اقوام متحدہ کی مندوب کا میانمار کا پہلا دورہ
16 اگست 2022پیر کو جاری ہونے والے اقوام متحدہ کے ایک بیان کے مطابق، نولین ہائزر ''بگڑتی ہوئی صورتحال اور فوری خدشات کے ساتھ ساتھ اپنے مینڈیٹ کے دیگر ترجیحی شعبوں پر توجہ مرکوز کریں گی۔‘‘ تاہم اس بیان میں یہ تفصیلات نہیں بتائی گئیں کہ وہ فوجی جنتا کی اعلیٰ قیادت میں سے کن شخصیات سے ملیں گی یا وہ سوچی سے ملنے کی کوشش کریں گی یا نہیں؟
پیر کے روز سوچی کو ایک خفیہ جنتا عدالت میں ایک اور قید کی سزا سنائی گئی، جس سے ان کی کل قید کی مدت 17 سال ہو گئی۔ اُدھر جنتا کے ایک بیان میں بھی تصدیق کی گئی ہے کہ ہائزر کا میانمار کا سفر منگل کو شروع ہو گا لیکن اس سلسلے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ ایک سفارتی ذریعے کے مطابق ہائزر سے فوج کی طرف سے تعمیر کردہ دارالحکومت نیپیدا میں ملاقاتیں متوقع ہیں۔
روہنگیا مہاجرین میانمار واپسی سے ’خوفزدہ‘
سفارتی کوششیں
اقوام متحدہ اور ایسوسی ایشن آف جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے علاقائی بلاک کی قیادت میں بحران کو حل کرنے کی سفارتی کوششوں نے بہت کم پیش رفت کی ہے، جب کہ جرنیلوں نے مخالفین کے ساتھ مشغول ہونے سے انکار کر دیا۔
ملائیشیا کے وزیر خارجہ نے منگل کو کہا، ''جرنیلوں نےقومی مفاہمت کے لیے ٹھوس اور جامع مذاکرات کے لیے آسیان رہنماؤں کی کالوں کو بار بار نظر انداز کیا۔‘‘
گزشتہ ماہ جنتا نے ایک بار پھر بین الاقوامی مذمت کو اُس وقت ہوا دی جب اس نے سوچی کی نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی پارٹی کے سابق قانون ساز فایو زیا کو انسداد دہشت گردی کے قوانین کے تحت جرائم کا مرتکب ہونے کے جرم میں پھانسی دے دی۔
اس کے جواب میں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ،بشمول جنتا اتحادی روس اور چین، نے جنتا کی غیر معمولی مذمت جاری کی۔
کسمپرسی کی حالت میں چھوڑ دیے گئے، روہنگیا مسلمان
نولین ہائزر کون ہیں؟
سنگاپور سے تعلق رکھنے والی ماہر عمرانیات نولین ہائزر کو گزشتہ سال اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے سوئس سفارت کار کرسٹین شرانر برگنر کی جگہ مقرر کیا تھا۔ شرانر برگنرنے اقوام متحدہ سے فوج کے خلاف ''انتہائی سخت اقدامات‘‘ کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور وہ میانمار کے سرکاری حمایت یافتہ میڈیا کی طرف سے مسلسل نشانہ بنی رہیں۔ میانمار میں فوجی بغاوت کے بعد سے، اس سوئس سفارت کار کو جرنیلوں نے ملک کا دورہ کرنے سے روک دیا تھا، جہاں وہ سوچی سے ملاقات کی امید کر رہی تھیں۔
دسمبر میں سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ جنتا نے ملک میں اپنا دفتر بند کر دیا ہے ''تب سے محترمہ کرسٹین شرانر برگنر کی سرگرمیاں ختم ہو گئی تھی۔‘‘ جنتا نے ابھی تک یہ نہیں کہا ہے کہ آیا وہ ہائزر کو میانمار میں دفتر کھولنے کی اجازت دے گی یا نہیں؟
ک م/ ع ت ( اے ایف پی)