1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اقوام متحدہ ہی بشارالاسد کو روک سکتی ہے، شامی باغی

29 جنوری 2012

عرب لیگ کے مبصر مشن کی شام میں سرگرمیوں کی معطّلی کے بعد اب باغیوں کی تمام امیدیں اقوام متحدہ سے وابستہ ہو گئی ہیں۔ دوسری جانب شامی فوج کی باغیوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

تصویر: AP

گزشتہ روز عرب لیگ کے مبصر مشن نے شام میں اپنی سرگرمیاں یہ کہتے ہوئے معطل کر دیں کہ ملک میں پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ بند نہیں ہو رہا۔ متعدد حلقوں کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ اب شامی صدر کو صرف اقوام متحدہ کی قرارداد کے ذریعے ہی روکا جا سکتا ہے۔ اس دوران شامی حکومت اور روس کی جانب سے مبصر مشن روکے جانے پر حیرت کا اظہار کیا گیا ہے۔ تاہم شام میں باغیوں کی قومی کونسل کے نمائندے سمیر نصر نے اس فیصلے کو سراہا ہے۔ ’’ہمیں اس فیصلے کا اندازہ تھا کیونکہ شامی صدر بشارالاسد کی جانب سے شہریوں کو ہلاک کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ساتھ ہی مبصر مشن کی کارروائیاں روکنے کا فیصلہ بالکل صحیح وقت پر کیا گیا ہے کیونکہ مبصرین کو خود بھی اندازہ ہو گیا تھا کہ ان کا یہ مشن کارآمد ثابت نہیں ہو رہا‘‘۔

مبصرین کو خود بھی اندازہ ہو گیا تھا کہ ان کا یہ مشن کارآمد ثابت نہیں ہو رہا، سمیر نصرتصویر: REUTERS

اس دوران دارالحکومت دمشق کے نواح میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں کو آزاد کرانے کے لیے شامی افواج نے کارروائی شروع کر دی ہے۔ شامی اپوزیشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ملکی افواج بھاری نفری کے ساتھ سقبا کی جانب روانہ ہو گئی ہے۔ مزید اطلاعات کے مطابق سرکاری دستے حموریہ اورکفر بطنا کے علاقوں میں داخل ہو گئے ہیں۔ اس دوران سقبا سے ایک سرگرم کارکن نے بتایا کہ علاقےمیں گھمسان کی لڑائی جاری ہے اور مسجدوں سے خون کی عطیات کی اپیلیں کی جا رہی ہیں۔ بجلی اور ایندھن کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

باغیوں کی قومی کونسل کے نمائندے سمیر نصرکے بقول وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریاں نبھائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ وقت ہے جب سلامتی کونسل اور عالمی برادری کو دمشق حکومت کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ شام میں اس وقت جرائم ہو رہے ہیں اور اب سلامتی کونسل سے ہی امیدیں ہیں۔

اسی اثناء میں عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل العربی نیویارک کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ منگل کو سلامتی کونسل کے ارکان کو شام کی صورتحال کے بارے میں آگاہی دیں گے۔ تاکہ اقوام متحدہ کا مزید تعاون حاصل کیا جا سکے اور صدر بشارالاسد پر دباؤ میں اضافہ ہو۔

نبیل العربی سلامتی کونسل کو شام کی صورتحال کے بارے میں آگاہی دیں گےتصویر: picture alliance/landov

اس دوران شامی فوج کے 28 اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ یہ اہلکار گزشتہ دنوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں ہلاک ہوئے تھے۔ شام میں حکومت کے خلاف مزاحمت اب دارالحکومت دمشق کے قریب پہنچتی جا رہی ہے۔ اس دوران عرب لیگ نے اعلان کیا ہےکہ وہ اگلے ماہ کی پانچ تاریخ کو ہونے والے اجلاس میں مبصر مشن کو مکمل طور پر واپس بلانے کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں