امریکا:فائرنگ کا ایک اور واقعہ
16 اپریل 2021امریکا میں بندوق کے استعمال پر قانون سازی ایک بڑا سیاسی مسئلہ ہے۔ اسی ماہ کے اوائل میں امریکی صدر جو بائیڈن نے ملک میں 'گن وائیلنس‘ کے بحران پر قابو پانے کے لیے بعض اقدامات کا اعلان کیا تھا لیکن اپوزیشن نے اس کی مخالفت کی تھی۔
انڈیانا پولیس کی ترجمان جینائی کک نے جمعے کے روز نامہ نگاروں کو بتایا کہ جب پولیس جائے واقعہ پر پہنچی تو وہاں فیڈیکس کے گودام میں فائرنگ ہو رہی تھی۔
کک نے اس بات کی تصدیق کی کہ فائرنگ میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں تاہم انہوں نے اس کی تعداد بتانے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بندوق بردار بھی مرچکا ہے اور عوام کو فوری طورپر کسی طرح کا خطرہ نہیں ہے۔
فیڈیکس نے جمعے کے روز ایک بیان جاری کرکے کہا کہ وہ سرکاری حکام کے ساتھ تعاون اور مزید معلومات یکجا کرنے کے لیے مل کر کام کر رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے”ہم انڈیانا پولیس ہوائی اڈے کے قریب واقعے ہمارے فیڈایکس گودام میں فائرنگ کے افسوس ناک واقعہ سے واقف ہیں۔ تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم مصیبت کی گھڑی میں ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جو اس واقعے میں متاثر ہوئے ہیں۔"
فیڈیکس کے گودام میں کام کرنے والے ایک عینی شاہد جرمیا ملرنے وش ٹی وی کو بتایا کہ اس نے گولیوں کی آوازیں سنیں اور پھر ایک شخص کو بندوق چلاتے دیکھا۔ ملر کا کہنا تھا”میں نے ایک شخص کو دیکھا جومشین گن جیسا کوئی ہتھیار لیے ہوئے تھا، یہ شاید آٹو میٹک رائفل تھی، وہ ہرطرف فائرنگ کر رہا تھا۔"
پرمیندر سنگھ نامی ایک دیگر شخص نے ڈبلیو ٹی ٹی وی کو بتایا کہ جس وقت فائرنگ ہورہی تھی، ان کی بھانجی ایک کار میں ڈرائیور کی سیٹ پر بیٹھی تھیں۔ وہ زخمی ہوگئی ہیں۔
پرمند سنگھ کا کہناتھا”ان کے بائیں ہاتھ میں گولی لگی ہے۔ وہ ٹھیک ہیں۔ ہسپتال میں ان کا علاج چل رہا ہے۔" انہوں نے کہا کہ ان کی بھانجی کو گولی چلانے والے کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔
فائرنگ میں ہر سال چالیس ہزار افراد ہلاک
گزشتہ ماہ کے اواخر میں جنوبی کیلفورنیا میں ایک دفتر کی عمارت میں فائرنگ کے واقع میں کم ازکم چار افراد ہلاک ہوگئے تھے، ان میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔
بائیس مارچ کو کولاراڈو میں ایک دکان میں فائرنگ کے واقعے میں دس افراد مارے گئے تھے۔ اس سے ایک ہفتے قبل ہی اٹلانٹا میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے آٹھ افراد کو ہلاک کردیا تھا جس ایشیائی نسل کی چھ خواتین شامل تھیں۔
امریکا میں ہر سال فائرنگ کے واقعات میں تقریباً چالیس ہزار لوگ مارے جاتے ہیں جن میں نصف سے زیادہ تعداد خود کشی کرنے والوں کی ہوتی ہے۔
امریکا میں بندوق کے استعمال کو ریگولیٹ کرنے کا معاملہ خاصا سیاسی مسئلہ بن چکا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے اس ماہ گن وائیلنس کے بحران پر قابو پانے کے لیے چھ قوانین کا اعلان کیا تھا۔ لیکن ری پبلیکن پارٹی نے اس پر نکتہ چینی کی تھی۔ ایوان نمائندگان میں ری پبلیکن پارٹی کی سینئر رہنما کیون میک کارتھی نے اس اقدام کو ”غیر آئینی" قرا ردیا تھا۔
ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی)