1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اقوام متحدہ، شامی اپوزيشن کی اميد کا مرکز

30 جنوری 2012

عرب ليگ نے شام کے ليے اپنے مبصرين کے مشن کو فی الحال معطل کر ديا ہے۔ اُس کے مطابق اس کی وجہ شام ميں مظاہرين پر تشدد ميں ايک بار پھر اضافہ ہے جس کا فيصلہ صدر اسد نے کيا ہے۔

قاہرہ ميں عرب ليگ کا اجلاس
قاہرہ ميں عرب ليگ کا اجلاستصویر: Reuters

اب اس حوالے سے کسی بھی اميد کا انحصار اقوام متحدہ کی کسی ممکنہ قرارداد پر ہے، ليکن ایسی کسی قرارداد کے منظور ہونے کا دارومدار ويٹو کی طاقت رکھنے والے روس پر ہو گا۔

شامی قيادت نے عرب ليگ کے مشن کو معطل کر دينے کے فيصلے پر حيرت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ يہ ظاہر ہے کہ عرب ليگ کے بعض ممالک کو يہ بات پسند نہيں آئی کہ مبصرين کو شہريوں اور سکيورٹی فورسز پر حملے کرنے والے مسلح گروپوں کے بارے ميں رپورٹ دينا پڑی ہے۔ شامی حکومت کے مطابق عرب ليگ کا اپنے مبصرين کے مشن کو روک دينے کا مقصد شام کے اندرونی معاملات ميں غير ملکی مداخلت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

ليکن عرب ليگ کے نائب سيکرٹری جنرل بن حيلی نے قاہرہ ميں کہا کہ ليگ شام ميں بين الاقوامی مداخلت کے خلاف ہے: ’’ہم شام ميں کسی بھی قسم کی بين الاقوامی مداخلت کی مخالفت کرتے ہيں۔ ليکن ہم يہ چاہتے ہيں کہ بين الاقوامی برادری شام ميں تشدد کو روکنے کے ليے عربوں کی داخلی کوشش ميں مدد دے۔ ہم يہ نہيں چاہتے کہ يہ کوششيں غير عرب ہاتھوں ميں چلی جائيں۔‘‘

عرب ليگ کے مبصرين شام ميںتصویر: REUTERS

شامی اپوزيشن کے بعض حلقوں نے عرب ليگ کے فيصلے کا خير مقدم کيا ہے۔ شامی قومی کونسل کے نمائندے سمير ناصر نے استنبول منعقدہ ايک اجلاس ميں کہا کہ صدر اسد انسانوں کو ہلاک کرنے کی پاليسی جاری رکھے ہوئے ہيں اور مبصرين کو واپس بلانے کا فيصلہ صحيح وقت پر کيا گيا ہے کيونکہ يہ مبصرين يہ سمجھ چکے تھے کہ اُن کا مشن کارآمد نہيں رہا تھا۔

سمير ناصر نے کہا کہ اب اقوام متحدہ کو اسد حکومت پر دباؤ ميں اضافہ کر دينا چاہيے: ’’وقت آ گيا ہے کہ اب سلامتی کونسل اور بين الاقوامی برادری شام کے ساتھ اپنا رويہ سخت کر ديں۔ سلامتی کونسل کو اب اپنا فرض ادا کرتے ہوئے شہريوں اور انسانی حقوق کی حفاظت کرنا چاہيے۔ شام ميں انسانيت کے خلاف جرائم کيے جا رہے ہيں۔ اب ہميں سلامتی کونسل سے اميد ہے۔‘‘

حُمص ميں شامی فوجی ٹينکتصویر: dapd

اس دوران شام ميں حکومت کے مخالفين کی ہلاکت کا سلسلہ جاری ہے۔

مسلمانوں کی عالمی تنظيم او آئی سی کے سيکريٹری جنرل احسان اوغلو نے کہا ہے کہ وہ خاص طور پر سلامتی کونسل سے ايک بار پھر اپيل کرتے ہيں کہ وہ شام ميں خونريزی ختم کرانے اور شہريوں کی حفاظت کے ليے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ اُدھر برطانيہ اور فرانس کے وزرائے خارجہ نے کہا ہے کہ وہ شام ميں تشدد کو ختم کرانے کے ليے سلامتی کونسل ميں قرارداد منظور کرانے کی کوشش کے لنے نيويارک روانہ ہو رہے ہيں۔

رپورٹ: ہانس ميشائل ايہل، قاہرہ / شہاب احمد صديقی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں