1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا، افریقہ سمٹ آج ختم ہو رہی ہے

عابد حسین6 اگست 2014

سہ روزہ امریکا، افریقہ سمٹ کے دوسرے دن امریکی صدر باراک اوباما نے براعظم افریقہ کے لیے 33 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ وہ آج بدھ کے روز بھی افریقی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

USA-Afrika-Gipfel in Washington 05.08.2014
تصویر: Reuters

پینتالیس افریقی سربراہانِ مملکت و حکومت سے خطاب کرتے ہوئے باراک اوباما نے کہا کہ وہ واضح طور پر کہنا چاہتے ہیں کہ امریکا مستقبل میں افریقہ کی ترقی کا پارٹنر بننا چاہتا ہے۔ اوباما نے کہا کہ افریقہ کے لیے امریکا ایک اچھا پارٹنر ثابت ہو گا اور یہ پارٹنرشپ مساوی بنیاد پر اور طویل المدتی ہو گی۔ اوباما نے اپنے خطاب میں افریقی لیڈروں پر واضح کیا کہ امریکا اُن کے براعظم کے قدرتی وسائل پر نظر نہیں رکھنا چاہتا بلکہ وہ براعظم افریقہ کو اُس کے ٹیلنٹ اور پوٹینشل کی بنیاد پر ذخائر کا ایک عظیم منبع خیال کرتا ہے۔

امریکا، افریقہ سمٹ سے اوباما خطاب کرتے ہوئےتصویر: Reuters

امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں سہ روزہ امریکا افریقہ سمٹ کا دوسرا دن اقتصادی سرگرمیوں کا محور رہا۔ امریکی صدر اوباما نے کُل 33 بلین ڈالر کے مختلف منصوبوں کا اعلان کیا۔ اس میں بارہ بلین ڈالر افریقہ کے کمزور توانائی کے شعبے کے لیے مختص کرنے کا اعلان کیا گیا۔ توانائی سیکٹر کے لیے مختص امداد میں ورلڈ بینک اور سویڈن کی جانب سے بھی مالی معاونت شامل ہو گی۔ چودہ بلین ڈالر کی سرمایہ کاری اور سات بلین ڈالر قرضہ دیا جائے گا جو افریقہ کے لیے امریکی مصنوعات کی ایکسپورٹ کے لیے تاجروں کے لیے آسانیاں فراہم کرے گا۔ اِس کے علاوہ امریکی بزنس کمیونٹی بھی افریقی ملکوں میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔ مبصرین کے مطابق اتنی خطیر سرمایہ کاری یقینی طور پر یورپ اور چین کے لیے چیلنج بن سکتی ہے۔ گِنی کے صدر نے ایبولا وبا پر امریکا کی قومی صحت کے ادارے اور وزیر صحت سے میٹنگ کی۔

امریکی وزیر خارجہ اور ایتھوپیا کے وزیراعظمتصویر: Reuters

منگل کے روز امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے ایک مرتبہ پھر افریقی لیڈروں سے خطاب کرتے ہوئے انہیں متنبہ کیا کہ اُن کے براعظم کی اقتصادی ترقی کے راستے کی بڑی دیوار کچھ ملکوں میں فروغ پاتی انتہا پسندی ہے۔ ان کا اشارہ یقینی طور پر بوکو حرام اور الشباب کی جانب تھا۔ کیری کے مطابق براعظم افریقہ کی کثیر آبادی تیس برس سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے اور اگر انہیں اقتصادی راحت و سماجی مسرت دستیاب نہ ہو سکی، تو یہ مجموعی اقتصادی ترقی کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے افریقی لیڈروں پر زور دیا کہ وہ اپنی نوجوان نسل کو تعلیم سے آراستہ کریں کیونکہ علم انتہا پسندی کا دشمن ہے۔

منگل کی رات ہی امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں افریقی لیڈروں کے اعزاز میں عیشائیہ بھی دیا۔ ڈنر میں خاص طور پر امریکی فوڈ پیش کیا گیا۔ اس عیشائیے میں مدعو مہمانوں کی تعداد چار سو سے زائد تھی۔ اِس طرح باراک اوباما اور اُن کی اہلیہ نے سب سے بڑے ڈنر کا اہتمام کیا۔ افریقی مہمانوں کے ہمراہ نائب صدر جو بائیڈن اور سینئر اراکینِ سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان کو بھی دعوت دی گئی تھی۔ اِس تقریب میں ممتاز گلوکار لیونل رِچی نے ڈنر کے دوران اپنے فن کا بھی مظاہرہ کیا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں