1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

الیکشن کمیشن الزامات کا نوٹس لے، شہباز شریف

5 اپریل 2013

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے شریف برادران کے نام قرض نادہندگان کی فہرست میں شامل ہونے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخالفین ان کی ممکنہ فتح کے خوف سے ایک سرکاری ادارے کی آڑ میں ان پر الزامات لگا رہے ہیں۔

تصویر: DW/T. Shahzad

پاکستان میں آئندہ انتخابات میں شرکت کے خواہشمند امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری ہے،ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ امیدواروں کے معاملات کی سخت چھان بین آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کے مطابق کی جا رہی ہے، جعلی ڈگری رکھنے والے، دوہری شہریت کے حامل، یوٹیلیٹی بلوں کے ادائیگی نہ کرنے والے اور قرض ناہندگان کو سخت تشویش کا سامنا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے قومی احتساب بیورو کے حوالے سے نواز شریف اور شہباز شریف پر قرض نادہندہ ہونے کے الزامات پر شدید احتجاج کیا ہے۔

اس جماعت نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو نے شریف برادران پر لگائے گئے الزامات کی تردید نہ کی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

نواز شریفتصویر: AP

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہباز شریف نے جمعے کے روز ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وزیراعظم پاکستان نے ان کے خلاف جاری کردار کشی کی مہم کا نوٹس نہ لیا تو وہ یہ سمجھنے میں حق بجانب ہوں گے کہ کردار کشی کی ان کوششوں کو نگران حکومت کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگران وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو کا نام لے کر کہا کہ وہ اس صورتحال میں خاموش تماشائی کا کردار ادا نہ کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے میڈیا کے لیے جاری کیے گئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ منصفانہ انتخابات کے انعقاد کی کوششوں پر ایوان صدر کے اثر انداز ہونے کے امکان کو ردّ نہیں کیا جا سکتا تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انتخابات کو ملتوی کروانے کی سازش کو عوام ناکام بنا دیں گے۔

ادھر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سیکرٹری اشتیاق احمد سے جمعے کے روزشریف برادران کے خلاف نیب کی طرف سے لگائے گئے اعتراضات کے حوالے سے جب پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کے کسی بھی ادارے سے ملنے والی معلومات فوری طور پر ریٹرننگ افسروں کو بجھوائی جا رہی ہیں اور الیکشن کمیشن ریٹرننگ افسروں کے کام میں مداخلت کرنے یا ان کوکسی قسم کی ہدایت جاری کرنے کا مجاز نہیں ہے۔

پرویز مشرفتصویر: AFP/Getty Images

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو انیس سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں ۔ جبکہ حلقہ ایک سو بیس میں جمع کروائے گئے کاغذات کا فیصلہ سات اپریل کو ہوگا۔

ادھر پنجاب کے ضلع قصور کے حلقہ این اے 139سے جنرل(ر) پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کردیے گئے ہیں۔ یہاں جاوید قصوری نامی ایک وکیل نے پرویزمشرف کے کاغذات پراعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ آئین کے آرٹیکل 62 اور63 پر پورے نہیں اترتے۔

کوئٹہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق سابق صوبائی وزیر علی مدد جتک کو بھی جعلی ڈگری کیس میں دو سال قید اور دس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی گئی ہے۔ اس سے پہلے مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز امیر سمیت متعدد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جا چکے ہیں۔ دوسری طرف اے این پی کے سابق وزیر عاقل شاہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رکن اسمبلی جمشید دستی کو جعل ڈگری رکھنے پر جیل بھجوایا جا چکا ہے۔

رپورٹ: تنویر شہزاد،لاہور

ادارت: ندیم گِل

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں