پر زور دیا کہ اپنے عوام کے جائز مطالبات تسلیم کریں۔ سلامتی کونسل کے اعلامیے میں لیبیا کے حالات پر گہری تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا، ’سلامتی کونسل کے ارکان تشدد اور شہریوں کے خلاف طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہیں۔‘
سلامتی کونسل نے وہاں مظاہرین کی ہلاکتوں پر بھی دُکھ کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب پیرو نے لیبیا کے ساتھ سفارتی تعلقات معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لیما حکومت نے ایک اعلامیے میں کہا کہ عوام کے خلاف تشدد روکے جانے تک لیبیا سے ہر طرح کے سفارتی تعلقات معطل کیے جا رہے ہیں۔
خبررساں اداروں کے مطابق لیبیا میں حالات تاحال کشیدہ ہیں جبکہ انسانی حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ اب تک وہاں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران تقریباﹰ تین سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
تاہم طرابلس میں پارلیمنٹ کے صدر Mohamed Zwei نے دعویٰ کیا ہے کہ لیبیا کے بیشتر بڑے شہروں میں حالات پر قابو پا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور فوج نے اپنی پوزیشنیں پھر سے حاصل کر لی ہیں۔ انہوں نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ مظاہروں کی تفتیش کے لیے ایک تفتیشی کمیشن قائم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ موجودہ حالات میں اصلاحات پر بات چیت کے لیے پارلیمنٹ کے اجلاس منعقد نہیں کیے جا سکتے۔
رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے
ادارت: امتیاز احمد