1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا اگلے 10 سال بھی افغانستان میں

24 اپریل 2012

افغانستان اور امریکا کے مابین دفاعی شراکت کے ایک نئے مجوزہ معاہدے کے تحت امریکا سن 2014ء میں زیادہ تر غیر ملکی دستوں کے انخلاء کے بعد مزید دَس برسوں تک افغانستان کا دفاع کرنے کا پابند ہو گا۔

US Soldaten in Afghanistan
تصویر: Reuters

اس معاہدے کا مقصد ان امریکی عزائم کو واضح کرنا ہے کہ امریکا القاعدہ کے پھر سے زور پکڑنے یا افغانستان کے ہمسایہ ملک پاکستان میں موجود عسکریت پسندوں کی جانب سے کیے گئے حملے برداشت نہیں کرے گا۔

ابھی یہ مجوزہ سمجھوتہ اپنی پوری شکل میں دنیا کے سامنے نہیں آیا ہے البتہ پیر کو اس سمجھوتے کے کچھ حصے افغان پارلیمان میں پڑھ کر سنائے گئے۔ اس معاہدے کی علامتی اہمیت بہت زیادہ ہے تاہم اِس میں بہت سی چیزیں مبہم رہنے دی گئی ہیں۔ معاہدہ یہ نہیں بتاتا کہ امریکا افغان سکیورٹی فورسز کو کس قدر مالی وسائل فراہم کرے گا یا 2014ء کے بعد کتنی تعداد میں امریکی فوجی دستے بدستور اِس ملک میں تعینات رہیں گے۔

اس معاہدے پر امریکا اور افغانستان کے صدور غالباً مئی میں شکاگو میں مجوزہ نیٹو سربراہ کانفرنس کے موقع پر دستخط کریں گےتصویر: AP

جہاں تک افغانستان کا تعلق ہے، اُس کا اصرار ہے کہ 2014ء کے بعد کوئی بھی امریکی فوجی آپریشن افغان حکومت کی منظوری کے بعد ہی عمل میں آنا چاہیے اور یہ کہ امریکا افغان سرزمین کو دیگر ملکوں مثلاً پاکستان کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہیں کرے گا، جہاں طالبان، القاعدہ اور القاعدہ سے وابستگی رکھنے والے دیگر عسکریت پسند گروپوں کے ٹھکانے ہیں۔

واشنگٹن میں قائم تھنک ٹینک سینٹر فار اے نیو امیریکن سکیورٹی کے ایک سینئر فیلو اینڈریو ایگزم کے مطابق ’اصل بات یہ ہے کہ بہرحال امریکا اور اُس کے اتحادیوں کے مفادات زیادہ تر افغانوں کے مفادات سے مختلف ہیں۔ امریکا کو زیادہ دلچسپی القاعدہ کا ڈھانچہ تباہ کرنے سے ہے جبکہ افغانوں کو زیادہ دلچسپی اس بات سے ہے کہ 2014ء کے بعد امریکا اور اُس کے اتحادی ممالک افغانستان کو اقتصادی ڈھانچے اور مالی وسائل کے اعتبار سے کیا کچھ فراہم کریں گے‘۔

اس معاہدے کی تفصیلات اٹھارہ مہینوں کے پیچیدہ مذاکرات کے بعد کہیں گزشتہ اتوار کو طے ہوئی ہیں اور اس میں پہلی مرتبہ یہ بات طے کی گئی ہے کہ زیادہ تر امریکی فوجی دستوں کے واپس چلے جانے کے بعد افغانستان اور امریکا کے تعلقات کی نوعیت کیا ہو گی۔

افغان قومی مشیر سلامتی رنگین دادفر سپانتا، جنہوں نے افغانستان کی جانب سے اس معاہدے کا ابتدائی مسودہ تیار کیا ہےتصویر: DW

ایگزم کے مطابق اوباما انتظامیہ کی خواہش تھی کہ یہ معاہدہ گزشتہ موسم گرما ہی میں طے ہو جاتا لیکن افغان رہنما بالخصوص صدر حامد کرزئی 2014ء کے بعد بھی اپنے ملک میں امریکا کی فوجی موجودگی پر رضامندی سے ہچکچا رہے تھے۔ اُن کے خیال میں اس معاہدے کا طے ہو جانا اوباما انتظامیہ کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ معاہدہ افغان عوام کو یہ پیغام دے گا کہ امریکا اُنہیں تنہا نہیں چھوڑے گا۔ ساتھ ہی یہ معاہدہ طالبان اور ہمسایہ ملک پاکستان کے لیے بھی ایک انتباہ ہو گا، جو 2014ء میں امریکی دستوں کے انخلاء کے بعد طالبان کے پھر سے برسرِ اقتدار آنے اور افغانستان پر پھر سے اپنا اسٹریٹیجک کنٹرول بحال کرنے کی امید کر رہا ہے۔

اس معاہدے کا ابتدائی مسودہ افغان مشیر قومی سلامتی رنگین دادفر سپانتا اور امریکی سفیر رائن کروکر نے تیار کیا تھا۔ ابھی اس معاہدے پر مزید نظر ثانی ہونا باقی ہے، پھر اس پر امریکا اور افغانستان کے صدور اوباما اور کرزئی غالباً 20 اور 21 مئی کو شکاگو میں مجوزہ نیٹو سربراہی کانفرنس میں دستخط کریں گے۔

aa/hk (ap)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں