1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

الجزائر: معروف صحافی احسان القاضی کو پانچ سال قید کی سزا

3 اپریل 2023

صحافی احسان القاضی کو "اپنی تجارت کے لیے غیرملکی مالی امداد حاصل کرنے" کے جرم میں جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔

Ihsane El Kadi
تصویر: Christophe Ena/AP/picture alliance

الجزائرکی ایک عدالت نے اتوار کے روز معروف صحافی احسان القاضی کو پانچ سال قید کی سزا سنائی، اس میں سے دو برس کی سزا معطل رہے گی۔

حکومت کے سخت ناقد القاضی کو دسمبر میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر غیر ملکی فنڈنگ حاصل کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

الجزائر کا قانون کسی بھی شخص کو ایسے فنڈ وصول کرنے سے روکتا ہے جس کا مقصد"ریاست کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی سرگرمیوں کے لیے اکسانا" ہے۔

تین برس کے وقفے کے بعد عرب لیگ کے رہنماؤں کا اجلاس الجزائر میں

القاضی کی مغرب ایمرجنٹ نیوز ویب سائٹ اور ریڈیو ایم کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ یہ ملک میں چند ایک باقی رہ جانے والے آزاد میڈیا اداروں میں سے تھے۔

دارالحکومت الجزائر کی عدالت نے القاضی کی ویب سائٹ اور ریڈیو اسٹیشن کی ملکیت والی میڈیا کمپنی کو تحلیل کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

القاضی کے وکیل عبدالغنی بدیع نے کہا کہ وہ اس سزا کے خلاف اپیل کریں گے۔

فروری 2019 میں الجزائر کی پولیس ایک صحافی کو گرفتار کرتے ہوئےتصویر: Fateh Gudoum/picture alliance/AP Photo

الجزائر میں احتجاجی تحریک کے خلاف کارروائی

القاضی ان متعدد صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں میں سے ایک ہیں جنہیں حال ہی میں جیل بھیج دیا گیا ہے۔

جنوری میں بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں نے حکومت کے ان اقدامات کی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہیں الجزائر میں انسانی آزادیوں پر مسلسل حملہ قرار دیا تھا۔

انہوں نے حکام پر الزام لگایا کہ وہ جمہوریت نواز احتجاجی تحریک الحراک کو کچلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

الجزائر:احتجاجی تحریک دوبارہ شروع، ہزاروں مظاہرین سڑکوں پرنکل آئے

القاضی اس تحریک میں کافی سرگرم تھے، جس کے نتیجے میں ایک طویل عرصے تک عہدہ صدارت پر فائز رہنے والے عبدالعزیز بوطفلیکہ کو سن 2019 میں اقتدار چھوڑنا پڑا تھا۔

الجزائر کے بااثر ملٹری چیف صالح کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال

فروری میں انسانی حقوق کے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ میری لاولر نے الجزائر کے حکام سے سول سوسائٹی اور انسانی حقوق گروپوں کے کارکنوں کے خلاف کارروائی ختم کرنے کی اپیل کی تھی۔

رپورٹرز ودآوٹ بارڈرز(آر ایس ایف) کی سن 2022 کے پریس فریڈم انڈکس میں الجزائر 180ملکوں کی فہرست میں 134ویں نمبر پر ہے۔

آر ایس ایف کے سکریٹری جنرل کرسٹوف ڈیلوئر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ اتوار کے روز عدالت کی طرف سے القاضی کی سنائی گئی سزا "مضحکہ خیز" ہے  اور یہ صرف من گھڑت الزامات کو اجاگر کرنے کے لیے ہے۔

 ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں