امریکا: بعد از انتخابات ممکنہ قانونی جنگ
6 نومبر 2012
آج چھ نومبر کے صدارتی انتخابات بھی اپنی سنسنی خیزی میں بارہ سال پہلے سن 2000ء کے اُن متنازعہ صدارتی انتخابات سے کسی بھی طرح پیچھے نہیں ہیں، جن میں بالآخر جارج ڈبلیو بُش کو ایل گور کے مقابلے پر کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
تاہم بہت سے پہلو ایسے ہیں، جن کی روشنی میں ان انتخابات کا بارہ سال پہلے کے انتخابات سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ اگرچہ اس مرتبہ دونوں امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے تاہم پھر بھی 2000ء کی طرح کے انتخابی معرکے کا امکان کم ہی ہے۔
بارہ سال پہلے جارج ڈبلیو بُش ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک فلوریڈا میں جاری رہنے والے قانونی تنازعے کے بعد 537 ووٹوں کی برتری سے صدارتی انتخابات جیت گئے تھے۔ تب انتخابات کے بعد جو افراتفری دیکھنے میں آئی تھی، اُس کے لیے نہ تو ڈیموکریٹک پارٹی پوری طرح سے تیار تھی اور نہ ہی ری پبلکن پارٹی۔ آج لیکن دونوں جماعتیں کسی بھی طرح کے قانونی تنازعے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح سے تیار ہیں۔ جان ہارڈن ینگ بارہ سال پہلے ایل گور کے وکلاء کی ٹیم میں شامل تھے۔ اُن کا کہنا ہے کہ ’ہم نے یقیناً فلوریڈا سے سبق سیکھا ہے۔ اب تمام ریاستوں میں دونوں جماعتوں کے وکلاء موجود ہیں، جو انتخابی عمل پر پوری طرح سے نظر رکھے ہوئے ہیں‘۔ ینگ کہتے ہیں کہ اب ممکنہ طور پر سامنے آنے والے تنازعات کو فوری طور پر اور موقع پر ہی حل کیا جا سکتا ہے۔
حال ہی میں شائع ہونے والی کتاب ’دی ووٹنگ وارز‘ کے مصنف اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا میں قانون کے پروفیسر رِک ہیزن کے خیال میں اگرچہ بارہ سال پہلے کے مقابلے میں انتخابات کے لیے بہتر اقتصادی ڈھانچہ موجود ہے لیکن انتخابی عمل کے حوالے سے قانونی تنازعات میں عمومی طور پر دگنے سے بھی زیادہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ وہ بتاتے ہیں کہ اب سیاسی جماعتوں کا طرز عمل پہلے کے مقابلے میں زیادہ جارحانہ ہو گیا ہے اور اُن کے ہاں معمولی فرق والے نتائج کو قبول کرنے کے لیے آمادگی بھی پہلے کے مقابلے میں بہت کم ہے۔
کئی ریاستوں میں تو انتخابات سے پہلے ہی قانونی مقدمات چل رہے ہیں، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق ری پبلکنز کی اُن کوششوں سے ہے، جن کا مقصد ووٹروں پر اپنی شناخت کے حوالے سے زیادہ سخت پابندیاں عائد کرنا ہے۔ ڈیموکریٹس ان پابندیوں کی مخالفت یہ کہتے ہوئے کر رہے ہیں کہ ان کا مقصد اُن کے ووٹروں کے لیے انتخابی عمل میں شرکت کو مشکل بنانا ہے۔
جہاں ینگ کے خیال میں اس طرح کے قانونی تنازعات کوئی مسئلہ نہیں ہیں بلکہ الٹا ایک مضبوط قانونی نظام کی عکاسی کرتے ہیں اور یوں جمہوریت کے لیے اچھے ہیں وہاں ہیزن جمہری نظام کے بارے میں تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے جانے والے سیاسی تبصروں کے نتیجے میں سڑکوں پر احتجاجی مظاہرے بھی شروع ہو سکتے ہیں۔
M.Knigge/aa/km