امریکا جانے والے مسافروں کی سکیورٹی نگرانی مزید سخت
عابد حسین
26 اکتوبر 2017
امریکی حکومتی ادارے کی ہدایت پر امریکا کا سفر کرنے والے مسافروں کی اسکریننگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق آج جمعرات چھبیس اکتوبر سے ہو گیا ہے۔
اشتہار
امریکا کے ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے اعلان کے مطابق امریکا کا سفر کرنے والے مسافروں کو زیادہ سخت تلاشی اور اسکریننگ کا سامنا کرنا ہو گا۔ امریکی ادارے نے بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔
بین الاقوامی فضائی کمپنیاں اب مسافروں کو جہاز پر سوار کرنے سے قبل اُن کے ڈیجیٹل اور الیکٹرانک اشیا و ڈیوائسز کی اسکریننگ کو مزید سخت کریں گی۔ اس کے علاوہ پرواز سے قبل ہوائی جہاز کے گرد اضافی سکیورٹی کی تعیناتی بھی شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہوائی اڈے کے اندر مسافر لاؤنجز میں سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
ٹرانسپورٹ سکیورٹی کے امریکی ادارے کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بین الاقوامی پروازوں کی سکیورٹی کو بہتر بنانا ہے تا کہ آخری وقت تک امریکا جانے والی پرواز محفوظ رہے۔ یہ اقدامات رواں برس اسی ادارے کے اُس فیصلے کے تحت ہیں، جس میں کہا گیا تھا کہ مسافروں کی تلاشی و جانچ پڑتال کا عمل جلد سخت کر دیا جائے گا۔
تجزیہ کار امریکی حکومت کے سکیورٹی اور نگرانی سے متعلق ان نئے ضوابط کو مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقی ملکوں کے بعض ہوائی اڈوں پر سامان کی اسکریننگ کی بڑی مشینیں ہٹانے کا نتیجہ بھی قرار دے رہے ہیں۔
دوسری جانب انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے امریکی فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوابازی کی سکیورٹی پر امریکی فیصلے سے مزید بوجھ بڑھے گا۔ عالمی ایسوسی ایشن کے ترجمان پیری فلنٹ کے مطابق نئے فیصلوں کے نفاذ سے ہوائی اڈوں پر کام میں اضافہ ہو گا۔
یہ بھی کہا گیا کہ امریکی ٹرانسپورٹ سکیورٹی کے ادارے کو اس سلسلے میں قدرے لچک کا بھی مظاہرہ کرنا ہو گا تا کہ پروازوں کے نظام میں تسلسل رہے اور مسافروں کو زیادہ پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ فلنٹ نے یہ بھی کہا کہ مستقبل میں ہوابازی کے شعبے میں خطرات کو کم سے کم کرنے کی پالیسی اور اقدامات کو متعارف کرنا ضروری ہو گا۔
چین میں ایغوروں کا دیس سکیورٹی اسٹیٹ میں تبدیل
چین کا کہنا ہے کہ اُسے اپنے مغربی علاقے سنکیانگ میں مسلمان انتہا پسندی کے ایک سنگین خطرے کا سامنا ہے۔ بیجنگ حکومت کا الزام ہے کہ ایغور مسلم اقلیت ہان چینی اکثریت کے ساتھ کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے۔
تصویر: Reuters/T. Peter
مغربی چینی علاقے سنکیانگ میں حفاظتی انتظامات سخت تر
چین کی قدیم شاہراہِ ریشم پر واقع شہر کاشغر میں دن میں تین بار الارم بجتا ہے اور دکاندار حکومت کی طرف سے دیے گئے لکڑی کے ڈنڈے تھامے فوراً اپنی دکانوں سے باہر نکل آتے ہیں۔ پولیس کی نگرانی میں منظم کی جانے والی ان انسدادِ دہشت گردی مشقوں کے دوران یہ دکاندار چاقو لہرانے والے فرضی حملہ آوروں کے خلاف لڑتے ہیں۔
تصویر: Reuters/T. Peter
’وَن بیلٹ، وَن روڈ پروگرام‘
ایغور نسل کا ایک شہری صحرائے تکلامکان میں امام عاصم کے مقبرے کو جانے والے راستے پر جا رہا ہے۔ کاشغر نامی شہر کو، جو پہلے ایک تاریخی تجارتی چوکی ہوا کرتا تھا، صدر شی جن پنگ کے ’وَن بیلٹ، وَن روڈ‘ نامی اُس اقتصادی پروگرام میں بھی مرکزی حیثیت حاصل ہے، جس کے ذریعے وہ چین کو ایشیا، مشرقِ وُسطیٰ اور اُس سے بھی آگے واقع خطّوں کے ساتھ جوڑ دینا چاہتے ہیں۔
چین کو ’وَن بیلٹ، وَن روڈ‘ سمٹ میں خلل کا اندیشہ
خود مختار علاقے سنکیانگ ایغور میں ایک شخص اپنی بھیڑیں چرا رہا ہے۔ چین کے بدترین خدشات میں سے ایک یہ ہے کہ کوئی بہت بڑے پیمانے کا حملہ بیجنگ میں اُس ’وَن بیلٹ، وَن روڈ‘ سمٹ کو نشانہ بنا سکتا ہے، جس میں کئی عالمی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔ علاقائی صدر مقام اُرمچی میں 2009ء میں ہونے والے نسلی ہنگاموں کے بعد سے سنکیانگ خونریز پُر تشدد واقعات کا مرکز بنا ہوا ہے۔
تصویر: Reuters/T. Peter
چین میں نسلی اقلیت
ایک خاتون صحرائے تکلامکان میں امام عاصم کے مقبرے کے قریب ایک قبر پر دعا مانگ رہی ہے۔ ایغور ترک زبان بولنے والی اقلیت ہے، جس کے زیادہ تر ارکان سنی مسلمان ہیں۔ ایغوروں کا شمار چین میں سرکاری طور پر تسلیم شُدہ پچپن اقلیتوں میں ہوتا ہے۔ اگرچہ ایغور مجموعی طور پر ایک قدرے معتدل اسلام پر عمل پیرا ہیں لیکن کچھ ایغور جا کر مشرقِ وُسطیٰ میں مسلمان ملیشیاؤں میں شامل ہو گئے ہیں۔
تصویر: Reuters/T. Peter
کمیونسٹ پارٹی کا دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم
چینی میڈیا کے مطابق کسی دہشت گردانہ حملے کا خطرہ بہت زیادہ ہے اور اسی لیے کمیونسٹ پارٹی نے بھی مسلمان انتہا پسندوں کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ مثلاً چینی حکام نے مسلمان کمیونٹی کے رسم و رواج پر کئی طرح کی پابندیاں لگا دی ہیں۔ ریاستی پراپیگنڈے کو ’رَد کرنا‘ غیر قانونی قرار دیا گیا حالانکہ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حکام اس ضابطے کو نافذ کیسے کریں گے۔
تصویر: Reuters/T. Peter
سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب
بہت سے مقامی باشندوں کے خیال میں انسدادِ دہشت گردی کی مشقیں ایک ظالمانہ سکیورٹی آپریشن کا حصہ ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ گزشتہ چند مہینوں سے سنکیانگ کے ایغور علاقوں میں یہ آپریشن تیز تر کر دیا گیا ہے اور اس کا مقصد سکیورٹی سے زیادہ بڑے پیمانے پر نگرانی کرنا ہے۔ کاشغر میں ایک دکاندار نے بتایا:’’ہماری کوئی نجی زندگی نہیں رہ گئی۔ وہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ آپ کیا کرنے والے ہیں۔‘‘
تصویر: Reuters/T. Peter
مسلمانوں کی مخصوص روایات پر پابندی
مردوں پر لگائی گئی سب سے نمایاں پابندی یہ ہے کہ وہ اپنی ’داڑھیاں غیر معمولی طور پر نہ بڑھائیں‘۔ خواتین پر نقاب پہننے کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ خاص طور پر ریلوے اسٹیشنوں اور ہوائی اڈوں جیسے عوامی مقامات میں برقعہ کرنے والی خواتین کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے اور فوراً پولیس کو مطلع کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔
تصویر: Reuters/T. Peter
سکیورٹی عملے کے چوکس ارکان
حکام نے ایسے لوگوں کے لیے انعام کا اعلان کر رکھا ہے، جو لمبی داڑھیوں والے نوجوانوں یا ایسی مذہبی روایات کی پاسداری کی اطلاع دیں گے، جس میں انتہا پسندی کا پہلو نکل سکتا ہو۔ اس طرح مخبری کا ایک باقاعدہ نظام تشکیل دیا گیا ہے۔ انسانی حقوق کے علمبردار گروپ ایسے احکامات کو ہدفِ تنقید بنا رہے ہیں۔
تصویر: Reuters/T. Peter
معیشت یا سلامتی؟
حکومت سنکیانگ میں جبر کی پالیسیاں اختیار کرنے کے الزامات کو مسترد کرتی ہے اور اُن بھاری رقوم کا ذکر کرتی ہے، جو معدنی وسائل سے مالا مال اس خطّے کی اقتصادی ترقی کے لیے خرچ کی جا رہی ہیں۔ چین کی نسلی پالیسیوں کے ایک ماہر جیمز لائی بولڈ کے مطابق سنکیانگ میں سکیورٹی کے اقدامات لوگوں اور خیالات کے بہاؤ کو روکیں گے اور یوں ’وَن بیلٹ، وَن روڈ‘ پروگرام کے خلاف جاتے ہیں۔