1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا: اوباما واضح فرق سے صدر منتخب

7 نومبر 2012

امریکا میں 6 نومبر کو منعقدہ صدارتی انتخابات میں 51 سالہ باراک اوباما کو اگلے چار برسوں کے لیے بھی ملک کا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ اُن کے ری پبلکن حریف مِٹ رومنی نے اپنی شکست تسلیم کر لی ہے اور اوباما کو مبارکباد دی ہے۔

Obama Siegesrede
تصویر: Reuters

انتخابات کے دن تک رائے عامہ کے جائزوں میں یہی کہا جا رہا تھا کہ دونوں امیدواروں یعنی موجودہ صدر باراک اوباما اور اُن کے ری پبلکن حریف مِٹ رومنی کے درمیان کانٹے دار  مقابلہ ہو گا تاہم بالآخر پہلے سیاہ فام امریکی کے طور پر ملک کا صدر منتخب ہونے والے اوباما نے 538 الیکٹورل ووٹوں میں سے مطلوبہ 270 سے کہیں زیادہ یعنی 303 ووٹ حاصل کرتے ہوئے غیر متوقع طور پر واضح برتری کے ساتھ کامیابی حاصل کر لی ہے۔

اپنی فتح کے بعد شہر شکاگو میں جمع اپنے ہزارہا پُرجوش حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے اوباما نے امریکی قوم کو متحد کرنے کا عزم ظاہر کیا:’’آج ایک سابقہ نوآبادی کی جانب سے اپنی تقدیر اپنے ہاتھوں میں لیے جانے کے دو سو سال سے بھی زیادہ عرصے بعد اس اتحاد کی تکمیل کا کام آگے بڑھ رہا ہے۔ اور ایسا آپ لوگوں کی اُس زندہ دلی کی وجہ سے ہو رہا ہے، جس نے ہمیشہ جنگ اور مایوسی کو شکست دی ہے اور ملک کو مایوسی کی اتھاہ گہرائیوں سے نکال کر امید کی بلندیوں سے آشنا کیا ہے۔ یہ آپ کا یہ یقین ہے کہ ایک ایسے وقت میں بھی، جب ہم میں سے ہر ایک اپنے اپنے انفرادی خوابوں کی تکمیل کے لیے کوشاں ہے، ہم ایک امریکی خاندان ہیں اور ہم سب ایک قوم کے طور پر گریں اور ابھریں گے۔‘‘

اوباما کی کامیابی میں خواتین، لاطینی امریکا سے نقل مکانی کر کے آنے والے تارکین وطن اور سیاہ فام ووٹروں نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

شکست کے بعد رومنی کا اپنے مایوس حامیوں سے خطابتصویر: Reuters

ذرائع ابلاغ کی جانب سے اوباما کی کامیابی کے اعلان کے کوئی ڈیڑھ گھنٹے بعد اُن کے ری پبلکن حریف مِٹ رومنی نے بوسٹن میں اپنے مایوس حامیوں سے خطاب اور اپنی شکست تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا:’’میں نے ابھی صدر اوباما کو فون کیا ہے اور اُن کی فتح پر انہیں مبارکباد دی ہے۔ اُن کے حامی اور اُن کی انتخابی مہم چلانے والے بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔  میں سب کے لیے اور خاص طور پر صدر، خاتون اول اور اُن کی بیٹیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ امریکا کے لیے یہ بڑے چیلنجوں کا دور ہے اور میں دعا  کرتا ہوں کہ صدر ہمارے ملک کی  رہنمائی کرنے میں کامیاب ہوں گے۔‘‘

اوباما کو درپیش ان چیلنجوں میں یہ چیلنج بھی شامل ہے کہ گزشتہ چار برسوں کی طرح اُنہیں آئندہ بھی کانگریس سے قوانین منظور کروانے میں مشکلات کا سامنا کرنا ہو گا۔ کل منگل کو صدر کے ساتھ ساتھ ایوان نمائندگان کے تمام 435 ارکان اور 100 میں سے 33 سینیٹرز کا بھی انتخاب عمل میں آیا۔ تاحال نتائج کے مطابق ری پبلکنز کو آئندہ بھی ایوان نمائندگان میں اکثریت حاصل رہے گی۔

(aa/ia(dpa,reuters 

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں