1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا اور افغان طالبان کی دوحہ میں مذاکرات کی تردید

کشور مصطفیٰ19 فروری 2015

امریکا کے ساتھ ساتھ افغان طالبان کے مرکزی ترجمان نے بھی جمعرات کو اس خبر کی تردید کر دی کہ قطر میں امن مذاکرات کے سلسلے میں کوئی دو طرفہ ملاقات عمل میں آ رہی ہے۔

تصویر: Reuters

یہ دو طرفہ تردید چند طالبان رہنماؤں کی طرف سے دیے گئے اُس بیان کی نفی کرتی ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ چند ہفتوں کے اندر اندر خلیجی ریاست قطر میں امریکا اور طالبان کے نمائندے امن مذاکرات کے لیے جمع ہوں گے۔

طالبان ذرائع کی مدد سے سامنے آنے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ طالبان سپریم کونسل کے پانچ سابق ارکان جلد ہی امریکی اہلکاروں کے ساتھ افغانستان میں 13 سالہ جنگ کے وہاں قیام امن کو ممکن بنانے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ قطر میں دوبارہ شروع کریں گے۔

لیکن ان خبروں کے بعد جمعرات ہی کو امریکا میں وائٹ ہاؤس کی طرف سے کہہ دیا گیا کہ فی الحال افغان طالبان اور امریکا کے نمائندوں کے مابین قطر میں امن بات چیت کا کوئی امکان نہیں ہے۔ امریکا کی نیشنل سکیورٹی کونسل کی خاتون ترجمان نے ایک بیان میں کہا، ’’امریکا کی طالبان کے ساتھ دوحہ میں فی الحال کوئی بات چیت طے نہیں ہے۔ ہم افغانستان کی سربراہی میں جاری اُن مصالحتی کوششوں کی حمایت کرتے رہیں گے جن کے ذریعے طالبان اور افغان حکومت کو ملک میں پائے جانے والے تنازعات کے حل کے لیے آپس میں مذاکرات کرنے چاہییں۔‘‘

قطر میں قائم کیا جانے والا طالبان کا دفترتصویر: AFP/Getty Images

وائٹ ہاؤس کے اس بیان سے قبل افغان طالبان کے ایک رہنما نے ٹیلی فون پر نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا تھا کہ امریکا اور طالبان کے مابین مذاکرات کا پہلا دور آج جمعرات کو دوحہ میں ہو رہا ہے جبکہ دوسرا دور جمعے کے روز ہو گا۔

بعد ازاں طالبان کی مرکزی کمان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے بیان میں کہا کہ بعض ذرائع ابلاغ نے غیرذمہ دارانہ رپورٹیں شائع کی ہیں کہ آج ’امارت اسلامیہ افغانستان قطر میں امریکا کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کررہا ہے اور اس بارے میں ایک وفد کو بھی قطر بھیجا گیا ہے‘۔

ماضی میں طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کی متعدد کوششیں کی جا چُکی ہیںتصویر: Aamir Qureshi/AFP/Getty Images

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ مذاکرات سے متعلق افغان طالبان کی ’پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں‘ آئی اور نہ ہی طالبان کو اس بارے میں کوئی جلدی ہے۔ طالبان کے ترجمان کے بقول، ’’ہم اس دعوے کی پرزور تردید کرتے ہیں۔ قطر آفس میں کسی کے ساتھ اس قسم کی بات چیت کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔‘‘

گزشتہ برسوں کے دوران طالبان، کابل انتظامیہ اور افغان حکومت کے سب سے بڑے حامی امریکا کے مابین امن مکالمت کو دوبارہ شروع کرنے کی متعدد کوششیں کی جا چکی ہیں۔ طالبان نے 2013ء میں قطر میں اپنا ایک دفتر قائم کیا تھا، جسے امن مذاکرات کی طرف پہلا ممکنہ قدم تصور کیا جا رہا تھا۔ یہ دفتر ایک ماہ بعد ہی بند کر دیا گیا تھا۔ وجہ اُس وقت کے افغان صدر حامد کرزئی کا رویہ بنا تھا، جس سے یہ تاثر مل رہا تھا کہ قطر میں طالبان کے دفتر کی حیثیت ممکنہ طور پر کسی جلاوطن حکومت کے غیر سرکاری سفارتخانے کی سی ہوتی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں